امام ابن جوزی کی سیرت نگاری

عبدالقدوس - ڈاکٹرمحمد شہباز

پیغمبر اسلام کے احوال کو محفوظ اور مدون کرنے کا جذبہ صدر اول ہی سے اہل اسلام کے ہاں بڑی سعادت کا باعث رہاہے۔ سیرت نگاری کا سلسلہ پہلی صدی ہجری سے لے کر تا حال بڑی عقیدت اور احترام کے ساتھ جاری ہے ۔ اس ضمن میں اولین سیرت نگار موسی بن عقبہ (141ھ) ، امام المغازی محمد بن اسحاق (150ھ) ، سید المؤر خینمحمد بن عمر الواقدی (207ھ) ، عبد الملک بن ہشام (312ھ) اور قاضی عیاض مالکی (544ھ) سے لے کر عصرحاضر کے قابل رشک سیرت نگاروں تک ایک طویل سلسلۃ الذہب ہے، جنھوں نے سیرت نگاری کے مختلف اسالیب اور مناہج اختیار کیے ہیں۔ ان اسالیب میں مفسرانہ اسلوب، محدثانہ اسلوب ، مؤرخانہ اسلوب ، فلسفیانہ اسلوب ،متصوفانہ اسلوب ، ادبی اسلوب اور حر کی اسلوب خاص طور پر قابلِ ذکر ہیں ۔ گزشتہ صدی سے سیرت نگاروں اورکتب سیرت کے تحقیقی اور تجزیاتی مطالعے کا سلسلہ شروع ہوا۔ اس سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے ان سطور میں ابن جوزی (510-597ھ) کے سیرت طیبہ ﷺپر کام کا ناقدانہ اور تجزیاتی مطالعہ پیش نظر ہے۔ اگرچہ ابن جوزی پر علوم القرآن کے حوالے سے بہت عمدہ کام ہوا ہے۔ مثلاً’’ ابن جوزی کی علوم القرآن پر مصنفات کا تحقیقی جائزہ کے موضوع پرپنچاب یونی ورسٹی میں پی ایچ ڈی کی سطح کا تحقیقی کام ہوا ہے۔ ابن جوی بحیثیت سیرت نگار’’ کے عنوان سے سرگودھا یونی ورسٹی سے عبدولقدوس (اس مقالے کے شریک مصنف) نے ایم فل سطح کا تحقیقی مقالہ تحریر کیا ہے۔ اسی طرح ناسخ و منسوخ سے متعلق ابن جوزی کے موقف پر دو ریسرچ آرٹیکل لکھے گئے ہیں۔ پنجاب یونی ورسٹی سے شائع ہونے والے تحقیقی مجلے القلم میں ایک ریسرچ آرٹیکل’’کتب طبقات اور تدوین سیرت’’ کے عنوان سے شائع ہوا ہے، جس میں ابن جوزی کی کتاب’’صفۃ الصفوۃ‘‘ کو کتب طبقات میں شامل کرتے ہوئے ، بطورماخذ سیرت بحث کی گئی ہے۔ تاہم ان کی کتاب’’الوفا باحوال المصطفیٰ’’ کے اسلوب پر کوئی قابل ذکر تحقیقی کام ہماری نظر سے نہیں گزرا۔ اس آرٹیکل میں ، تحقیق اور تجزیے کی روشنی میں یہ جاننے کی کوشش کی جارہی ہے کہ ابن جوزی نے اپنی اس کتاب میں سیرت نگاری کا کون سا منہج اختیار کیا ہے ؟ اگر محد ثانہ منہج اختیار کیا ہے ، تو وہ اس میں کس حد تک کامیاب ہوئے ہیں؟ اس ضمن میں ان کی امتیازی خصوصیات کیا ہیں ؟ وہ کون سے اسباب ہیں، جن کی بنا پر ابن جوزی پر نقد کیا گیا ہے ؟ محد ثانہ منہج اختیار کرنے والے دیگر سیرت نگاروں کے درمیان ان کا مقام کیا ہے ؟ لیکن ان امور پر بحث سے پہلے ابن جوزی اور ان کی کتب سیرت کا مختصر تعارف پیش کیا جانا ضروری معلوم ہوتاہے۔
ابن جوزی کا مختصر تعارف
امام ابن جوزی کی ولادت 510ھ میں بغداد میں ہوئی ۔ نام عبد الرحمن ، کنیت ابو الفرج اور لقب جمال الدین تھا۔ تاہم اپنے سلسلۂ نسب میں نویں پشت پر جعفر جوزی کی نسبت سے ابن جوزی معروف ہوئے۔ آپ کا سلسلۂ نسب انیسویں پشت پر خلیفہ اول حضرت ابو بکر صدیق (634ء) سے جاملتا ہے ۔ آپ نے ستاسی (87) سال کی عمر میں597ھ میں بغداد میں وفات پائی۔ ابن جوزی نے علم تفسیر میں چوٹی کے مفسر ، علم حدیث میں جلیل القدر حافظ ،علم تاریخ میں وسیع معلومات رکھنے والے مؤرخ، بے مثال سیرت نگار، حنابلہ کے مایہ ناز فقیہ ، واعظ آفاق اور عالم عراق کی حیثیت سے اپنا نام پیدا کیا ۔ آپ پہلے آدمی تھے، جنھوں نے منبر پر مجلس وعظ کے دوران قرآن کریم کی تفسیر مکمل کی۔
ابن جوزی عالم اسلام میں کثرت تصنیف کے حوالے سے معروف ہیں اور ہر موضوع پر ان کی متعدد قیمتی کتب موجودہیں۔ تاہم ان پر اوہام اور اغلاط کے حوالے سے شدید اعتراض بھی کیا گیا ہے۔ اس عیب کا سبب کثرت تصنیف ، تالیف میں جلد بازی اور نظر ثانی نہ کرنا ہے۔(5)
ابن جوزی اور سرمایہ سیرت المصطفیﷺ
ابن جوزی کو سوانح نگاری سے خاص شغف تھا۔ آپ نے نبی رحمتﷺ کی سیرت کے علاوہ حضرت عمر فاروق(644ء)، سعید ابن المسیب (94ھ) ، عمر بن عبدالعزیز (101ھ) ، حسن بصری (110ھ) ، ابراہیم بن ادہم (162ھ) ، معروف کرخی (200ھ) ، امام احمد بن حنبل (241ھ) اور دیگر کئی بزرگان دین کی سوانح پر کتب تالیف کیں ۔ سوانح نگاری کی ضرورت واہمیت اور اس سے اپنے خاص لگاؤ کا ذکر کرتے ہوئے انھوں نے’’ صید الخاطر’’ میں لکھا ہے کہ میری نظر میں فقہ کا اشتغال اور حدیث کا سماع قلب کی اصلاح کے لیے ناکافی ہے ، اس میں رقت آمیز باتوں اور سلف الصالحین کی سیرت کی آمیزش ضروری ہے ، کیونکہ ان صالح لوگوں نے نقل (قرآن و حدیث )کے مقصود کو حاصل کر لیا ہے اور اعمال کی ظاہری صورت سے ہٹ کر ان کی حقیقت اور مراد کو پالیا ہے۔
ابن جوزی کو سیرت طیبہﷺسے بھی خاص شغف اور خصوصی لگاؤ تھا۔ اس کا اندازہ اس امر سے ہوتا ہے کہ اس موضوع پر ان کی دو مستقل کتب موجود ہیں ۔ مزید یہ کہ دیگر دو کتب کے ابتدا میں سینکڑوں صفحات سیرت طبيہ ﷺسے مزین ہیں۔ ذیل میں ان کی مستقل اور جزوی طور پر سیرت طیبہﷺ پر مشتمل کتب کا مختصر تعارف پیش کیا جاتا ہے ۔(6)
الوفا بأحوال المصطفٰیﷺ
ابن جوزی کے سیرتی ادب میں اہم اور بنیادی کتاب’’الوفا بأحوال المصطفیٰ’’ ہے ۔ یہ کتاب سیرت کا ایک جامع اورمستند ذخیرہ ہے، جس میں انھوں نے سیرت طیبہ ﷺسے متعلق تمام اہم مباحث کو جمع کیا ہے۔ الوفاء کے پانچ سو(500) ابواب میں نبی رحمت ﷺکے سوانح حیات ، فضائل و مناقب ، جملہ انبیاے کرام پر فضیلت ، حلیہ مبارک، اوصاف و خصائل ، عبادات ، دلائل نبوت ، شواہد رسالت، معجزات ، غزوات ، مکاتیب اور فضائل اور درد و سلام وغیرہ کو مستند دلائل کی روشنی میں نقل کیا گیا ہے۔الوفاء کا خود مصنف کے ہاتھ سے لکھا ہوا نسخہ آج ناپید ہے ۔اسے سب سے پہلے مصطفیٰ عبدالواحد نے ایڈٹ کیا۔ ایڈیٹر نے دنیا کے مختلف کتب خانوں میں موجود کتاب کے پانچ مخطوطات کی نشان دہی کی ہے، جن میں مکتبۃ الأزہر ، المکتبۃ التيموريہ، المتحف البريطاني ، برلن اور تیونس میں الزیتونۃ شامل ہیں۔(7) ان مخطوطات میں صرفی اورنحوی غلطیاں موجود تھیں جنھیں جدید ایڈیشن میں دور کر دیا گیا ہے ۔ الوفاء کا اردو ترجمہ حامد اینڈ کمپنی لاہور سےطبع ہوا ہے۔
مولد النبی ﷺ ؍مولد العروس
