شاہ عبدالعزیزدہلوی کی ایک اہم تصنیف تفسیر عزیزی :ایک مطالعہ

ڈاکٹر مفتی محمد مشتاق تجاروی

(ایسوسی ایٹ پروفیسر شعبۂ اسلامیات ،جامعہ ملیہ اسلامیہ)

علوم اسلامی کے فروغ اور اشاعت میںخاندان ولی اللہی کی خدمات آب زر سے لکھنے کے قابل ہیں۔ اس پورے خاندان نے حدیث، تفسیر، تاریخ اور تصوف کے میدان میں گراں مایہ خدمات انجام دیںہیں۔ اس کے ساتھ انھوں نے معاشرتی اصلاح کے لیے بھی زبردست کارنامے انجام دیے۔ہندستان کی جنگ آزادی میں بھی ان کا اہم کردار ہے۔حقیقت یہ ہے کہ اس خاندان کے دینی، علمی ا ور اصلاحی کام بڑی بڑی حکومتوں کی خدمات سے بڑھ کر ہیں۔
قرآنیات کی خدمات کے حوالے سے دیکھا جائے توحضرت شاہ ولی اللہ اور ان کے تین بیٹوں نے قرآن مجید کے چار ترجمے کیے، چار تفسیریں لکھیں،دو فارسی میں اور دو اردو میں:
۱۔شاہ ولی اللہ محدث دہلوی
۲۔شاہ عبدالقادر
۳۔شاہ رفیع الدین
۴۔شاہ عبدالعزیز
چاروں ترجموںاور تفسیروں کا مقصدیہی تھا کہ عوام کے درمیان مطالعہ قرآن کا ذوق پیدا ہوجائے۔ اس لیے ان کے عہد میں استعمال ہونے والی پیچیدہ زبان کے برخلاف انھوں نے بہت آسان اور سادہ زبان میں یہ ترجمے اور تفسیر لکھی۔ شاہ ولی اللہ نے ترجمہ و تفسیر کے علاوہ بھی قرآنیات کے موضوع پر کئی اہم کام کیے۔مثلا انھوں نے اصول تفسیر پر ایک کتاب ـ’الفوز الکبیر‘ کے نام سے لکھی جو اپنے موضوع پر پوری اسلامی تاریخ کی سب سے پہلی کتاب ہے۔اسی طرح انھوں نے ہی فن ترجمہ نگاری میں مقدمہ در قوانین ترجمہ کے نام سے ایک مستقل کتاب لکھی جواپنے موضوع پرغالباتاریخ انسانی کی پہلی کتاب ہے۔ ان کاموںکے علاوہ قرآن کے فہم کو عام کرنے کے لیے اور بھی متعدد کام کیے۔ ان غیر معمولی کاموں اور خدمات کا اثر ہے کہ نہ صرف برصغیر میں مطالعہ قرآن کی طرح کا آغاز ہوا بلکہ پوری دنیا میں قرآن فہمی کی ایک لہر سی پیدا ہو گئی۔
قرآن مجید کے ترجمہ و تفسیرکی اشاعت کے لیے شاہ ولی اللہ کے بیٹے شاہ عبدالعزیز (۱۷۴۶-۱۸۲۳) کی خدمات بھی بہت اہم ہیں۔انھوںنے قرآن مجید کا فارسی زبان میں ترجمہ کیا اورفارسی میںہی تفسیربھی لکھی۔ ان کی تفسیر کااصل نام تو فتح العزیز ہے لیکن عام طور پروہ تفسیر عزیزی کے نام سے معروف ہے ۔یہ تفسیر ان کا اہم کارنامہ ہے۔تاہم اس تفسیر کے علاوہ بھی انھوں نے کئی طرح سے قرآن مجید کے معانی و مفاہیم کی نشر و اشاعت میں حصہ لیا۔
شاہ عبدالعزیز بڑے عالم و فاضل تھے۔ تمام دینی علوم میں ان کو غیر معمولی مہارت حاصل تھی۔ عربی و فارسی میں اعلیٰ درجہ کی مہارت کے ساتھ ساتھ عبرانی زبان میں بھی ان کو مہارت حاصل تھی اور انھوں نے توراۃ و زبور کا مطالعہ عبرانی میں کیا تھا۔ ان خوبیوں کے ساتھ ساتھ اظہارِ بیان کی بھی غیر معمولی صلاحیت ان کے اندر تھی۔ وہ اعلیٰ درجہ کے خطیب تھے اور اپنے زمانے کے تقاضوں کے مطابق مختلف قسم کے مناظروں میں بھی حصہ لیا کرتے تھے۔ مناظروں کے علاوہ اپنی خطیبانہ صلاحیتوں کا استعمال انھوں نے درس قرآن کے لیے بھی کیا۔ وہ ساری عمر باضابطہ درس قرآن دیتے رہے۔ انھوںنے اپنی عمر کی تقریبا ۸۰ دہائیاں دیکھیں اور اپنی وفات سے چند دن قبل تک درس قرآن کا سلسلہ جاری رکھا۔
شاہ عبدالعزیز نے تصنیفی کام تو کم کیا ہے،تقریبا دس کتابیں اور کچھ رسائل انھوں نے لکھے ہیں لیکن ان کا ذوق اور اسلوب نگارش تحقیقی اور تجزئیاتی تھا اس لیے ان کے اکثر کام پائیدار اہمیت کے حامل ہیں۔ ان کی تصنیفات میں نہایت گہرائی کے ساتھ مسائل کو سمجھا اور سلجھایا گیا ہے۔ حدیث اور اصول حدیث میں ان کی کتاب بستان المحدثین اور عجالہ نافعہ ہیںجو آج بھی اپنے موضوع پر مرجع کی حیثیت رکھتی ہیں۔ شیعہ سنی اختلاف پر ان کی ایک مفصل کتاب تحفہ اثنا عشریہ ہے۔ یہ بھی اپنے موضوع کی معرکہ آرا کتاب ہے۔اس کتاب کے علاوہ اوربھی مختلف علمی موضوعات پر انھوں نے متعدد رسالے تصنیف کیے جن میں سے کئی مطوعہ شکل میںدستیاب ہیں۔ان تصنیفی کاموں کے علاوہ ان کا ایک اہم تصنیفی کام ان کی تفسیر ہے ۔یہ تفسیر جیسا کہ پہلے عرض کیاگیا فتح العزیز کے نام سے لکھی گئی۔اس تفسیرکے علاوہ قرآنیات پر ان کی اور بھی خدمات ہیں۔ذیل کے صفحات میں ان کی مجموعی قرآنی خدمات کا تعارف پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