سیرت طیبہﷺ پر آپ کی دوسری اہم کتاب کا نام’’ مولد النبی‘‘ ہے ۔ بعض علما سے اس کا نام’’ مولد العروس‘‘منقول ہے۔ اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ کتاب کے تین مخطوطات جو’’ جامعۃ الملک سعود ریاض‘‘میں موجود ہیں،ان پر عنوان’’ مولد النبی‘‘ لکھا ہے، لیکن محققین نے انھیں’’ مولد العروس‘‘کے مخطوطات قرار دیا ہے۔ تاہم یہ بھی خیال کیا جاتا ہے کہ دونوں مستقل کتابیں ہیں۔ البتہ ابن جوزی کے نواسے سبط ابن الجوزی (654ھ) نے مولد النبی کو امام کی تالیفات میں نقل نہیں کیا۔ کتاب کے تین مخطوطات’’ جامعۃ الملک سعود ریاض‘‘ میں موجود ہیں ۔ پہلا مخطوطہ عمرنے 1248ھ میں ، دوسرا محمد بن احمد النوبی نے1278ھ میں اور تیسرا قاسم بن احمد نے1288ھ میں لکھا۔ اس کے علاوہ بھی کتاب کے کچھ مخطوطات دیگر کتب خانوں میں پائے جاتے ہیں جن کی تعداد تقریباً سات ہے۔ لیکن سوائے ایک مخطوطے کے دیگر نامکمل ہیں۔ مولد النبی کا اردو ترجمہ’’ بیان المیلاد النبوی‘‘ کے نام سے طبع ہو چکا ہے۔ اس کتاب میں دائیں جانب عربی متن اور بائیں جانب اس کا ترجمہ ہے۔ اسی طرح’’ مولد العروس‘‘کا اردو ترجمہ عربی متن کے ساتھ’’ذکر میلاد رسول‘‘ کےنام سے چھپا ہے ۔ اس کا متن کافی حد تک پہلے مخطوطے سے مناسبت رکھتا ہے ، تاہم حیرت انگیز طور پر اکثر صفحات میں بہت زیادہ اختلاف پایا گیا ہے۔ اس لیے کہا جاسکتا ہے کہ ابن جوزی نے جو کتاب لکھی تھی ، آج وہ اپنی اصل شکل میں دستیاب نہیں ہے۔
صفة الصفوة
صفۃ الصفوۃ در حقیقت کتب طبقات سے تعلق رکھتی ہے ۔ یہ کتاب ابو نعیم اصفہانی (430ھ) کی’’حلیۃ الاولیاء وطبقات الاصفیاء‘‘ کا اختصار ہے۔ ابو نعیم اصفہانی (430ھ) نے اپنی کتاب میں سیرت طیبہﷺ کا تذکرہ شامل نہیںکیا تھا۔ چنانچہ ابن جوزی نے اس میں سیرت طیب ﷺکا اضافہ کیا، نیز کتاب کو حشو و زوائد سے پاک کیا۔ یہ کتاب روایتی اسلوب پر مبنی ہے۔ اس میں روایات کی مکمل اسناد ذکر نہیں کی گئیں ، تاہم سیرت طیبہﷺ کے سلسلے میں کتاب کو قابل اعتماد بنانے کے لیے مروی عنہ یعنی صحابی کا نام ذکر کیا ہے ۔ صفۃ الصفوۃکی تالیف میں ابن جوزی نے صحیحین، جامع ترمذی، مسند امام احمد اور واقدی کی المغازی سے خاص طور پر استفادہ کیاہے۔
تلقيح فهوم اہل الأثر في عيون التاريخ والسير
چوتھی اور آخری کتاب کا نام’’ تلقیح فھوم أہل الأثر فی عیون التاريخ والسیر‘‘ہے ۔ پہلے اس کتاب کا کچھ حصہ لندن سے تلقيح فھوم أہل الأثر في مختصر السير والأخبار‘‘کے عنوان سے 1892ء میں طبع ہوا۔ پھر مکمل کتاب دہلی سے موجودہ نام کے ساتھ 1916ء میں شائع ہوئی۔ یہ تصنیف متعدد علوم و فنون کا انسائیکلو پیڈیا ہے ۔ کتاب کی ابتدا میں ایک قابل ذکر حصہ سیرت طیبہﷺ پر مشتمل ہے ، جو بڑی جامعیت اور اختصار کو ملحوظ رکھتے ہوئے ترتیب دیا گیا ہے۔ کتاب کا یہ حصہ الگ سے اردو زبان میں ’’النبی الاطہر‘‘ کے نام سے پبلش ہو چکا ہے۔
الوفا ءبأحوال المصطفی کا اسلوب و منھج
امام ابن جوزی کی یہ چاروں کتب ہی سیرت طیبہ ﷺ کے سلسلے میں خاصی شہرت رکھتی ہیں، لیکن چوں کہ مولد النبی کا علی التعین کوئی مستند نسخہ ثابت نہیں ہے ، اسی طرح صفۃ الصفوۃ اور تلقیح فہوم اہل الأثر في عيون المغازی والسیر سیرت النبی ﷺپر مستقل اور جامع کتب نہیں ہیں، اس لیے سردست ہم صرف’’الوفا باحوال المصطفی‘‘ کے اسلوب و منہج اور امتیازی خصوصیات کو موضوع بحث بنا رہے ہیں۔ باقی کتب سے بحث اور تجزیاتی مطالعہ ایک مستقل عنوان کا متقاضی ہے جسے کسی اور موقع کے لیے اٹھا رکھتے ہیں۔
الوفا بأحوال المصطفى كا سبب تالیف
انسان کی ہر علمی کاوش کا کوئی اہم مقصد اور سبب لازمی ہوتا ہے، جس کا ذکر عام طور پر کتاب کے مقدمے میں کیا جاتا ہے۔ ابن جوزی کے پیش نظر بھی الوفاء کی تالیف کے چند ایک اہم اسباب اور مقاصد تھے۔ ابن جوزی کا خیال تھا کہ عام لوگ نبی رحمتﷺ کا محض سرسری سا تعارف رکھتے ہیں اور آپ ﷺکی حقیقی شان اور فضیلت سے ناواقف ہیں۔ اس لیے آپ نے پختہ عزم کر لیا کہ سیرت پر ایک ایسا ذخیرہ مرتب کیا جائے، جس میں آپ ﷺکے مقام و منصب ، مکمل حالات زندگی ، ثبوت رسالت اور جملہ انبیاے کرام پر آپﷺ کی فضیات کو محکم دلائل کے ساتھ بیان کیا جائے۔ چنانچہ انھوں نے اپنی کتاب کی تالیف کا مقصد درج ذیل الفاظ میں بیان کیا :
فإني رأيت خلقاً من أمتنا لا يحيطون علماً بحقيقة فضيلته فأحببت أن أجمع كتابا أشير فيه إلى مرتبته ، و أشرح حاله من بدايته إلى نهايته ، و أدرج في ذلك الأدلة على صحة رسالته وتقدمه على جميع الأنبياء في رتبتہ.(۸)
میں نے امت مسلمہ میں سے ایسے لوگوں کو دیکھا جو آپﷺکی فضیلت (اور) حقیقت سے ناواقف ہیں۔ مجھے یہ بات بھلی معلوم ہوئی کہ ایک ایسی کتاب مرتب کروں جس میں آپ کا مقام مرتبہ بیان کروں ۔ اول تا آخر آپﷺکے سوانح واضح کروں ۔ نیز ثبوت رسالت اور مرتبہ میں تمام انبیا پر تقدم پر ٹھوس دلائل درج کروں ۔
چنانچہ ابن جوزی نے اس کتاب میں نبی رحمت ﷺکی سیرت کا احاطہ کرنے کے ساتھ ساتھ ثبوت رسالت کے لیے دلائل جمع کئے ہیں اور جملہ انبیاے کرام پر آپﷺ کی فوقیت اور برتری کو ٹھوس دلائل کی روشنی میں ثابت کیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ابن جوزی کی مذکورہ کتاب فن سیرت نگاری میں ایک نئی اختراع اور جدت پسندی ہے اور سیرت طیبہﷺ کے سلسلے میں ایسی کثیر الفوائد تصنیف اس سے پہلے منظر عام پر نہیں آئی ، جو بیک وقت سیرت نبوی، دلائل نبوت، شواہد رسالت اور خصائص وغیرہ کو جامع ہو۔
اہم موضوعات
’’الو فا ءبأحوال المصطفی‘‘ محض سیرت رسول ﷺ سے بحث نہیں کرتی، جیسا کہ اس کے نام سے گمان ہونے لگتا ہے بلکہ ، اس میں مصنف علام نے احوال سیرت بیان کرنے کے ساتھ ساتھ ان اہم موضوعات اور مباحث کا بھی ذکر کیا ہے جن پر الگ الگ مستقل کتابیں لکھی جا سکتی ہیں ۔ نیز ابن جوزی سے پہلے سیرت نگاروں نے بھی ان میں سے کسی ایک پر ہی زیادہ فوکس کیا تھا۔ ابن جوزی کی خصوصیت ہے کہ انھوں نے متعدد مضامین کو اپنی کتاب کا حصہ بنایا ہے۔ لہٰذا اگر اس مختصر مطالعے میں کتاب کے موضوعات کو الگ الگ تفصیلا ذکر کرنا ممکن نہیں ، چنانچہ اختصار کے پیش نظر کتاب کے جملہ مضامین کو چھے اہم موضوعات میں سمیٹنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
سیرة رسول عربی ﷺ
‘‘الوفاء بأحوال المصطفیٰ‘‘ کا اکثر حصہ نبی رحمت ﷺ کے سوانح سے متعلق ہے۔ اس اہم موضوع کے تحت ابن جوزی نے آپ علیہ الصلوۃ والسلام کے ولادت سے قبل کے واقعات کا ذکر کیا ہے اور پھر وفات تک کے تمام احوال زندگی کو مختصر مگر بڑی جامعیت سے بیان کیا ہے۔ ابن جوزی نے اس بات کی کامیاب کوشش کی ہے کہ آں حضورﷺکی حیات مبارکہ کا کوئی پہلو تشنہ نہ رہے ۔ اسی لیے انھوں نے نبی رحمت ﷺ کا حلیہ مبارک ، عبادات و کیفیت عبادت ، عادات و سنن مبارکہ ، ورع و تقوی، لباس ، گھریلو سامان، سواریاں ، غلام اور خدام ، آرایش و زیبایش ، پسندیدہ کھانے ، مشروبات ، استراحت کے آداب ، ازدواجی زندگی ، اسفار ، غزوات اور مشاہدات کو تفصیلا بیان کیا ہے۔
شمائل رسول عربی ﷺ
ابن جوزی نے الوفا میں نبی رحمتﷺکے اخلاق اور عادات پر تفصیل سے لکھا ہے۔ آپﷺکی حسی اور معنوی صفات پر روشنی ڈالی ہے۔ نیز حیات عامہ و خاصہ میں آپ علیہ الصلوۃ والسلام کے سلوک، طرز عمل اور سنن کا تذکرہ بھی شامل ہے۔
خصائص رسول عربی ﷺ
ابن جوزی نے الوفا میں نبی رحمت ﷺ کے فضائل اور خصائص کبری پر تفصیل سے لکھا ہے ۔ انھوں نے خصوصیت سے آپ کے ان امتیازات کو کتاب کا حصہ بنایا ہے، جو اللہ تعالیٰ نے صرف آپﷺ کو عطا فرمائے تھے اور جن کی بدولت اللہ جل شانہ نے نبی رحمت ﷺکو جملہ انبیاے کرام علیھم الصلوۃ والتسلیم پر فضیلت اور برتری عطا فرمائی ہے۔
دلائل نبوت رسول عربی ﷺ
سیرت نگاروں نے اس موضوع پر مستقلا کتب تصنیف کی ہیں۔ ابن جوزی نے اس ضمن میں نبی رحمت ﷺ کے حسی اور معنوی ہر دو طرح کے معجزات کو’’ الوفاء‘‘ میں جمع کیا ہے۔ مصنف نے بڑے ہی مضبوط اور ٹھوس دلائل سے دعوائے نبوت میں نبی رحمت ﷺکی سچائی کو ثابت کیا ہے اور اس پر وارد شدہ اہم اعتراضات کا جواب بھی دیا ہے۔
تخصصات محمد ی ﷺ
ابن جوزی کی’’الوفا‘‘ میں نبی رحمتﷺ کے ان اہم اور امتیازی مناصب کا تذکرہ بھی موجود ہے، جو خداوند قدوس نے خصوصی طور پر صرف آپؑ ہی کو عطا کیے ہیں، دیگر انبیاے کرام کو ان سے سرفراز نہیں کیا گیا ۔ مثلا مقام وسیلہ ، شفاعت کبری، مقام محمود ، لواء الحمداور حوض کوثر کا عطا کیا جانا آپ کے خاص مناصب میں سے ہیں۔ اسی طرح جنت میں اولین دخول ، امت کی کثرت اور اعمال امت کی بارگاہ نبوی میں پیشی بھی نبی رحمتﷺکے ان امتیازی اوصاف میں شامل ہیں جنھیں’’ الوفاء‘‘ میں خاص اہمیت سے نقل کیا گیا ہے۔
ابواب درود و سلام
الوفا’’ میں نبی رحمت ﷺ پر درود اور سلام پڑھنے کے سلسلے میں بھی کئی باب قائم کیے گئے ہیں ، جن میں نبی رحمت ﷺ پر درود و سلام پڑھنے کی فضیلت ، باری تعالیٰ اور ملائکہ کا آپ پر درود پڑھنا، کیفیت درود و سلام ، منکرین درود شریف کے مذمت اور خواب میں نبی رحمت ﷺ کی زیارت کے متعلق عمدہ اور قیمتی مواد جمع کیا ہے۔
مذکورہ موضوعات پر ابن جوزی سے پہلے بھی یقینا سیرت نگاروں نے بہت کچھ لکھا تھا ، لیکن عمومی طور پر متقدمین نے کسی ایک عنوان کو اپنی اپنی کتاب کا موضوع تحریر بنایا تھا۔ نیز اگر کسی نے ان سب پر لکھا بھی ، تو اس قدر تفصیل اور جامعیت سے نہیں جتنا’’ الوفاء‘‘ میں لکھا گیا ہے۔ اس لیے یہ کہا جاسکتا ہے کہ سب سے پہلے ان تمام موضوعات کو ایک ہی کتاب میں حسن ترتیب ، جامعیت اور تفصیل کے ساتھ زیور تحریر سے آراستہ کرنے کا امتیاز اور سہرا امام ابن جوزی ہی کے سر ہے۔
الوفا بأحوال المصطفی کے محاسن اور امتیازی خصوصیات
’’الوفا ءبأحوال المصطفیٰ‘‘ کی نمایاں خوبی اس کا سلیس ، سادہ ، مختصر اور انتہائی عام فہم تحریری اسلوب ہے۔ کتاب کی یہ خوبی سیرت النبیﷺ پر لکھی گئی سابقہ کتب سیرت سے اسے ممتاز کر دیتی ہے ۔ ابن جوزی نے مشکل الفاظ اور پیچیدہ تراکیب کے استعمال سے اجتناب کیا ہے۔ تشبیہات اور استعارات کی دقیق زبان استعمال کرنے سے بھی احتراز کیا ہے۔ نیز ادب سیرت سے انتہائی دقیق اور عمیق نکات اخذ کر کے قاری کو بیجا کوفت اور الجھن میں نہیں ڈالا۔ لہذا عوام و خواص کے لیےاس کتاب سے استفادہ کرنا انتہائی آسان ہو گیا ہے۔
ابن جوزی نے ’’الوفا‘‘ میں اختصار کو ملحوظ رکھا ہے اور غیر ضروری تفاصیل کو نقل کرنے سے مکمل طور پر کنارہ کش رہے ہیں۔ قارئین کی اکتاہت کے پیش نظر اور کتاب کو مختصر کرنے کےلیے احادیث و اخبار کی اسانید کو حذف کر دیا ہے۔ اسی طرح ایجاز کی خاطر اشعار کو بھی شاذ و نادر ہی کہیں ذکر کیا ہے۔ اس کے علاوہ کتاب کو غیر ضروری اقوال اور تکرار سے محفوظ رکھنے کی کامیاب کوشش کی ہے۔ نیز اگر کسی روایت کو مکرر بھی لائے ہیں تو ابھی الفاظ کے ساتھ نہیں بلکہ الفاظ اور معانی کے اضافہ کے ساتھ لائے ہیں۔
جامعیت ابن جوزی کی سیرت نگاری کا ایک اور نمایاں وصف ہے۔’’الوفا بأحوال المصطفی’’ میں سیرت طیبہ ﷺ سے متعلق تمام پہلوؤں اور ضروری معلومات اور واقعات کو مرتب کر دیا گیا ہے۔
‘‘الوفا’’حسن ترتیب اور وقت تالیف کا ایک عظیم شاہکار ہے ۔ مصنف نے جامع عناوین کے تحت’’ الوفاء’’ کو متعدد ابواب میں تقسیم کیا ہے۔ ان ابواب میں پھر مزید چھوٹے چھوٹے ذیلی ابواب قائم کئے ہیں ۔ ہر ہر حدیث، بحث اور باب کو اس کے صحیح اور جائز مقام پر رکھا ہے۔ سیرت النبی سے متعلق واقعات اور معلومات کی ترتیب ایسی ہے کہ مبہمات اور ظاہری اختلافات خود بخود حل ہو جائیں، تاہم بعض اختلافی مقامات پر بے لاگ تبصرے بھی کیے ہیں اور متقدمین علماے کرام کی آرا ذکر کرنے کے ساتھ ساتھ جانب راجح کو ترجیح دی ہے اور جانب مرجوح کی وجہ تردید و تنقیص بھی بیان کی ہے۔
الوفاء بأحوال المصطفی کے دیگر کتب پر اثرات
’’الوفا ءبأحوال المصطفیٰ‘‘ کو اس کی حسن ترتیب، مستند اور سیرت النبی ﷺسے متعلق تمام پہلوؤں کو جامع ہونے کی وجہ سے بے پناہ مقبولیت اور شہرت دوام حاصل ہوئی۔ بعد میں آنے والے سیرت نگاروں نے ان امور میں ابن جوزی کے نقش قدم پر چلنا اپنے لیے باعث افتخار سمجھا اور اپنی کتب سیرت کو تقریبا اسی انداز سے ترتیب دیا ۔ لہٰذا ابن جوزی کے بعد لکھی جانے والی کتب سیرت میں اس فنی اور تکنیکی جدت کو واضح طور پر ملاحظہ کیا جا سکتا ہے ۔ علامہ سیوطی (911ھ) کی مشہور زمانہ تصنیف’’الخصائص الکبری‘‘ اس کی بہترین مثال ہے۔
الوفاء بأحوال المصطفى بطور ماخذ سيرت
الوفاء بأحوال المصطفیٰ کے بعد سیرت النبیﷺ پر لکھنے والے متعدد مؤلفین نے’’الوفا‘‘ کو براہ راست ایک ماخذ سیرت کی حیثیت سے لیا ہے اور اپنی کتب سیرت میں اس سے استفادہ کیا ہے۔ چند ایک کتب کا تعارف زیب قرطاس ہے:
كشف الغمة في معرفة الأئمة
ابو الحسن علی بن عیسی الاربلی (692ھ) کی تالیف ہے۔ اس کتاب میں متعدد مقامات پر’’ الوفاء بأحوال المصطفی‘‘ سے استفادہ کیا گیا ہے۔
المواهب اللدنية
محمد بن احمد قسطلانی (923ھ) کی تالیف ہے۔ یہ کتاب سیر تی ادب کا بنیادی اور اہم مصدر تسلیم کی جاتی ہے۔
سبل الهدى والرشاد في سيرة خير العباد
امام محمد الصالحہ (942ھ) کی تالیف ہے۔ سیرت النبی پر ایک ضخیم اور جامع کتاب ہے جو بارہ جلدوں میں شائع ہو چکی ہے۔
ضیاء النبی ﷺ
محمد کرم شاہ الأزھری (1418ھ)کی تالیف ہے۔ سیرت طیبہ سے متعلق ایک جاندار اور تعصبات سے پاک، جامع کتاب ہے۔
الصفافي التوسل والتبرك بالمصطفى
ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی تالیف ہے۔ اس کتاب میں بھی’’الوفا بأحوال المصطفیٰ‘‘ کو بطور ماخذ لیا گیا ہے۔
زیارت قبور
ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی تالیف ہے۔ اس کتاب میں بھی’’الوفا بأحوال المصطفیٰ‘‘کو بطور ماخذ لیا گیا ہے۔
عالم ارواح کا میثاق اور عظمت نبوی ﷺ
ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی تالیف ہے۔ اس کتاب میں بھی’’ الوفاء بأحوال المصطفیٰ’’ کو بطور ماخذ لیا گیا ہے۔ ان کے علاوہ بھی عربی ، اردو اور فارسی کی بہت سی بلند پایہ اور مشہور و معروف تصانیف اور تحریروں میں’’ الوفاء بأ حوال المصطفیٰ’’ کو بطور ماخذ و مصدر لیا گیا ہے۔ کتاب سے استفادہ کارجحان اس کی مقبولیت کی واضح علامت ہے۔
امام ابن جوزی کا محد ثانہ اسلوب و منبع