شاہ عبدالعزیز کی قرآنی خدمات
حضرت شاہ عبدالعزیز دہلوی کوقرآن فہمی کا خاص ذوق تھا اوراشاعت قرآن کی بھی ان کے اندر بڑی لگن تھی۔انھوں نے عمر بھر اشاعت قرآن کے لیے جد و جہد کی۔ان کی قرآنی خدمات کا اگر جائزہ لیا جائے تو وہ کئی طرح کی ہیں تاہم ان کو درج ذیل حصوں میں تقسیم کیا جا سکتا ہے:
ا۔درس قرآن
ب۔فتاوی عزیزیہ میں قرآنی مباحث
ج۔افادات عزیزیہ
د۔تفسیر عزیزی المعروف بہ وعظ عزیزی
ہ۔تفسیر فتح العزیزیا تفسیر عزیزی
ذیل کے صفحات میں ان کی ان تمام قرآنی خدمات کا تعارف کرانے کی کوشش کی گئی ہے۔
۱۔درس قرآن
حضرت شاہ عبدالعزیز نے درس قرآن کا سلسلہ شروع کیاتھا جو تمام عمر قائم رہا ۔ان کا درس بہت مقبول تھا ۔درس قرآن کی یہ روایت ان کی خاندانی روایت تھی۔اس خاندان کا ایک مقصد حیات ہی قرآن کی ترویج و اشاعت تھا۔اگرچہ یہ بات یقین کے ساتھ نہیں کہی جا سکتی کہ انھوں نے درس قرآن کے اس سلسلے کا آغاز کب کیا تھا لیکن قیا س کیا جا سکتا ہے کہ یہ کام انھوں نے جوانی میں ہی شروع کر دیاتھا۔اس کی ایک دلیل تو یہ ہے کہ اس خاندان میں درس قرآن کی روایت پہلے سے چلی آرہی تھی۔ دوسری دلیل یہ ہے کہ حضرت شاہ عبدالعزیزکے ملفوظات میں لکھا ہے کہ انھوں نے ایک مرتبہ اپنے بارے میں فرمایا کہ کسی شاعر نے مجھے یہ قطعہ سنایا:
جامع علم وعمل شیخ الوری عبد العزیز
آنکہ او اندر جوانی کار پیران می کنند
بسکہ استمداد دارد از سحاب معنوی
بحر مواج است چون تفسیرقرآن می کند(۱)
(علم و عمل کے جامع شاہ عبد العزیز و ہ ہستی ہیں جو جوانی میں بھی بزرگو ںوالے کام انجام دیتے ہیں۔ چوں کہ وہ سحاب معنوی سے استمداد کر تے ہیں اس لیے تفسیر قرآن کرتے وقت ٹھاٹھیں مارنے والاسمندر معلوم ہوتے ہیں۔)
حضرت شاہ صاحب نے اس شاعر کا نام تو نہیں بتایا لیکن اس قطعے میں ایک ایسا اشارہ ضرور ملتا ہے ، جس سے یہ قیاس کیا جا سکتا ہے کہ وہ اپنی جوانی کے زمانے سے ہی درس قرآن دیا کرتے تھے۔یہ بات معلوم ہے کہ انھوں نے تفسیر لکھنے کا آغاز ۴۹ ؍سال کی عمر میںکیا تھا۔گویا جب انھوں نے تفسیر لکھنے کا آغاز کیا تو اس وقت تک اس کی تفسیر دانی کافی معروف ہو چکی تھی۔مذکورہ بالاقطعہ کی روشنی میں مولانا نسیم احمد فریدی نے لکھا ہے کہ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ انھوں نے جوانی میں تفسیر لکھی تھی۔اس پر پروفیسر عضدالدین خاں نے تنقیدبھی کی ہے کہ یقین کے ساتھ معلوم ہے کہ انھوں نے ۴۹ ؍سال کی عمر میں تفسیر لکھی تھی اور یہ عمرجوانی کی نہیںہوتی ،تاہم اس قطعہ سے یہ بات تو ثابت ہو ہی جاتی ہے کہ انھوں نے جوانی میں ہی درس قرآن کا سلسلہ شروع کردیا تھا۔
حضرت شاہ عبدالعزیز کا درس قرآن روزانہ نہیںہوتا تھا۔وہ ہفتے میںصرف دو دن جمعہ اور منگل کے روز ہی درس قرآن دیا کرتے تھے۔ان کے درس قرآن کی کیفیت ان کے ایک شاگرد اور مشہور عالم اور مناظر مولانا حیدر علی فیض آبادی نے اس طرح لکھی ہے:
’’علامہ دہلوی(حضرت شاہ عبدالعزیز) روز جمعہ اور سہ شنبہ(منگل) کو مجلس وعظ اپنے مدرسے میں منعقد کرتے تھے۔ مشتاقین وہاں جمع ہوتے تھے اور یہ وعظ کافی دیر تک ہوتا تھا۔ علماء کرام تفسیر بیضاوی، تفسیر نیشاپوری، کشاف اور دیگر تفاسیرمشکلہ اپنے سامنے رکھتے تھے اور سمجھ لیتے تھے کہ اس وقت فلاں اشکال کو فلاں تفسیر میں سے حل فرمایا گیا ہے۔ میں نے بارہا یہ دیکھا کہ جس شخص کے دل میں کسی قسم کااعتراض یا شبہ آتا تھا آپ کی تقریر سے وہ شخص مطمئن ہو جاتا تھا۔ آپ کے فیض صحبت سے اکثر غیرمسلم مسلمان ہو جاتے اور شک و تردد والے قوت اعتقاد حاصل کرتے تھے۔ فقیر کا سفر دہلی محض تحقیق مذہب کے سلسلے میں ہوا تھا جب اس بابرکت صحبت میں التزام کے ساتھ رہا تو تمام شکوک واوہام ختم ہو گئے۔(۲)
مولانا حیدر علی خود ان دروس میں شریک رہے اس لیے ان کی بات استناد کا درجہ رکھتی ہے۔ان کے ایک اور شاگردابو الفرید امام الدین نے بھی شاہ صاحب کے دروس نقل کیے تھے اور ان دروس کا ایک حصہ شائع بھی کیاتھا جس کا تذکرہ ہو چکا۔انھوں نے بھی شاہ صاحب کے درس قرآن کی یہی کیفیات لکھی ہیں کہ وہ جمعہ اور سہ شنبہ کو درس دیا کرتے تھے۔(۳)
مولانا عبدالحی لکھنوی نے حضرت کے درس قرآن کے بارے میں لکھا ہے کہ ان کا درس قرآن کا سلسلہ ان کی وفات سے چند یوم قبل تک جاری رہااور انھوں نے آخری درس قرآنإِنَّ أَكْرَمَكُمْ عِنْدَ اللَّهِ أَتْقَاكُمْ کا دیا تھا۔(۴)
حضرت شاہ صاحب کے بہت سے تلامذہ نے بھی قرآنی خدمات انجام دی ہیں۔ قاضی ثنا اللہ پانی پتی نے بھی تفسیر مظہری لکھی ہے ان پر یقنا ان دروس کے اثرات رہے۔تاہم ان کو الگ سے ذکر نے کی ضرورت نہیں ہے۔
ب۔فتاوی عزیزیہ میں قرآنی مباحث
فتاوی عزیزیہ حضرت شاہ صاحب کی بہت اہم تصنیف ہے۔اس کتاب میں انھوں نے قرآن کریم کی بہت سی آیات کی تفسیر کی ہے۔کہیں کسی مسئلے کی وضاحت کے حوالے سے اور کہیں کسی کے استفسارپر۔ حاجی محمد زکی کے زیر اہتمام فتاوی عزیزیہ کا اردو ترجمہ شائع ہوا ہے۔ اس میں ایک اہتمام یہ بھی کیا ہے کہ تمام فتاوی کو ابواب کی ترتیب کے ساتھ مرتب کردیا ہے اس کی وجہ سے ان سے استفادہ آسان ہو گیا۔ اس اشاعت میں صفحہ ۱۵ ؍سے ۵۰ ؍تک باب التفسیر والتشریح ہے۔ اس باب میں فتاوی کے اندر مذکور تفسیری مباحث کو یکجا کر دیا ہے۔تاہم ان فتاوی کا ایک نسخہ مطبع مجتبائی سے بھی شائع ہوا تھا ۔وہ نسخہ فارسی میں ہے اور اس میں بھی قرآنیات کامستقل باب ہے۔فتاوی کایہ حصہ بھی ان کی قرآنی خدمات کا حصہ ہے۔اس میں ایک ایک یا دو دو آیتوں کی تفسیر ایک ساتھ ہے۔اس حصے میں عام اسلوب سوال و جواب کا ہے یعنی کسی آیت سے متعلق کوئی سوال آیا اس کا جواب لکھ دیا۔اس حصے میں بہت سی آیات کی تفسیر تفسیر عزیزی کے مسودات سے نقل کی گئی ہے ۔جگہ جگہ اس کا بھی حوالہ ہے۔ ان جوابات میں بھی تفسیرقرآن اور تمام علوم اسلامیہ کے بڑے منفرد نکات بیان ہو گئے ہیں۔
ج۔افادات عزیزیہ
حضرت شاہ عبد العزیز کی ایک کتاب افادات عزیزیہ کے نام سے بھی ملتی ہے۔ مولانا نسیم احمد فریدی نے اس کتاب کا نام اسئلہ و اجوبہ لکھا ہے۔ اس پر پروفیسر عضدالدین خاں نے تنقید کی ہے اور لکھا ہے کہ ندوہ میں اس کے دو مخطوطات ہیں اور ان پرافادات عزیزیہ ہی لکھا ہے۔(۵)
ویسے علی گڑھ کے کتب خانے میں جو نسخہ ہے اس کانام اسئلہ و اجوبہ ہی ہے۔اس لیے اس کا امکان ہے کہ یہ دو الگ الگ کتابیں ہوںاور اسلوب نگارش ایک جیسا ہونے کی وجہ سے محققین کو التباس ہو گیا ہو۔
افادات عزیزیہ در اصل اپنے دور میں فاصلاتی تعلیم کی ایک مثال ہے۔یہ کتاب بنیادی طور پر خطوط کا مجموعہ ہے۔شاہ ولی اللہ محدث دہلوی کے ایک شاگردحاجی رفیع الدین فاروقی مرادآبادی بذریعہ خط حضرت عبدالعزیز کی خدمت میںقرآن مجید سے متعلق اپنے سوالات بھیجتے تھے،حضرت ان کے جواب دیتے۔اس طرح خطوط کے ذریعے انھوں نے حضرت شاہ صاحب سے تفسیر پڑھی۔ ان خطوط اور نکات کو بعد میں انھوں نے کتابی صورت میں مرتب کر دیا۔حضرت شاہ رفیع الدین فاروقی نے اس پر ایک مقدمہ بھی لکھا ہے۔اس میں اس پوری کیفیت کو خود بھی بیان فرمایا ہے وہ لکھتے ہیں:
’’حضرت شاہ عبدالعزیزسلمہ اللہ تعالی نے ایک تفسیرتالیف کی ہے جس کانام فتح العزیز ہے۔ ابھی اس کے مسودات بیاض کی منزل تک نہیں پہونچے ہیں۔یوں تو اس میں تحقیقات بسیاراورلطائف بے شمار تحریر ہوئے ہیں۔مگرپانچ علوم پرخصوصیت سے بحث کی گئی ہے۔
۱۔ سورتوں کے عنوانات اور اجمالاًہر سورت کا مضمون۔
۲۔ بعض آیات کا بعض کے ساتھ ربط ۔
۳۔ متشابہات القرآن ۔
۴۔قصص و احکام قرآنی کے اسرار۔
۵۔لطائف نظم قرآن۔
مصنف سلمہ اللہ تعالی نے ان پانچوں علوم کے نمونے جستہ جستہ فقیر محمد رفیع الدین مراد آبادی کو مکاتیب کی شکل میں روانہ فرمائے۔ ان کے بارے میں احقر نے جو سوالات کیے اُن کے جوابات بھی مکاتیب میں لکھے۔ میں نے ان سب کو ان اوراق میں جمع کر دیا۔ واللہ ولی التوفیق‘‘(۶)
چوںکہ یہ تمام سوالات قرآن مجید کی تفسیر سے متعلق تھے اس لیے اس کتاب کوبھی قرآنی خدمات کے ذیل میں رکھا جا سکتا ہے۔اس کتاب کے کئی قلمی نسخے دستیاب ہیں۔مولانا نسیم احمد فریدی نے اس کے چار مخطوطات کا ذکر کیا ہے ایک دارالعلوم ندوۃ العلما میں ایک علی گڑھ مسلم یونی ورسٹی میں ایک مظاہر العلوم میں اور ایک نسخہ رام پور کے شہر قاضی کے کتب خانے میں۔(۷)