امام ابن جوزی ایک بلند پایہ محدث تھے ۔ آپ علم جرح و تعدیل سے بھی خوب واقفیت رکھتے تھے۔ راجح اور مرجوح روایات پر بھی آپ کی گہری نظر تھی۔ اسی بنا پر آپ نے سیرت نگاری میں بھی محد ثانہ اسلوب و منبج اختیار کیا ہے۔ انھوں نے نقل کو عقل پر ترجیح دینے کا راستہ اپنایا ہے۔ نیز جہاں ضرورت ہو وہاں روایت کے ساتھ درایت سے بھی کام لیا ہے ۔ ہر باب میں احادیث بکثرت لائے ہیں۔ نیز اپنی کتاب کی ابتدا اور انتہادونوں ہی احادیث نقل کرنے سے کی ہیں۔ تاہم اختصار کے پیش نظر روایات کی اسانید ذکر نہیں کیں بلکہ صرف صحابی یا تابعی کے نام پر اکتفا کیا ہے۔ فن حدیث میں ماہر محدث کی حیثیت سے بعض جگہوں پر احادیث کی صحت و عدم صحت پر کلام کیا ہے اور بعض مقامات پر راجح و مرجوح کی تعیین کی ہے۔ مصنف کےمحدثانہ منہج کا مطالعہ اور تجزیہ چند عنوانات کے تحت پیش کیا جاتا ہے۔
روایت حدیث میں احتیاط
امام ابن جوزی نے کتاب کے مقدمے میں ہی یہ بات اپنے اوپر لازم کرلی تھی کہ وہ صحت حدیث کا خاص خیال رکھیں گے۔ کثرت حدیث کے شوق میں’’ حاطب اللیل‘‘ کی مانند رطب و یابس کو جمع نہیں کریں گے ۔ صرف صحیح اور مستند احادیث کو اپنی کتاب میں شامل کریں گے :
ولا اخلط الصحيح بالكذب كما يفعل من يقصد تكثير روايته ، مثل حديث هامة بين الهيم ، و زريب بن برثملي و ما جاء فى مجانستها اذ في الصحيح غنية لمن قضى الله بهدايته.(9)
میں جھوٹی روایات کو صحیح روایات کے ساتھ خلط ملط نہیں کروں گا جیسا کہ کثرت روایت کے طالب ایسا کرتے ہیں۔ مثلا حديث هامة بين الهيم‘‘ اور’’زریب بن برثملی وغیرہ۔ کیوں کہ صحیح احادیث اس شخص کےلیے کافی ہیں جس کے لیے اللہ تعالیٰ نے ہدایت کا فیصلہ فرمادیا ہو۔
اگر موازنہ کیا جائے تو بلا شبہ مصنف متقدمین سیرت نگاروں کی نسبت اس مقصد میں بہت حد تک کامیاب رہے ہیں۔ تاہم بعض مقامات پر کچھ ایسی روایات بھی ہیں جنھیں بعض محققین کمزور اور ضعیف بلکہ موضوع روایات میں شمار کرتے ہیں۔ مگر یہاں امکان یہ ہے کہ وہ روایات ابن جوزی کے نزدیک معتبر ہوں؟ امام ابن جوزی پر تساہل پسندی کا الزام بھی لگایا گیا ہے۔ لیکن تحقیقی مطالعے سے یہ بات معلوم ہوئی ہے کہ’’الوفا‘‘ میں ایسی متنازع روایات کی مقدار آٹے میں نمک کے برابر ہے۔
بیان ضعف کے لیے بعض روایات کا انداراج
امام ابن جوزی نے صحت حدیث کا التزام کیا ہے ، تاہم انھوں نے بعض ابواب میں قصدا بھی ضعیف احادیث کو نقل کیا ہے۔ ایسی روایات کو نقل کرنے سے مقصود کچھ ثابت کرنا نہیں ہوتا بلکہ جرح و نقد کرنا اور ضعف کی وجہ بیان کرنا ہوتا ہے یا کسی اعتراض وغیرہ کا جواب دینا ہوتا ہے۔ نیز ایسی روایات کو مستقل اور باب کے حصے کے طور پر نہیں بلکہ کسی سوال یا اعتراض کے ضمن میں یا مخفی سوال کے جواب کے طور پر ذکر کیا ہے۔ چنانچہ انھوں نے نبی کریمﷺ کے تبسم کو ثابت کرنے کے لیے متعدد روایات نقل کی ہیں۔ ان کا موقف ہے کہ نبی کریم ﷺسے قہقہہ کے ساتھ ہنسنا قطعا ثابت نہیں ہے۔ لہذا انھوں نے حضرت علی سے ثبوت قہقہہ والی ایک روایت نقل کرنے کے بعد جرح کی ہے :
وهذا الحديث لايثبت،فيه جماعة مجروحون، ولايصح عن رسول اللهﷺ،انه كان يزيد على التبسم.(10)
یہ حدیث ثابت نہیں ہے ۔ اس کی سند میں مجروح راویوں کی ایک پوری جماعت ہے۔ نیز رسول اللہ ﷺسے تبسم سے زیادہ صحت کے ساتھ ثابت نہیں ہے۔
ان الفاظ میں ابن جوزی نے ثبوت ضحک والی روایت پر سخت جرح کی ہے ۔ ان کے نزدیک اس روایت کے راوی ثقہ نہیں ہیں۔ انھوں نے اس کے گویا سب ہی رواۃ کو مجروح قرار دیا ہے ۔ اس لیےان کے مطابق یہ روایت ضعیف اور نا قابل استدلال ہے۔ اسی طرح ابن جوزی نے نبی کریم ﷺکے فارسی کلمات کی ادائیگی کرنے سے متعلق دو احادیث ذکر کرنے کے بعد جرح کی ہے۔ ان کے مرفوع ہونے کا انکار کیا ہے ۔(11) ایسی تنقید اور جرح کی متعدد مثالیں کتاب میں موجود ہیں۔
احادیث میں راجح اور مرجوح کی نشان دہی
احادیث میں راجح اور مرجوح کی نشان دہی’’الوفا بأحوال المصطفیٰ’’ کی ایک اور اہم خوبی ہے ، جو اسے سابقہ کتب سیرت سے ممتاز کرتی ہے۔ ابن جوزی نے اختلافی مقامات پر نہ تو چشم پوشی سے کام لیا ہے اور نہ ہی صرف متقد مین علمائے کرام کی آرا ذکر کرنے پر اکتفا کیا ہے ، بلکہ اس سے ایک قدم آگے جانب راجح کی تعین بھی کی ہے اور جانب مرجوح کی وجہ تنقیص بھی بیان کی ہے۔ چنانچہ نبی رحمتﷺنے انگوٹھی کسی ہاتھ میں پہنی ؟ اس مضمون کی روایات مختلف فیہ ہیں۔ امام ابن جوزی کے مطابق نبی رحمتﷺ کی سنت بائیں ہاتھ میں انگوٹھی پہننے کی تھی۔ اس مضمون کی احادیث انھوں نے کتاب میں ذکر کیں ہیں نیز جس روایت میں دائیں ہاتھ میں انگوٹھی پہننے کا ذکر ہے، اس کو مندرجہ ذیل الفاظ میں ضعیف قرار دیا ہے :
واختلفت الرواية هل كان يلبسه في يمينه، أو في يساره؟ عن جابر: أن النبي كان يتختم في يمينه . محمد بن عباد ضعيف وابن ميمون ليس بشيء. قال البخاري: هو ذاهب الحديث. واليسار أصح. (12)
اس بارے میں روایات میں اختلاف ہے کہ نبی رحمتﷺ انگوٹھی دائیں ہاتھ میں پہنتے تھے یا بائیں ہاتھ میں ؟ حضرت جابر نے نقل کیا ہے کہ حضور ﷺ دائیں ہاتھ میں انگوٹھی پہنتے تھے۔ مگر اس روایت میں محمد بن عباد ضعیف ہیں اور ابن مامون بھی کمزور راوی ہے ۔ امام بخاری نے ان کو ذاہب الحدیث کہا ہے۔ اس لیے انگو تھی بائیں ہاتھ میں پہننے والی روایت زیادہ صحیح ہے۔
ابن جوزی نے ذکر کیا ہے کہ نبی رحمتﷺ کے دائیں یا بائیں ہاتھ میں انگوٹھی پہننے کا مسئلہ مختلف فیہ ہے۔ راجح قول کے مطابق آپﷺ نے بائیں ہاتھ میں انگوٹھی پہنی تھی۔ ابن جوزی اسی مضمون کی روایت کو راجح قرار دے رہے ہیں ۔ نیز باب میں روایت صرف جانب راجح کی ذکر کی ہے ، جانب مرجوح کی روایت نقل کرکے تضعیف بیان کی ہے اور اس کے رواۃ پر جرح کی ہے ۔ نیز جانب راجح کی نشان دہی’’والیسارأ صح‘‘ کے الفاظ سے کی ہے ۔ نیز اس مسئلہ میں جمہور کی رائے بھی یہی ہے۔
اسی طرح ابن جوزی نے واقعہ معراج سے متعلق ایک طویل روایت ذکر کی ہے جو حضرت انس سے مروی ہے ۔ ۔ اس حدیث کے دو طرق ہیں ۔ پہلی روایت کے راوی شریک ہیں ، جس کے مطابق نبی رحمتﷺپر پچاس (50) نمازوں کی فرضیت ہوئی تو آپﷺ تخفیف کی درخواست لے کر بار بار اللہ تعالیٰ کے پاس واپس جاتے رہے ۔ ہر بار دس دس نمازیں معاف ہوتی رہیں حتی کہ پانچ نمازیں رہ گئیں ۔ یہ روایت بخاری اور مسلم دونوں نے نقل کی ہے ۔ حضرت انس سے دوسری روایت ثابت کے واسطہ سے نقل کی گئی ہے، جس کے مطابق ہر بار پانچ نمازوں کی تخفیف ہوتی رہی حتی کہ پانچ نمازیں رہ گئیں ۔ اس روایت کو نقل کرنے میں امام مسلم (817-875ء) منفرد ہیں ۔ ابن جوزی نے ان دونوں روایات پر درج ذیل الفاظ میں تبصرہ کیا :
‘‘ وقد ذكرنا في حديث أنس بن مالك، من رواية شريك عنه، وفي رواية حماد بن سلمة، عن ثابت، عن أنس أنه قال: رَجَعْتُ إِلَى رَبِّي فَحَطَّ عَنِّي خَمْساً ولَم أَزْلَ أَرَاجِعُ بَينَ رَبِّي وَبَيْنَ مُوسَى وَيَحُطُ عَنِّي خَمْساً خمساً وهذا من أفراد مسلم، والأول أصح؛ لأنه قد اتفق البخاري ومسلم من حديث أنس بن مالك، ومن حديث أنس عن نفسه أنه حط عشراً، فهذه الرواية التي فيها فَحَطَّ خَمْساً خَمْساً غلط من الراوي .(13)