شاہ عبدالعزیز کی یہ کتاب ابھی تک غالبا اشاعت کی منتظر ہے، اگر یہ کتاب شائع ہو جائے تو اس سے شاہ عبدالعزیزکی قرآنی خدمات کو سمجھنے میں بہت مدد ملے گی۔اس کتاب کے مرتب کا انداز بیان یہ بتا رہا ہے کہ یہ حضرت شاہ صاحب کی قرآنی فکر کا خلاصہ ہوگی۔
د۔تفسیر عزیزی المعروف بہ وعظ عزیزی
تفسیر عزیزی المعروف بہ وعظ عزیزی شاہ عبدالعزیز کے دروس قرآنی پر مشتمل ایک کتاب ہے، یہ ان کے ایک شاگردابوالفرید امام الدین (۸) نے لکھی ہے۔در اصل ابو الفرید امام الدین نے دہلی میں حضرت شاہ عبدالعزیزی کے دروس میں شرکت کی اور ان میں سے کچھ دروس نقل کیے۔بعد میں ان دروس کو کتابی شکل میں شائع کردیا۔ اس سلسلے کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے وہ خود لکھتے ہیں:
’’وارثین انبیا کے ان سردار کا قدیم زمانے سے یہ معمول تھا کہ سہ شنبہ(منگل) اور جمعہ کے روز درس قرآن و حدیث دیا کرتے تھے۔آیات اور سورتوں کے رابطے کوہزاروں نکات کے ساتھ ایسے بیان فرماتے تھے کہ ہر شخص کی سمجھ میں آجائے۔۔۔میںان کی اس دل پذیر تقریر کو لکھنے کا ارادہ کیا اور سورہ مومنون سے سورہ الصافات تک ان کی تقریر قلم بند کی۔‘‘(۹)
ابو الفرید امام الدین نے اس طرح یہ کتاب مرتب کرکے شائع کی۔ اس مطبوعہ نسخے میں۲۵۹ ؍صفحات ہیں اور یہ نسخہ دہلی میں مطبع انصاری سے شائع ہوا،سنہ اشاعت مذکور نہیں ہے۔اس نسخے میںسورہ المومنون سے سورہ یسین تک کی تفسیر ہے۔(۱۰)
پروفیسر عضدالدین خاں نے اس نسخے کا تعارف کراتے ہوئے لکھا ہے کہ:
’’اس کتاب کو دیکھنے سے اندازہ ہوتا ہے کہ در حقیقت یہ شاہ صاحب کے درس قرآن میں لیے گئے نوٹ ہیں، جنھیں امام الدین صاحب نے دوران درس قلم بند کیا ہے۔اسی وجہ سے مفصل نہیں ہیں۔ مگر انداز بالکل وہی ہے جو تفسیر فتح العزیز کا ہے۔فرق صرف اتنا ہے کہ فتح العزیز مفصل ہے اور مستقل تصنیف ہے اور وعظ عزیزی ان کے درس کا خلاصہ ہے۔‘‘(۱۱)
ہ۔فتح العزیز یا تفسیر عزیزی
قرآنی خدمات میں حضرت شاہ عبد العزیز کا سب سے بڑا کارنامہ ان کی تفسیر عزیزی ہے۔انھوں نے تفسیرفتح العزیز یا تفسیر عزیزی کے نام سے قرآن مجیدکی یہ تفسیرلکھی۔یہ تفسیرقرآن مجید کے سوا تین پاروں کی تفسیر ہے۔ دو پارے آخر کے اور سوا پارہ شروع کا۔یہ حصہ مطبوعہ ہے اور عوام و خواص میں کافی مقبول ہے۔اس تفسیر کے سلسلے میں ایک سوال یہ پیدا ہو تا ہے کہ کیا حضرت شاہ صاحب نے اتنی ہی تفسیر لکھی تھی یا اس سے زیادہ لکھی تھی۔ایک سوال یہ بھی ہے کہ اس تفسیر کے لکھنے کی کیفیت کیا تھی۔ذیل میں مختلف عناوین کے تحت اس تفسیر کا تعارف کرانے کی کوشش کی گئی ہے۔ اس سلسلہ میں درج ذیل چند باتیں عرض کی جاتی ہیں۔
فتح العزیز یا تفسیر عزیزی کی تاریخ
دستیاب تفسیر میں حضرت شاہ عبدالعزیز نے ایک مختصر مقدمہ لکھا ہے۔ اس میں انھوں نے وضاحت کی ہے کہ انھوں نے شیخ مصدق الدین عبداللہ کے کہنے پر یہ تفسیر لکھی تھی، بلکہ یہ تفسیر شاہ صاحب نے اس وقت لکھی تھی جب ان کی بینائی جا چکی تھی اس لیے حضرت نے اپنے قلم سے نہیں لکھی تھی،مصدق الدین کواملا کروائی تھی۔ اس تفسیرکے مقدمے میںمزید لکھا ہے کہ اس تفسیر کے لکھنے کا مقصد یہ تھا کہ مسلمان جن سورتوں اور آیات کوپنج وقتہ نمازوں میں پڑھتے ہیں یاپھر ایصال ثواب کے لیے پڑھتے ہیں ان حصوں کا ترجمہ و تفسیر لکھا جائے تاکہ لوگوں کو یہ معلوم ہو کہ وہ کیا پڑھ رہے ہیں۔ چنانچہ حضرت نے آخری دو پارے اور شروع کے ڈھائی پاروں کی تفسیر لکھی۔شروع کے ڈھائی پارے یعنی سورہ بقرہ کی تفسیر لکھی۔ حضرت نے سورہ بقرہ کی تلاوت سے اپنے والہانہ شغف کا بھی اس مقدمے میں ذکر کیا ہے۔اس لیے یہ بات یقینی ہے کہ حضرت نے سورہ بقرہ کی مکمل تفسیر لکھی تھی لیکن اب شروع کے صرف سوا پارے کی تفسیر دستیاب ہے۔
حضرت شاہ عبدالعزیز کے مقدمہ سے یہ خیال پیداہوتا ہے کہ انھوں نے کم و بیش اتنے ہی حصے کی تفسیر تصنیف کی تھی جتنی عام طور پر دستیاب ہے۔ لیکن کچھ شواہد ایسے بھی ہیں جن کی روشنی میں معلوم ہوتا ہے کہ انھوں نے بعد میں پورے قرآن کی تفسیر بھی لکھی تھی۔ یہ شواہد حسب ذیل ہیں:
(۱)پہلی دلیل یہ ہے کہ حضرت شاہ عبدالعزیز نے فتاویٰ عزیزیہ میں متعدد مقامات پر لکھا ہے کہ ہم یہاں اس آیت کی تفسیر فتح العزیز سے نقل کرتے ہیں۔ اسی طرح سورہ نساء، سورہ سجدہ اور سورہ آل عمران وغیرہ متعدد سورتوں کی تفسیر کے حوالے ہیں۔ ان حوالوں کی روشنی میں یقین کے ساتھ کہا جا سکتا ہے کہ انھوں نے تفسیر مکمل لکھی تھی۔
(۲)دوسری دلیل یہ ہے کہ شاہ رفیع الدین مرادآبادی نے جو حضرت کے معاصر ہیں اپنی کتاب میں لکھا ہے کہ حضرت شاہ عبدالعزیزسلمہ اللہ تعالیٰ نے ایک تفسیرتالیف کی ہے جس کانام فتح العزیز ہے۔ ابھی اس کے مسودات بیاض کی منزل تک نہیں پہونچے ہیں۔
(۳) تیسری دلیل ہے کہ مولانا عبدالحی لکھنوی نے نزھۃ الخواطر میں لکھا ہے کہ یہ تفسیر کئی ضخیم جلدوں میں تھی۔ اس کا اکثر حصہ ۱۸۵۷ میں سعی انقلاب کے دوران ضائع ہو گیا۔ صرف پہلی اور آخری جلد باقی رہ گئی۔ (۱۲)
مولانا عبدالحی لکھنوی کی تحقیق خود استناد کا درجہ رکھتی ہے۔اس لیے ان کو یقین سے معلوم ہوگا کہ یہ تفسیر مکمل ہو گئی تھی۔
(۴) چوتھی دلیل یہ ہے کہ ندوۃ العلماء، لکھنؤ کے کتب خانے میں اس کا ایک نسخہ موجود ہے جس میں سورہ مائدہ کی ۳۰ آیات کی تفسیرہے۔کیا عجب ہے کہ یہ اسی تفسیر کی باقیات میں سے ہو۔
(۵) پانچویں دلیل یہ ہے کہ شاہ صاحب کو اپنی تفسیرکے لکھنے پر بڑی مسرت ہوئی تھی۔ ایک خط میں انھوں نے اس تفسیر کو اپنے لیے سرمایہ مسرت بتایا ہے۔ ’’تفسیر فتح العزیز و امثال اہل تصانیف را اگر بہ فقیر نسبت کنند موجب شادمانی خاطر می گرود۔‘‘ (۱۳)
قرآن مجید کے شروع اور آخر کے حصے تفسیر جو عام طور پر دستیاب ہے وہ انھوں نے اپنی وفات سے اکتیس سال پہلے لکھی تھی اس لیے امکانی طور پر یہ بات کہی جا سکتی ہے کہ ان کو اپنی تفسیر پسند بھی تھی اور بعد میںاکتیس سال کا وقفہ بھی ملا، تو اس عرصے میں یہ تفسیریقینا مکمل کر لی ہوگی۔
(۶) چھٹی دلیل یہ ہے کہ وہ مدت العمر درس قرآن دیتے رہے۔ اس میں کیا استبعاد ہے کہ ان کے درس کو ان کے تلامذہ نے قلم بند کر لیا ہو اور پھر اس کو مکمل تفسیر کی شکل دے دی ہو۔
مذکوہ بالادلائل سے یہ ثابت ہو جاتاہے کہ حضرت شاہ صاحب نے قرآن مجید کی مکمل تفسیر لکھی تھی۔اتفاق ایسا ہوا کہ جنگ آزادی کے ہنگاموں میں اس کا کچھ حصہ ضائع ہوگیا۔ جس کا کچھ حصہ مرور ایام میں ضائع ہو گیا۔ اس لیے بعض حضرات نے یہ دعوی کیا ہے کہ انھوں نے تفسیر عزیزی کا تکملہ لکھا تھا۔
اوپر مذکور گفتگو سے یہ تو ثابت ہوگیا کہ حضرت شاہ صاحب نے مطبوعہ تفسیر کے علاوہ بھی قرآن مجید کے بقیہ حصوں کی تفسیر لکھی تھی لیکن یہاں ایک سوال یہ بھی پیدا ہوتا ہے وہ یہ کہ کیا شاہ عبدالعزیز نے قرآن کی مکمل تفسیر لکھی تھی یا یہ تفسیر ادھوری رہ گئی تھی۔اس سوال کی وجہ یہ ہے کہ بعض حضرات یہ دعوی کرتے ہیں کہ انھوں نے تفسیر عزیزی کا تکملہ لکھا تھا۔اس سلسلے میں عرض ہے کہ بظاہر انھوں نے پورے قرآن مجید کی تفسیر لکھی تھی۔لیکن ان کے سلسلے میں یہ مشہور ہے کہ کچھ لوگوں نے ان کی تفسیر کی تکمیل بھی کی جیسے پروفیسر عضدالدین خاں اور دوسرے لوگوں نے لکھا ہے کہ نواب سکندر جہاں بیگم نے مولوی حیدر علی فیض آبادی کے ذریعے اس کا تکملہ تحریر کروایا، جو ۲۷ جلدوں پر مشتمل تھا۔(۱۴)بظاہر یہ مبالغہ آرائی ہے۔ جو کتاب خود ۲۷ جلد میں نہیں اس کا تکملہ اس سے بڑا کیسے ہو سکتا ہے۔دوسری بات یہ ہے کہ اگرایسا ہوا بھی کہ تفسیر عزیزی کا کوئی تکملہ لکھا گیا تواس کی وجہ لازما یہ نہیں ہوگی کہ یہ تفسیر ادھوری رہ گئی تھی۔اس کی وجہ غالبا یہ بھی ہو سکتی ہے کہ جب اصل تفسیر ضائع ہو گئی تو جو حصے موجود تھے ان کے علاوہ دوسرے حصوں کی تفسیر لکھی گئی ہو اور اس کو تکملہ کا نام دیا گیا ہو۔
مولانا برہان الدین سنبھلی نے معارف میںتکملہ تفسیر عزیزی کے ایک ناقص نسخے کا تعارف کرایا ہے ۔اس تکملہ کی چار جلدیں دارالعلوم ندوۃ العلما کے کتب خانے میں موجود ہیں۔یہ تکملہ سورہ بقرہ کی آیت و ان تصوموا خیرا لکم سے پانچویں پارے کے آخر تک ہے۔ اس میں بڑے سائز کے تقریبا تین ہزار صفحات ہیں۔(۱۵) سر دست اس کے بارے میں کچھ کہنامشکل ہے ۔یہ تحقیق کا مسئلہ ہے کہ اس تکملہ کا استناد کتنا صحیح ہے۔لیکن پھر بھی دو باتیں توجہ طلب ہیں ایک یہ کہ کسی بھی کتاب کا تکملہ کسی بھی کتاب کے آخر کا ہو تا ہے، شروع کا نہیں۔ دوسرا یہ کہ سورہ بقرہ کی تفسیر تو سب کے نزدیک حضرت شاہ صاحب لکھ ہی چکے تھے پھر اس کے تکملے کی ضرورت کیوں پیش آئی۔اس سے بھی یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ تکملہ کے نام سے جو کتاب لکھی گئی وہ دراصل ضائع شدہ حصوں کی تفسیر تھی واقعتا تکملہ نہیں تھی۔