ہم نے انس بن مالک سے روایت شریک کے واسطہ سے ذکر کی ہے اور دوسری روایت حماد بن سلمہ نے ثابت سے کی ہے۔ ان کے مطابق حضرت انس نے آپﷺ کا ارشاد نقل کیا ہے کہ’’ میں اپنے رب کی طرف لوٹ کر گیا تو مجھ سے پانچ نمازیں معاف کی گئیں۔ پھر میں اپنے رب اور موسی کے درمیان آتا جاتا رہا اور اللہ پانچ پانچ نمازیں کم کرتا رہا۔ امام مسلم اس روایت میں منفر د ہیں۔ پہلی روایت زیادہ صحیح ہے۔ اس پر بخاری اور مسلم دونوں متفق ہیں نیز حضرت انس کی دوسری روایت میں دس دس معاف کرنے کا ذکر ہے۔ لہذا جس روایت میں پانچ پانچ کی معافی کا ذکر ہے وہ راوی کی غلط فہمی پر مبنی ہے۔
اس پیرا گراف میں ابن جوزی نے حضرت انس کی ایک سند سے منقول روایت کو درست قرار دیا ہے، جب کہ دوسری سند سے منقول اسی روایت کو راوی کی بھول چوک اور غلط فہمی پر مبنی قرار دیا ہے ۔ اس طرح انھوں نے پہلی سند سے منقول روایت کو ترجیح دی ہے۔
تطابق اور توافق کی کوشش
ابن جوزی نے کتاب میں جہاں مختلف فیہ روایات ذکر کی ہیں، وہاں اگر ممکن ہو روایات کے درمیان جمع و تطبیق کی بھی کامیاب سعی کی ہے۔ چنانچہ نبی رحمت ﷺ کے خضاب کے حوالے سے حضرت عائشہ سے مروی ہے کہ آپﷺ مہندی اور وسمہ کا خضاب استعمال کرتے تھے ۔ پھر ابن عمر سے نقل کیا گیا : آپ ﷺنے زعفران اور ارس ( یمن میں پایا جانے والاایک پودا ہے جس سے زرد رنگ حاصل ہوتا ہے ) کا خضاب استعمال فرمایا۔ ابن جوزی نے اس اختلاف کی درج ذیل توجیہ پیش کی ہے :
فإن قيل: فما وجه الاختلاف؟ قلنا: قد كان يخضب بهذا تارة وبهذا تارۃ.(14)
اگر ان روایات میں اختلاف کی وجہ پوچھی جائے تو ہم یہ کہیں گے کہ یہ اختلاف مختلف حالات کی وجہ سے ہے۔ کبھی یہ خضاب استعمال فرماتے اور کبھی دوسرا استعمال فرماتے ۔
گویا ابن جوزی نے ان دونوں روایات میں تطبیق دینے کی کوشش کی ہے کہ اگر چہ بادی النظر میں ان روایات میں باہم اختلاف محسوس ہو رہا ہے لیکن در حقیقت ان میں کوئی اختلاف اور تضاد نہیں ہے کیوں کہ دونوں طرح کی روایات مختلف اوقات اور احوال سے متعلق ہیں۔
رواة حدیث پر جرح اور ائمہ کے اقوال
فن جرح و تعدیل علم حدیث سے متعلق ایک اہم شعبہ ہے۔ ابن جوزی نے محدث ہونے کی حیثیت سے حدیث کی سند میں آنے والے رواۃ پر جرح بھی کی ہے اور بعض کی تعدیل بھی کی ہے۔ اس ضمن میں انھوں نے خود بھی تنقید کی ہے اور ائمہ جرح و تعدیل کے اقوال بھی نقل کیے ہیں۔ چنانچہ باب ’’فی ذکر خضاب‘‘ میں ایک سوال کے تحت دو روایات نقل کی ہیں۔ پہلی روایت سعد بن ابی وقاص سے مروی ہے اور جابر بن عبداللہ سے ۔ ان دو روایات کو ذکر کرنے کے بعد ان کی سند میں مذکور راویوں پر جرح کی ہے :
وأما حديث سعد، وجابر: فراويهما الواقدي، وقد كذبه أحمد، وقال يحيى: ليس بثقة. وقال أبو زرعة : كان يضع الحديث .(15)
جہاں تک حضرت سعد بن ابی وقاص اور حضرت جابر بن عبد اللہ کی حدیث کا معاملہ ہے تو ان کا راوی واقدی ہے۔ امام احمد نے اسے جھوٹا کہا ہے ۔ امام یحییٰ نے فرمایا کہ وہ ثقہ نہیں ہے۔ امام ابو زرعہ فرماتے ہیں وہ احادیث گھڑا کرتا تھا ۔
یہاں ابن جوزی محدثانہ انداز کو خوب کام میں لائے ہیں۔ انھوں نے حدیث کو اس بنا پر ضعیف قرار دیا ہے کہ حدیث کی سند میں موجود ایک راوی مجروح ہے ۔ راوی پر جرح ثابت کرنے کے لیے ابن جوزی نے ائمہ حدیث کے اقوال سے بھی مدد لی ہے ۔
معارض روایات کا جواب
ابن جوزی ہر باب میں اپنے موقف کی تائید میں معتبر احادیث لائے ہیں۔ تاہم اگر ان کے معارض بھی کوئی حدیث موجود ہو تو اسے سوال کے انداز میں ذکرنے کے بعد جواب بھی دیا ہے ۔ مثلا نبی رحمت ﷺخضاب استعمال کرتے تھے یا نہیں ؟ اس بارے میں روایات مختلف ہیں۔ ابن جوزی کے نزدیک خضاب استعمال فرمانا راجح ہے۔ اس پر انھوں نے معتبر احادیث نقل کیں ہیں۔ اس کے بعد سوال کے انداز میں معارض حدیث نقل کرنے کے بعد جواب دیتے ہیں :
فإن قيل: قد روي أنه لم يخضب عن ثابت قال: سئل أنس عن خضاب رسول اللہﷺ ؟ فقال: لم يخضب. عن زياد مولى سعد قال: سألت سعد بن أبي وقاص هل خضب رسول اللهﷺ ؟ قال : لا . عن بشير مولى المازنيين قال: سألت جابر بن عبد الله هل خضب رسول اللہﷺ؟ قال: لا. .. فالجواب: أما حديث أنس فجوابه من وجهين : أحدهما: أنه قد اختلفت الرواية عنه. عن أنس قال : إن رسول الله ﷺكان يمسه بصفرة. والثاني: أن قوله. لم يخضب» شهادة على نفي، وقد قطع غيره من الصحابة . والإثبات مقدم على النفي… وأما حديث سعد، وجابر: فراويهما الواقدي، وقد كذبه أحمد.(16)
اگر سوال کیا جائے کہ نبی کریمﷺ نے خضاب لگایا ہی نہیں۔ جیسے حضرت ثابت سے منقول ہے کہ حضرت انس سے نبی کریمﷺ کے خضاب کے متعلق پوچھا گیا تو انھوں نے فرمایا آپ ﷺنے خضاب استعمال نہیں فرمایا۔ حضرت سعد کے آزاد کردہ غلام زیاد سے روایت ہے کہ انھوں نے سعد بن ابی وقاص سے پوچھا: کیا نبی کریم ﷺ خضاب لگاتے تھے ؟تو انھوں نے فرمایا نہیں۔۔۔ماز نیین کے آزاد کردہ غلام بشیر سے منقول ہے انھوں نے حضرت جابر بن عبد اللہ سے سوال کیا کہ کیا نبی کریمﷺ لگاتے تھے انھوں نے فرمایا نہیں ۔۔۔ اس کے دو جواب ہیں۔ اول حضرت انس سے مختلف روایات منقول ہیں۔ ان میں سے ایک روایت میں ہے کہ آپ ان کو زرد رنگ کرتے تھے۔ دو سر الم یخضب نفی پر شہادت ہے جب کہ دیگر صحابہ نے یقین کا اظہار کیا ہے۔ اور اثبات کو نفی پر تقدم حاصل ہے۔ نیز سعد اور جابر کی روایات کا راوی واقدی ہے ، جسے امام احمد نے جھوٹا کہا ہے ۔
اس پیرا گراف میں ابن جوزی نے اپنے موقف کے معارض روایات کے بارے میں فرمایا ہے کہ حضرت انس نے نفی خضاب کے بارے میں گمان کا اظہار کیا ہے، جب کہ دیگر صحابہ کرام نے قطعی طور پر خضاب کا اثبات کیا ہے ۔ نیز ضابطہ ہے کہ اثبات نفی پر مقدم ہوتا ہے۔ مزید یہ کہ حضرت سعد اور حضرت جابر کی روایات اس لیے معتبر نہیں ہیں کہ ان کا راوی واقدی ہے، جسے بعض محد ثین نے جھوٹا کہا ہے۔
بعض روایات و استدلالات پر نقد
الوفا ءبأحوال المصطفیٰ’’ بعض روایات ایسی ہیں جن پر بعض لوگوں نے تنقید کی اور انھیں ضعیف و موضوع قرار دیا ہے، تاہم جیسا کہ ہم نے اوپر ذکر کیا ، انھوں نے ہو سکتا ہے انھیں اپنی تحقیق میں درست سمجھا ہو۔ البتہ چوں کہ اس نوع کی روایات پر جرح و نقد موجود ہے، لہذا ہم یہاں چند روایات کی نشان دہی کرنا ضروری سمجھتے ہیں ۔
حضرت مسیح کو حضور ﷺپر ایمان لانے کی تاکید سے متعلق روایت
ایک روایت جس پر نقد کیا جاتا ہے حضرت مسیح کو حضورﷺپر ایمان لانے کی تاکید سے متعلق ہے۔ یہ روایت کچھ اس طرح نقل کی گئی ہے:
عن ابن عباس قال: أوحى الله تعالى إلى عيسى ؑفيما أوحى إليه: أن صدق بمحمد ومر أمتك من أدركه منهم أن يؤمنوا به، فلولا محمد ما خلقت آدم، ولولا محمد ما خلقت الجنة والنار، ولقد خلقت العرش فاضطرب فكتبت عليه لا إله إلا الله محمد رسول الله فسكن .(17)