مولوی رحمان علی نے تفسیر فتح العزیز کو سورہ بقرہ اور قرآن کے آخری دو پاروں کی تفسیر لکھا ہے۔(۱۶)لیکن اس سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ انھوں نے صرف اتنی ہی تفسیر لکھی تھی۔رحمان علی نے معروف و مشہور بات نقل کردی۔ورنہ انھوں نے تفسیر تو پوری لکھی تھی جیسا کہ اوپر دلائل کے ذریعے ثابت کیا جا چکا ہے۔
یہاں ایک سوال اور پیدا ہو تا ہے کہ آخر ان کی تفسیر کا اتنا حصہ ہی کیوں شہرت پذیر ہوا جس کا تذکرہ انھوں نے اپنے مقدمے میں کیا ہے اور بقیہ حصہ معروف کیوں نہیں ہوا۔تو اس کا جواب یہ ہے کہ انھوں نے شروع اور آخری حصے کی تفسیر پہلے لکھی تھی اور اس کو عوام کے درمیان شائع بھی کردیا تھا چوں کہ ان کا اصل مقصد اسی حصے کو عوام میں معروف کرانا تھا اس لیے ان دونوں حصوں کی شہرت زیادہ ہو گئی۔ بقیہ حصے بعد میں لکھے تھے ان کی اشاعت بھی اس پیمانے پر نہیں ہوئی تھی اور ہو سکتا ہے کہ ان حصوں پر نظر ثانی بھی کرنے کا خیال ہو، اس لیے ان کی اتنی شہرت نہیں ہوپائی۔ دوسرا حادثہ یہ گزرا کہ حضرت شاہ عبدالعزیز انگریزوں کے خلاف تھے، اس لیے ۱۸۵۷ کی سعی انقلاب کے ناکام ہونے کے بعد انگریزوں نے حضرت شاہ عبدالعزیز کی باقیات سے بھی انتقام لیا۔ جیسے ان کی مسجد شہید کر دی۔ ظاہر ہے اس میں ان کا کتب خانہ بھی ضائع ہو گیااس طرح یہ عظیم تفسیر ہندستانی جنگ آزادی کی نذر ہو گئی۔
حضرت شاہ عبدالعزیزکی تفسیر کے ضائع ہونے کا ایک ثبوت یہ ہے کہ دستیاب تفسیر کے مقدمے سے پوری طرح واضح ہے کہ انھوں نے سورہ بقرہ کی تفسیر مکمل لکھی تھی لیکن اب مطبوعہ تفسیر میں صرف ایک پارہ کی تفسیر ملتی ہے اور دوسرے پارے کے ابتدائی حصے کی تفسیر ملتی ہے اور کتاب اس طرح ختم ہوتی ہے کہ جس آیت کی تفسیر کر رہے تھے وہ بھی ادھوری ہے۔بظاہر ہوا یہی ہے کہ اس کا نسخہ بھی ضائع ہو گیا۔ اشاعت کے وقت جتنا مل سکا اتنا شائع کر دیا۔
خلاصہ یہ ہے کہ حضرت شاہ عبدالعزیز نے شروع میں سورہ بقرہ اور آخری دو پاروں کی تفسیر لکھی تھی۔ وہ لوگوں میں بہت مقبول ہو گئی۔ بعد میں انھوں نے پورے قرآن کی تفسیر لکھی۔ اس کو ویسی شہرت حاصل نہ ہو سکی اور ۱۸۵۷ میں اس کا اکثر حصہ ضائع بھی ہو گیا۔
حضرت شاہ عبدالعزیز نے اس تفسیر کے مقدمہ میںیہ بھی لکھا ہے کہ انھوں نے اس تفسیر کی تالیف میں کسی کتاب سے مراجعہ نہیں کیا۔ یعنی یہ تفسیر مکمل طور پر بغیر کسی دوسری تفسیر کے فوری مراجعہ کے لکھی گئی تھی۔ علم کا یہ بحر ذخار صرف حضرت شاہ عبدالعزیز کے حافظے اور قدیم مطالعہ پر مبنی تھا۔مشہور ہے کہ تفسیر عزیزی کے بارے میں مولانا انور شاہ کشمیری فرمایا کرتے تھے کہ اگر تفسیر عزیزی مکمل ہو جاتی تو پوری امت کی طرف سے قرآن کا ایک حق ادا ہو جاتا۔اندازہ کیا جا سکتا ہے کہ حضرت شاہ عبدالعزیز کی علوم اسلامی پر کیسی دقیق نظر تھی۔تفسیر عزیزی میں احادیث ،ان کے روات ان کے حوالوں وغیرہ کا جس طرح اہتمام ہے وہ کوئی حافظ حدیث ہی کر سکتا ہے۔
تفسیر فتح العزیز کی تالیف کے دوران مشکلات
تفسیر فتح العزیز اگرچہ املا کرائی گئی تھی، لیکن اس کی تصنیف کے وقت حضرت شاہ صاحب کے سامنے بہت سی مشکلات تھیں، جو اس تفسیر کی تصنیف میں ممکنہ رکاوٹین بن رہی تھیں۔جیسے حضرت شاہ عبدالعزیزنے اس تفسیر کے مقدمے میں لکھا ہے کہ مفسر کے لیے ضروری ہے کہ اس کے اندر استعداد بلند، فطرت ارجمند، معنی آفرینی پر قدرت، تخیل کی بلند پروازی کی طاقت، مبدأ فیاض سے خصوصی ربط، صفائے باطن کے اصولوں پر کاربند دل، ظاہری طور پر اطمینان، باطنی طور پر سکون و طمانیت حاصل ہو۔
شاہ عبدالعزیز فرماتے ہیں کہ یہ سب صلاحیتیں مفسر کے لیے ضروری ہیں لیکن میرے اندر یہ سب مفقود ہیں۔ان مسائل کے ساتھ کچھ ایسے مسائل ہیں جو مفقود ہونے چاہئیں، لیکن وہ سب میرے اندر موجود ہیں ۔جیسے یکسوئی کو متاثر کرنے والے اور باطنی اطمینان کو مفقودکرنے والے اسباب نہیں ہو نے چاہئیں،وہ سب ہیں۔ اوپر سے امراض گھیرے ہوئے ہیں، طرح طرح کی پریشانیاں مسلط ہیں، دل و دماغ ضعیف ہیں اور حالات کی تنگی ہے۔یہ سب احوال اس تفسیر کے لکھنے میں مانع ہیں۔ یعنی مثبت امور ناپیدہیں اور منفی امور کا ہجوم ہے۔ اس کے باوجود ان نامساعد حالات میں یہ تفسیر لکھی گئی۔ جب یہ تفسیر مکمل ہو گئی تو خود ان کے بقول یہ مجموعہ کشکول کی طرح بن گیا جس میں ہر قسم کی نعمتیں ایک ساتھ فراہم ہیں۔ یا خرقہ گدائی کی طرح ہو گیا جس میں طرح طرح کے پیوند لگے ہیں۔ یعنی اس میں مختلف قسم کے نکات و معانی جمع ہو گئے ہیں۔
ایک بات کی وضاحت یہ بھی ضروری ہے کہ اوپر جو باتیں انھوں نے لکھی ہیں ان کا تعلق فن تفسیر کی شرائط سے نہیں ہے۔ علوم و فنون کے تو وہ خود بحر ذخار تھے۔مفسر کے لیے جو فنی شرائط ہیں ان کا مسئلہ نہیں ہے وہ تو ان کے اندر بدرجہ اتم موجود تھے۔ یہ سب ظاہری مسائل و عوارض تھے، جن کی طرف حضرت شاہ صاحب نے اشارہ کیا ہے۔
تفسیر فتح العزیز کی خوبیاں
تفسیر فتح العزیز میں بڑی خوبیاں ہیں سب کا احاطہ کرنا ممکن نہیں تاہم چند اہم خوبیوں کا تذکرہ ذیل میں کیا جاتا ہے:
زبان کی سادگی:
تفسیر فتح العزیز عام مسلمانوں کے لیے لکھی گئی تھی اس کا مقصد نکتہ آفرینی نہیں تھا بلکہ قرآن کے پیغام کو عام لوگوں تک پہنچاناتھا۔اس لیے حضرت شاہ صاحب نے اس تفسیر کو نہایت سادہ زبان میں لکھا ہے۔اس کا اسلوب نگارش بھی عام فہم اور سادہ ہے۔اس بات کا ذکر خود حضرت شاہ صاحب نے بھی اس کے مقدمے میں کیا ہے کہ:
’’اس کتاب میں ایسی سادہ فارسی زبان استعمال کی گئی ہے جو اس علاقے میں رائج ہے اور جو تمثیلات لوگ جانتے ہیں انہی کو شامل کیا گیا ہے۔ عربی تفسیروں کی غیر ضروری طوالت کو حذف کر دیا ہے اور بعید از فہم توجیہات کو چھوڑ دیا ہے۔ اسی طرح ضعیف روایات پر نقد و جرح بھی کی ہے۔‘‘ (۱۷)
اس تفسیر کی سب سے اہم خوبی اس کی سادگی اور اس کا عام فہم ہو نا ہے۔
سورہ کا تعارف
حضرت شاہ عبدالعزیز نے تفسیر میں سورتوں کے تعارف کو بھی شامل کیا ہے۔یہ ان کی ایسی ندرت ہے کہ شاید تفسیرکی تاریخ میںیہ ایک انقلابی قدم ہو۔ بعد میںدوسرے مفسرین خاص طور پر اردو کے مفسرین نے یہ روش اختیار کی۔ حضرت شاہ صاحب کسی بھی سورت کی تفسیر لکھنے سے پہلے اس سورت کا تعارف کرواتے ہیں۔ یہ تعارف بہت جامع ہوتا ہے اوراس میں ایک طرف تو اس سورت کے مفاہیم پوری طرح آجاتے ہیں دوسری طرف سورت کے متعلقات سے بھی واقفیت ہو جاتی ہے۔سورت کا تعارف گویا قاری کے لیے ہدایت نامہ ہے کہ یہ سورت ایسی ہے اور اس میں ان باتوں پراس طرح عمل کیا جا سکتا ہے۔اس تعارف کو پیش نظر رکھ کر سورت کا مطالعہ کرنے سے سورت کے مفاہیم کی کشود زیادہ بہتر طریقے پر ہوتی ہے۔اگرچہ سورتوں کے اس مقدمہ میں جزوی طور پر تنوع ہے اور اس میں سورت کے مفہوم بیان کرنے کا اسلوب بدلتا رہتا ہے تاہم عام طور پر درج ذیل پہلوہر جگہ زیر بحث رہتے ہیں۔
۱۔سورہ کی فضیلت
سورت کے مقدمہ میں یہ بھی بیان کیا جاتا ہے کہ احادیث میںاس سورہ سے متعلق کیا فضائل بیان کیے گئے ہیں۔احادیث کو راوی کے نام کے ساتھ اور کتاب کے حوالے سے بیان کرتے ہیں۔ اگر اس سورت سے متعلق بزرگوں کے کچھ معمولات ہوں تو ان کو بھی نام کی صراحت کے ساتھ بیان کرتے ہیں۔
۲۔آیات کی تعداد
ہر سورت کے مقدمے میں اس سورت کی آیات کی تعداد،اس سورت کے کلمات کی تعداد اور سورت کے حروف کی تعداد بھی بیان کرتے ہیں۔
۳۔مکی و مدنی
مقدمہ کے شروع میں ہی یہ واضح کر دیتے ہیں کہ یہ سورہ مکی ہے یا مدنی اور اگر اس میں کسی بھی قسم کا اختلاف ہو تو اس کو بھی بیان کر دیتے ہیں۔
۴۔ گزشتہ سورت سے ربط
مقدمہ کے شروع میں یہ بتاتے ہیں کہ اس سورت کا پچھلی سورت کے ساتھ کیا ربط ہے۔سورتوں کے درمیان میں ربط کا یہ بیان بڑا دل چسپ ہوتا ہے اور اس کے ضمن میں تفسیر بہت سے مشکل مقامات کی تفہیم آسان ہو جاتی ہے۔ جیسے سورت ملک میں لکھتے ہیں کہ اس سے پہلے سورت تحریم میں ایک گھر چلانے کی بات کہی گئی ہے اور اس سورت میں ایک ملک چلانے کی بات ہے۔ گھر کی سرداری سے کائنات کی سروری کی طرف عروج ہے۔ اس کے علاوہ بھی ربط کی متعدد وجوہ کا تذکرہ کرتے ہیں۔