ابن عباس نے روایت کیا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے حضرت عیسی کو وحی کی کہ محمدﷺ پر ایمان لائے۔ اپنی امت کو تاکید کیجیے کہ جو بھی انھیں پائے وہ ان پر ایمان لائے ۔ اگر محمد ﷺکو (نبی) نہ بنانا ہوتا تو میں آدم کو پیدا ہی نہ کرتا۔ اگر محمدﷺ کا وجود نہ ہوتا تو میں جنت اور دوزخ پیدانہ کرتا ۔ اور میں نے عرش پیدا کیا تو وہ کانپنے لگا۔ میں نے اس پر’’لا إله إلا الله محمد رسول الله’’ لکھا تو وہ پر سکون ہو گیا۔
یہ روایت اس کے علاوہ کچھ دیگر الفاظ سے بھی نقل کی گئی ہے۔ تاہم الفاظ کے فرق کے باوجود تمام کا مفہوم اور مقصد ایک ہی ہے۔ کسی روایت میں ایک انداز اختیار کیا گیا ہے تو دوسری روایت میں وہی بات ذرا مختلف الفاظ میں منقول ہے۔ نیز ایک روایت میں اختصار ہے تو دوسری میں تفصیل ہے یا اس میں کوئی زائد بات نقل کی گئی ہے۔ لیکن ان تمام روایات میں مدار سند یعنی حدیث نقل کرنے والے صحابی حضرت عبد اللہ بن عباس ہیں۔ ابن جوزی نے مذکورہ روایت کو پہلے باب’’ في ذكر التنويه بذكر نبينا محمد ﷺ من زمن آدم ؑ‘‘ میں بھی نقل کیا ہے۔ تاہم فرق اتنا ہے کہ وہاں پر جملے کسی قدر کم نقل کیا گیا ہے۔ یعنی روایت کو ذکر کرنے میں اختصار سے کام لیا ہے۔ وہ روایت درج ذیل ہے:
عن ابن عباس: أوحى الله تعالى إلى عيسى عليه السلام: لولا محمد ما خلقت آدم، ولقد خلقت العرش فاضطرب ، فكتبت عليه لا إله إلا الله محمد رسول الله فسكن.(18)
ابن عباس سے مروی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے حضرت عیسیٰ کو وحی کی کہ اگر محمدﷺنہ ہوتے تو میں آدم کو پیدا نہ کرتا۔ اور میں نے عرش کو پیدا کیا تو وہ کانپنے لگا۔ میں نے اس پر’’لا إله إلا الله محمد رسول الله’’ لکھا تو اسے قرار آگیا۔
یہ حدیث یا اس مضمون کی دیگر احادیث کو بعض محققین نے ضعیف اور موضوع قرار دیا ہے۔ اس پر ایک نقد یہ کیا گیا ہے کہ اس کا راوی عمر و بن اوس الانصاری محد ثین کے نزدیک مجہول الحال ہے۔ امام ذہبی نے لکھا ہے :
عمرو بن اوس يجهل حاله ، اتى بخبر منكر – اخرجه الحاكم في مستدركه ، و اظنه موضوعا من طريق جندل بن والق .(19)
عمرو بن اوس راوی مجہول الحال ہے ۔ اس نے ایک منکر روایت بیان کی ہے جسے امام حاکم نے مستدرک میں نقل کیا ہے ۔ میں (امام ذہبی ( سمجھتا ہوں کہ یہ روایت جندل بن والق کے طریق سے موضوع ہے۔
لیکن، جیسا کہ ذہبی کے مندرجہ بالاالفاظ سے ظاہر ہے، امام حاکم نے اسے اپنی مستدرک میں نقل کیا ہے ۔ اور مستدرک حاکم صحیحین کی شرائط کے مطابق ہے۔ اس لحاظ سے دیکھیں تو کسی سیرت نگار کے لیے اس حدیث کے تناظر میں اس سے صرف نظر آسان نہیں ، کہ یہ ایک معتبر کتاب حدیث میں منقول ہے۔ امام حاکم نے اس روایت کو ان الفاظ سے نقل کیا ہے:
عن ابن عباس رضى الله عنهما قال: أوحى الله إلى عيسى ؑ .يا عیسی آمن بمحمد، وأمر من أدركه من أمتك أن يؤمنوا به، فلولا محمد ما خلقت آدم، ولولا محمد ما خلقت الجنة والنار، ولقد خلقت العرش على الماء فاضطرب فكتبت عليه لا إله إلا الله محمد رسول الله فسكن.(20)
ابن عباس نے روایت کیا ہے کہ اللہ نے حضرت عیسی پر وحی نازل کی کہ اے عیسی : ایمان لائیے محمد ﷺپر اور اپنی امت کو تاکید کیجیے کہ جو بھی انھیں پائے وہ ان پر ایمان لائے۔ اگر محمدﷺکا وجود نہ ہوتا تو میں آدم کی تخلیق نہ کرتا۔ اگر محمدﷺ کا وجود نہ ہوتا تو میں جنت و دوزخ کو پیدانہ کرتا۔ میں نے عرش کی تخلیق پانی پر کی تو وہ کانپنے لگا۔ میں نے اس پر’’ لا إله إلا الله محمد رسول الله‘‘ لکھا تو اسے قرار آگیا ۔
امام حاکم کی اس روایت میں ابن جوزی کی روایت کے اعتبار سے کسی جگہ الفاظ کا اضافہ ، کہیں کچھ کمی اور ایک جگہ پر جملہ کی ترتیب میں معمولی سی تبدیلی ہے ، لیکن اس کے باوجود معنی و مفہوم میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ۔ نیز اس کے راوی بھی ابن عباس ہی ہیں ، جس سے روایت کا ایک ہونا ثابت ہوتا ہے۔ البتہ اس کے نقل کرنے میں رواۃ سے الفاظ میں معمولی تبدیلی واقع ہو گئی ہے۔
امام حاکم کے مطابق یہ روایت صحیحین کی شرط پر اور صحیح الاسناد ہے۔ امام صاحب کے الفاظ ہیں :
هذه حديث صحيح الاسناد و لم يخرجاه – (21)
اس حدیث کی سند صحیح ہے لیکن امام بخاری اور امام مسلم نے اسے نقل نہیں کیا۔
البتہ ، جیسا کہ اوپر وضاحت ہوئی بعض دیگر لوگوں نے امام حاکم کی تصحیح پر نقد کیا ہے اور ان کی بعض احادیث کو جھوٹی اور موضوع قرار دیا ہے، مثلا ابن تیمیہ لکھتے ہیں :
و قالوا : ان الحاكم يصحح أحادیث و هي موضوعة مكذوبة عند أهل المعرفة بالحديث ، —- و لهذا كان أهل العلم بالحديث لا يعتمدون على مجرد تصحيح الحاكم -( 22)
اور ( محدثین ) کہتے ہیں کہ امام حاکم احادیث کو صحیح قرار دیتے ہیں حالانکہ وہ حدیث کی معرفت رکھنے والوں کے ہاں موضوع اور جھوٹی ہوتی ہیں ۔ ۔۔ اور اسی وجہ سے حدیث کا علم رکھنے والے محض امام حاکم کی تصحیح پر اعتماد نہیں کرتے۔
یہاں یہ بات دلچسپی سے خالی نہیں کہ امام تیمیہ جہاں امام حاکم کی بعض روایات کو جھوٹی قرار دیتے ہیں وہیں یہ بھی کہتے ہیں کہ ان کی اکثر احادیث صحیح ہیں۔ مثلا لکھتے ہیں :
كان غالب ما يصححه فهو صحيح .(23)
ان کی اکثر تصحیح شدہ احادیث صحیح ہیں۔
بہر حال مذکورہ حدیث ان احادیث میں سے ہے ، جن کی صحت پر علما میں اختلاف ہے ، بعض نے اسے صحیح اور بعض نے موضوع قرار دیا ہے۔
اللہ کے عرش پر کلمے سے متعلق روایت
الوفاء کی زیر نظر نوعیت کی روایات میں سے ایک حضرت آدم کے واقعے سے متعلق ہے ۔ اس میں مذکور ہے کہ حضرت آدم نے اللہ کے عرش پر’’ لااله إلا الله مُحَمَّدٌ رسول اللہ‘‘ لکھا ہوا دیکھا تھا۔ جب آدم سے غلطی ہوئی تو اسی نام کے وسیلے سے معافی چاہی تو انھیں معافی مل گئی ۔ روایت کے الفاظ مندرجہ ذیل ہیں :
عن عمر بن الخطاب رضي الله عنه قال : قال رسول الله ﷺ: لَمَّا أَصَابَ آدم الخَطِيئَةَ، رَفَعَ رَأْسَهُ فَقَال: رَبِّ بِحَقِّ مُحَمَّدٍ إِلَّا غَفَرْتَ لِي، فَأَوْحَى اللَّهُ تَعَالَى إليه: وَمَا مُحَمَّدُ، وَمَنْ مُحَمَّدُ؟ فقال: رَبِّ إِنَّكَ لمَّا أَتْمَمْتَ خَلْقِي رَفْعَتُ رَأْسِي إلى عَرْشِكَ، فَإِذا عَليه مَكْتُوبٌ لا اله إلا اللهُ مُحَمَّدٌ رَسُولُ الله. فَعَلِمْتُ أَنَّهُ أَكْرَمُ خَلْقِكَ عَلَيْكَ، إِذ قَرَنْتَ اسْمَهُ مع اسْمِكَ، قال: نَعَمْ قَدْ غَفَرْتُ لَكَ، وَهُوَ آخِرُ الأَنْبِيَاءِ من ذُرِّيَّتِكَ، وَلَوْلاهُ مَا خَلَقْتُكَ.(24)
عمر بن خطاب سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺنے فرمایا کہ جب آدم سے خطا ہو گئی، تو انھوں نے سر اٹھا کر دعا کی : پروردگار محمد کے حق کے وسیلے مجھے معاف کر دیجیے ۔ اللہ نے ان کی طرف وحی کی، محمد کون ہیں ؟ انھوں نے کہا : جب آپ نے میری تخلیق مکمل کی تو میں نے سر اٹھا کر آپ کے عرش کی طرف دیکھا۔ اس پر لکھا ہوا تھا : اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں ہے ، محمد اللہ کے رسول ہیں۔ مجھے معلوم ہو گیا کہ یہ آپ کے نزدیک مخلوق میں سب سے زیادہ معزز ہیں۔ اسی لیے آپ نے ان کا نام اپنے نام کے ساتھ ملایا ہے۔ اللہ نے فرمایا : تم ٹھیک کہتے ہو ۔ میں نے تمھاری بخشش کر دی ۔ وہ آخری نبی ہیں اور آپ کی اولاد میں سے ہیں۔ اگر وہ نہ ہوتے تو میں تجھے پیدا ہی نہ کرتا۔
اس روایت کو ابن جوزی کے علاوہ چند دیگر محدثین نے بھی نقل کیا ہے ، تاہم الفاظ میں معمولی اختلاف بھی ہے اور یہ چیز احادیث میں عام ہوتی ہے۔ تمام روایات کے مفہوم پر غور کرنے سے معلوم ہوتا ہے کہ بنیادی طور پر یہ ایک ہی روایت ہے جسے راویوں نے مختلف الفاظ کے ساتھ نقل کیا ہے۔ امام حاکم کے یہاں یہ الفاظ ملتے ہیں :
عن عمر بن الخطاب رضي الله عنه قال: قال رسول الله ﷺ: لما اقترف آدم الخطيئة قال : يا رَبَّ اسالك بِحَقِّ مُحَمَّدٍ لما غَفَرْتَ لي. فقال الله : يا آدم وكيف عرفت محمدا و لم اخلقه ؟ قال : يا رب ، لانك لما خلقتني بيدك و نفخت في من روحک رفعت راسی فرایت على قوائم العرش مكتوبا لا اله الا الله محمد رسول الله فعلمت انك لم تصف الى اسمك الا احب الخلق اليك ، فقال الله صدقت یا آدم ، انه لاحب الخلق التي ادعنى بحقه فقد غفرت لك و لولا محمد ما خلقتك -’’( 25 )
امام طبرانی نے بھی اس روایت کو کسی قدر الفاظ کے اختلاف کے ساتھ نقل کیا ہے۔ (26)
اس روایت پر بھی بعض محد ثین کے استدلالات کی روشنی میں نقد کیا گیا اور اسے موضوع قرار دیا گیا ہے۔ اس ضمن میں بعض استدلالات تو نہایت عجیب ہیں اور نقد کو الٹا کمزور کرنے والے ہیں مثلاً کہا گیا ہے کہ امام حاکم نے اس روایت پر صحت کا حکم کسی قدر بے اطمینانی کی کیفیت میں لگایا ہے ۔( 27 )
حضور ﷺ کے سلام بھیجنے سے متعلق روایت
مذکورہ نوعیت کی احادیث میں سے ایک’’حدیث القطف‘‘ہے۔ حضرت انس سے مروی اس روایت کے الفاظ مندرجہ ذیل ہیں :
جاء جبريل إلى النبيﷺ فقال:إن الله يقرئک السلام، و أرسلني إليك بهذا القطف، فاخذهﷺ(28)
جبرئیل نبی کریمﷺ کے پاس تشریف لائے اور کہا : اللہ تعالیٰ آپ کو سلام پیش کر رہے ہیں۔ آپ کی طرف یہ گچھا بھیجا ہے ، تو آپ ﷺنے اسے لے لیا۔
اس روایت پر بعض محدثین نے وضع کا حکم لگایا ہے۔ امام سیوطی نے ابن حبان کے حوالے سے اس روایت کو بے اصل قرار دیا ہے۔ اس کی وجہ روایت میں موجود ایک راوی حفص ہے، جسے نا قابل احتجاج قرار دیا گیا ہے۔( 29) اس روایت کے حوالے سے ابن جوزی کے ہاں یہ تضاد ملتا ہے کہ انھوں نے خود بھی اس روایت پر وضع کا حکم لگایا اور اسےالموضوعات میں ذکر کیا ہے ۔ اگر یہ حدیث ابن جوزی کے نزدیک موضوع تھی تو یہاں اسے کس لیے نقل کیا گیا ؟ یہ ایک اہم سوال ہے۔
حضورﷺ کے پاکیزہ سے پاکیزہ صلب میں منتقل ہونے سے متعلق روایت
اسی طرح ابن جوزی نے ابن عباس سے ایک اور روایت ذکر کی ہے ، جس میں نبی رحمت ﷺ کے پاکیزہ نسب اور پاک صلب سے پاکیزہ صلب کی جانب منتقل ہونے کا ذکر ہے۔ اس روایت کو کسی قدر الفاظ کی کمی یا بیشی کے ساتھ دیگر محد ثین نے بھی نقل کیا ہے۔ روایت کے جو الفاظ ابن جوزی نے نقل کیے ہیں وہ مندرجہ ذیل ہیں :
عن ابن عباس قال: قلت: يا رسول الله، أين كنت وآدم في الجنة؟ قال: كُنتُ في صلبه، وأُهْبِطَ إلى الأَرْضِ وَأنا في صُلْبِهِ، وَرَكِبْتُ السَّفِينَةَ فِي صلب أبي نوح، وقُذِقْتُ في النَّارِ في صُلب أبي إِبْرَاهِيم، لم يَلْتَقِ لِي أَبَوَانِ قط على سفاح ، لم يَزَلْ يَنْقُلُني من الأصْلابِ الطَّاهِرَةِ إِلى الأَرْحَامِ النَّقِيَّةِ مُهَذَّبًا لَا تَتَشَعْبُ شُعْبَتَانِ إِلا كُنْتُ فِي خَيْرِهِما، أَخَذَ اللَّهُ لِي بِالنُّبُوَّةِ مِيْثَاقِي، وفي التَّوْرَاةِ بَشِّرَ بِي، وفي الإِنْجِيلِ شَهَرَ اسْمِي، تُشْرِقُ الْأَرْضُ لِوَجْهِي والسَّماءُ لِرُؤْيَتِي.( 30 )
ابن عباس راوی ہیں۔ انھوں نے فرمایا کہ میں نے اللہ کے رسولﷺ سے دریافت کیا کہ جب آدم جنت میں تھے تو آپ اس وقت کہاں تھے ؟ آپﷺ کا ارشاد ہے کہ میں ان کی پشت میں تھا ۔ آدم کو زمین پر اتارا گیا تب بھی میں ان کی پشت میں تھا۔ میں اپنے والد نوح کی پشت میں ہی کشتی پر سوار ہوا۔ مجھے میرے والد ابراہیم کی پشت میں ہی آگ میں پھینکا گیا ۔ میرے آباؤ اجداد کبھی بھی زنا کے مرتکب نہیں ہوئے ۔ میں ہمیشہ پاکیزہ پشتوں سے صاف رحموں کی طرف منتقل ہوتا رہا ۔ میں ہمیشہ دو جماعتوں میں سے بہتر جماعت میں رہا ۔ اللہ نے میری نبوت کے لیے (انبیاء ) سے عہد لیا ۔ تورات میں میری بشارت دی گئی ۔ انجیل میں میرے نام کی تشہیر کی گئی ۔ زمین میرے چہرے کی وجہ سے روشن اور آسمان میرے دیدار سے منور ہے۔
اس حدیث کی الوفا ءمیں موجودگی کے حوالے سے بھی یہ اعتراض وارد ہوتا ہے کہ ابن جوزی کے ہاںالموضوعات میں بھی یہ درج ہے۔ اگر یہ موضوع ہے تو اسےالوفاءمیں کیوں نقل کیا گیا اس پر مزید حیرت اس سے ہوتی ہے کہ الموضوعات’’ میں ابن جوزی نے اس روایت کو قصہ گو واعظوں کی تخلیق قرار دیا ہے، جسے ایک محکم سند کی مدد سے بیان کیا گیا ہے ۔( 31)
اسرائیلیات کے حوالے سے نقد
بعض لوگوں کے مطابق ابن جوزی نے اپنی کتاب میں چند ایک ایسی روایات بھی ذکر کیں ہیں جو ضعیف ہونے کے ساتھ ساتھ اسرائیلیات( 32 )کے قبیل سے بھی ہیں۔ مثلاً حضرت کعب الاحبار( 33 )سے مروی درج ذیل روایت :
لما أراد الله تعالى أن يخلق محمداً أمر جبريل ؑأن يأتيه فأتاه بالقبضة البيضاء التي هي موضع قبر رسول الله ، فعجنت بماء التسنيم ثم غمست في أنهار الجنة وطيف بها في السموات والأرض، فعرفت الملائكة محمداً وفضله قبل أن تعرف آدم، ثم كان نور محمد ﷺ يُرى في غرة جبهة آدم وقيل له يا آدم هذا سيد ولدك من الأنبياء والمرسلين. فلما حملت حواء بشيت انتقل عن آدم إلى حواء، وكانت تلد في كل بطن ولدين إلا شيئاً، فإنها ولدته وحده، كرامة لمحمد . ثم لم يزل ينتقل من طاهر إلى طاهر إلى أن ولد . (34)
اس روایت میں نبی رحمتﷺ کی تخلیق کے مراحل اور فضیلت کو بیان کیا گیا ہے۔ نیز اس روایت میں آپ ﷺ کے پاکیزہ نسب کا تذکرہ بھی کیا گیا ہے۔ اسی نوعیت کی اوپر والی حدیث کی طرح اس روایت پر بھی محدثین نے کلام کیا ہے اور اسے اسرائیلیات میں شمار کیا ہے اور ضعیف قرار دیا ہے۔( 35 )
بہر حال جہاں تک ضعیف روایات کی توجیہ کا تعلق ہے تو چند ایک ائمہ (مثلا امام حاکم ) نے ایسی احادیث کی توثیق بھی کی ہے۔ ہو سکتا ہے ابن جوزی بھی یہی رائے رکھتے ہوں ۔( 36 )
واقدی کے اقوال سے اخذ اور مرویات کارد
واقدی شروع سے ہی مختلف فیہ راوی رہے ہیں ۔ محدثین نے ان پر سخت جرح اور نقد کیا ہے۔ تاہم بعض نے ان کو ثقہ بھی قرار دیا ہے۔ ابن جوزی نے واقدی سے بہت کچھ اخذ کیا ہے۔ تاہم ابن جوزی نے جہاں واقدی (207ھ) کے اقوال نقل کئے ہیں ، تو ان پر کوئی نقد نہیں کیا۔ البتہ احادیث کی سند میں جہاں واقدی کا ذکر آیا ہے تو اسے کمزور راوی قرار دیا ہے۔ بلکہ اپنی کتاب’’الضعفاء والمتروکین‘‘ میں محد ثین کے حوالے نقل کر کے واقدی پر سخت جرح کی ہے۔ وہ لکھتے ہیں :
قال احمد بن حنبل : هو كذاب ….. و قال يحى : ليس بثقة ، وقال مرة : ليس بشيء لا يكتب حديثه ، وقال البخاري و الرازي و النسائي : متروك الحديث ، و ذکر الرازي والنسائى انه كان يضع الحديث ، وقال الدار قطني : فيه ضعف.(37)
احمد بن حنبل نے فرمایا کہ وہ جھوٹا ہے۔۔۔ یحییٰ بن معین نے انھیں ثقہ بتایا ہے۔ ایک دفعہ کہا کہ وہ کچھ بھی نہیں ہے اس سے احادیث نہ لکھی جائیں ۔ امام بخاری ، امام رازی اور امام نسائی متروک الحدیث قرار دیتے ہیں ۔ رازی اور نسائی نے ذکر کیا ہے وہ احادیث گھڑتا تھا۔ دار قطنی کے مطابق ان میں ضعف ہے۔
ابن جوزی نے اسی شدید جرح کی بنا پر واقدی کی تضعیف کی ہے اور ان کی مرویات پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مرجوح یا ضعیف قرار دیا ہے۔ لیکن اگر تحقیق کی جائے تو یہاں ایک طرح کا تضاد بھی نظر آتا ہے۔ کیوں کہ ابن جوزی نے واقدی کے اقوال تو بغیر کسی رد و قدح کے قبول کئے ہیں البتہ ان سے مروی روایات کو قبول نہیں کیا۔ تاہم ان کی جانب سے یہ عذر بھی پیش کیا جا سکتا ہے کہ مسلم ا اسکالرز نے بالعموم واقدی کو تاریخ اور سیر میں ثقہ جب کہ حدیث میں متروک اور ضعیف کہا ہے۔ ابن جوزی نے اسی بات کو ملحوظ رکھتے ہوئے واقدی سے تاریخ اور سیرت کے بیان میں اخذ کیا ہے جب کہ ان کی روایات کے بارے محتاط رویہ اختیار کیا ہے۔
خلاصه بحث
مسلم اسکالرز نے سیرت نگاری کے سلسلہ میں مختلف اسالیب اور مناہج اختیار کئے ہیں۔ ابن جوزی نےاس حوالے سے محد ثانہ منہج اپنایا ہے ۔ زیر مطالعہ مضمون میں ان کے اسلوب کا تفصیلی جائزہ لینے اور تجزیہ کرنے کے بعد درج ذیل نتائج سامنے آئے ہیں :
الوفاء بأحوال المصطفیٰ سیرت طیبہ ﷺکا ایک جامع اور مستند انسائیکلو پیڈیا ہے ۔ اس میں نبی رحمتﷺ کے احوال حیات، فضائل، شمائل نبوی ، دلائل نبوت ، شواہد رسالت ، غزوات ، معجزات اور مکاتیب وغیرہ پر تفصیلا گفتگو کی گئی ہے۔
کتاب اپنے اسلوب اور ترتیب میں بہت عمدہ ہے، غیر ضروری اور بے فائدہ کلام سے پاک ہے۔
الوفا میں سیرت نگاری کا محدثانہ اسلوب اختیار کیا گیا ہے۔ صرف مستند اور صحیح روایات کو کتاب کا حصہ بنایا گیا ہے
ابن جوزی نے روایات پر راجح و مرجوح ، صحیح وضعیف اور رواۃ حدیث پر جرح و تعدیل کے اعتبار سے اپنا نقطہ نظر پیش کیا ہے۔
بظاہر متعارض احادیث میں تطابق و توافق کی سعی کی ہے۔
بعض مقامات پر روایات سیرت پر کیے گئے سوالات اور اعتراضات کا ذکر کیا ہے اور ان کا محاکمہ کیا ہے۔
الوفا کے تمام تر محاسن اور خوبیوں کے ساتھ ساتھ اس کے نقائص بی بیان کیے گئے ہیںکہ مولف نے اپنی کتاب میں بعض ضعیف، موضوع روایات نقل کی ہیں۔
ابن جوزی نے واقدی کے اقوال کو قبول کیا ہے لیکن ان سے روایت نہیں کیا، بلکہ روایت کے سلسلہ میں انھیں متروک الحدیث اور وضاع قرار دیا ہے۔ فی الجملہ ابن جوزی کی کتاب الوفاء محدثانہ اسلوب میں سیرت النبیﷺ پر ایک جامع ، مستند اور عمدہ کتاب ہے۔
حوالہ جات

3 شمس الدین س الدین محمد بن احمد ذہبی، تاریخ الاسلام و و ر ذہبی، تاریخ الاسلام و وفیات المشاهير والاعلام ( بیروت : دار الکتب العلمیہ، 2005ء)، 463/12 ۔
ابوالفرج عبد الرحمٰن بن علی ابن جوزی، المنتظم فی تاریخ الملوک والامم ( بیروت : داراً251/10
،)دار الکتب العلمیہ، 1992ء ،
5 شمس الدین محمد بن احمد ذہبی، سیر اعلام النبلاء ( بیروت : مؤسسۃ الرسالۃ، 1985)، 383/21۔
6 ابوالفرج عبدالرحمن بن علی ابن جوزی، صيد الخاطر ( بیروت، دار الکتب العلمية، ۱۹۹۲ء ) ،
214-215۔
7 مصطفى عبد الواحد ، مقدمة التحقيق الوفاء بأحوال المصطفیٰ، از ابن جوزی ( فیصل آباد : المكتبة النورية الرضوية، 1977ء)، 1/م۔
8ابو الفرج عبدالرحمن بن الجوزى، الوفاء باحوال المصطفى (ریاض : الوسية السعيدية، 1776ء) ، 21/1۔
9 ابن جوزی، الوفاءء 1/1
10 ابن جوزی، الوفاءء 131/2
11 ابن جوزی، الوفاءء 123/2
12 ابن جوزی، الوفاءء 279/2
13 ابن جوزی، الوفاءء 357/2
14 ابن جوزی، الوفاء، 281/2
115ابن جوزی، الوفاءء 282/2
16ابن جوزی، الوفاءء283-282/2
17ابن جوزی، الوفاءء 107/1
18 ابن جوزی، الوفاء ، 1/ 69
19 ابو عبد الله محمد بن احمد الذهبی ( بیروت : دار المعرفة ) ، 246/3
20 ابو عبدالله محمد بن عبد اللہ حاکم نیشاپوری، المستدرک علی الصحیحین (بیروت: دار الكتيب العلمية ، 2002ء ) ، 672/2
21 حاکم نیشاپوری، المستدرک علی الصحیحین ، 672/2-
22 شیخ الاسلام احمد بن تیمیه، مجموع الفتاوی ( المدينة المنورة : مجمع الملك فهد لطباعة المصحف الشريف ، 2004ء) ، 255/1
23شیخ الاسلام احمد بن تیمیہ ، مجموع الفتاوی، 255/1
24ابن جوزی، الوفاء ، 68/1
25حاکم نیشاپوری ، المستدرک، 672/2-
26ابو القاسم سلیمان بن احمد طبرانی، المعجم الاوسط ( قاہرہ: دار الحرمین ، 1995ء ) ، 313/6-314-
27 دیکھیے حاکم نیشاپوری ، المستدرک ، 672/2 ، مذکورہ حدیث پر امام حاکم کی گفت گو۔
20 ابن جوزی، الوفاء، 25/2 –
29 جلال الدین عبد الرحمن سیوطی، اللالي المصنوعة في الاحاديث الموضوعه ( بيروت : دار المعرفہ ، 2010)، 276/1
30 ابن جوزی، الوفاء 1/70،71
21 ابو الفرج عبد الرحمن بن علی بن الجوزی، الموضوعات ( ریاض : مكتبة الرشد ، 1998ء) ، 85 –
2 محد ثین کے ہاں اسرائیلیات کو علی الاطلاق قبول کیا جاتا ہے اور نہ ہی مطلقا انھیں رد کیا جاتا ہے ۔ البتہ قرآن وحدیث یا ان سے مستقبط اسلامی اصولوں کی روشنی میں انھیں پر کھا جاتا ہے۔
33 ان کا نام کعب بن مانع حمیری، کنیت ابو اسحاق اور لقب کعب الاحبار تھا۔ یمن میں یہود کے بہت بڑے عالم تھے۔ عہد فاروقی میں اسلام قبول کیا ۔ محضر مین میں سے ہیں اور تابعین کے طبقہ اولیٰ میں شمار کئے جاتے ہیں۔ اکثر اسرائیلیات انہی سے مروی ہیں۔ جمہور محد ثین نے ان کی توثیق کی ہے البتہ بعض نے ضعیف بھی قرار دیا ہے۔ دیکھیے : رجال تفسیر الطبری ، موسوعه رجال كتب التسعه –
2 ابن جوزی، الوفاء 70/1
35 محمد بن عبد الباقی زرقانی ، شرح الزرقانی علی المواہب الله نیہ ( بیروت : دار الكتب العلمية ، 1996ء) ، 83/1 –
36 اس لیے کہ بعض روایات کے بعض علما کے یہاں ضعیف قرار دیے جانے اور اس نقد کو قابل اعتنا سمجھنے کے باوصف محمد ثین کا ایک گروہ فضائل کے باب میں ایسی روایات کو نقل کرنا جائز
سمجھتا ہے۔ اس لیےممکن ہے کہ ابن جوزی نے بھی اسی رائے کو اختیار کرتے ہوئے ایسی روایات کو شامل کتاب کیا ہو۔
37ابو الفرج عبد الرحمن بن علی بن الجوزى، الضعفاء والمتروكين ( بيروت : دار الکتب العلمية ، 1986ء) ، 87/3-88

اس کیو آر کوڈ کو اسکین کرکے ادارے کا تعاون فرمائیں یا پرچہ جاری کرانے کے لیے زرِ خریداری ٹرانسفر کریں۔ رقم بھیجنے کے بعد اسکرین شاٹ ضرور ارسال کریں تاکہ آپ کو رسید بھیجی جاسکے۔ شکریہ