حضرت عبدالعزیزی کے یہاں ربط کا مطلب صرف ربط نہیں ہوتا بلکہ وہ دونوں کے درمیان مناسبت بھی تلاش کرتے ہیں۔مثال کے طور پر سورت شمس اور سورت لیل کے درمیان مناسبت بیان کرتے ہوئے لکھتے ہیں:
سورہ شمس اور اس سورت کے درمیان مناسبت وربط مختلف وجوہ سے ہے، مثلاً
(ا) دونوں میں یہ مناسبت ہے کہ دونوں کی ابتدا قسم سے ہوتی ہے۔
(ب) سورت شمس میں انسانی نفوس کا مختلف ہونا بیان ہوا تھا کہ بعض کے دل میں تقوی و نیکی کا الہام ہوتا ہے اور بعض کے دل میں بُرائی ڈالی جاتی ہے اور یہ کہ بعض لوگ نفس کی پاکیزگی میں مشغول ہیں اور بعض شہوت و غضب کی پیروی کرتے ہوئے اپنے نفس کو ذلیل و خوار کرنے میں مشغول ہیں اور اس سورت میں انسان کے اعمال و افعال کا اختلاف بیان کیا گیا ہے، کہ بعض کو سعادت و نیک بختی کے اعمال کی توفیق دی گئی ہے اور بعض بد بختی کے اعمال کرتے ہیں اور بُرائی کے راستے ان کے لیے آسان کر دیئے گئے ہیں (تو دونوں سورتوں میں بیان اختلاف کی مناسبت ہوئی)
(ج) دونوں سورتوں میں مخصوص بد بختوں کا حال بھی بیان ہوا ہے چنانچہ سورت شمس میں قذار بن سالف کا حال بیان ہوا اور اس سورت میں ایک اور بڑے بد بخت کا حال بیان ہوا جو اس اُمت کے ابتدائی دور میں تھا، یعنی امیہ بن خلف، یہ ظالم شخص حضرت بلال رضی اللہ عنہ کو سخت ترین اذیتیں دیا کرتا تھا، اور حضرت بلال جو محبت و فیض نبوی کی وجہ سے اس عظیم مقام تک پہنچ گئے تھے گویا حضرت صالح علیہ السلام کی اونٹنی کے مشابہ تھے۔(۱۸)
۵۔ سورہ کا نام
سورتوں کے نام اللہ کی طرف مقرر کردہ ہیںیعنی توقیفی ہیں۔ہر نام کی کوئی وجہ ہے، جو بہت واضح طور پرقرآن میں مذکور نہیں ہے اس لیے حضرت شاہ عبدالعزیزتفسیر کے ساتھ مختلف سورتوں کے نام رکھنے کی وجہ بھی بیان کرتے ہیں۔ یہ وجوہات عقلی ہوتی ہیں، تاہم ان کے ضمن میں سورہ کے مضامین کا بھی تعارف ہو جاتا ہے۔
سورہ کے مضامین کا خلاصہ
حضرت شاہ صاحب کی طرف سے سورتوں کے تعارف میںیہ ایک غیر معمولی اہمیت کا اضافہ ہے کہ تفسیر شروع کرنے سے قبل پوری سورت کا خلاصہ چند الفاظ میں ایک صفحہ یا آدھے صفحہ میں بیان کر دیتے ہیں۔ اگر قاری کے ذہن میں صرف شاہ صاحب کا بیان کردہ یہ مفہوم بھی ہو تو وہ سورت کے پورے مفاہیم سے بخوبی واقف ہو جائے گااور اس کو یہ معلوم ہو جائے گا کہ اس سورت میں کیا مضامین بیان کیے گئے ہیں اور اس سورت میںعام انسان کے لیے کیا باتیں یاد رکھنے اور عمل کرنے کی ہیں۔
شان نزول
سورت کے تعارف میں عام طور پرمختلف سورتوں کے شان نزول کو بھی بیان کرتے ہیں۔شان نزول کی بھی قرآن فہمی میں غیر معمولی اہمیت۔
حضرت شاہ صاحب کا معمول ہے کہ مذکورہ امور کی نشان دہی کرنے کے علاوہ سورت کے مقدمہ میں بعض دیگرامور کابھی بیان کرتے ہیںجو خاص اس سورت سے متعلق ہوں جیسے کسی لفظ کی تحقیق یا کسی تاریخی واقعہ کی تفصیل وغیرہ۔سورتوں کا یہ تعارفی مقدمہ کئی کئی صفحات پر مشتمل ہوتا ہے۔خود حضرت شاہ عبدالعزیز کی نظر میں اس مقدمہ کی بڑی اہمیت تھی اس کی خصوصی اہمیت کو بیان کرنے کے لیے اس کا بھی اہتمام کیا ہے کہ جب ایک سورت کا تعارف یعنی اس کامقدمہ مکمل ہو جاتا ہے تو باضابطہ لکھتے ہیں کہ مقدمہ مکمل ہو گیا ہے الحمدللہ۔
اصل تفسیر
ہر سورت کی تفسیر میں ان کا معمول یہی ہے کہ پہلے سورہ کی تفسیر کا مقدمہ لکھتے ہیں اس کے بعد اصل تفسیر شروع ہوتی ہے۔ اصل تفسیر میں ان کا طریقہ یہ ہے کہ ایک ایک آیت یا آیت کے جزء کو لیتے ہیں، اس کے معنی بیان کرتے ہیں، پھر اس کی تفسیر کرتے ہیں۔یہ تفسیر بہت عملی قسم کی ہوتی ہے اور اس کا طریقہ یہ ہو تا ہے کہ:
قرآن کی تفسیر قرآن سے
شاہ عبدالعزیز کا خاص کمال یہ ہے کہ انھوں نے زیادہ تر قرآن مجید کی تفسیر قرآنی آیات سے کی ہے۔یعنی کسی بھی آیت کے معنی متعین کرنے کے لیے وہ زیادہ اعتماد قرآن پر کرتے ہیں اس کے لیے وہ قرآن مجید کی مختلف آیات سے نظائر پیش کرتے ہیں جیسے:
جب بندہ کو یہ تعلیم دی کہ راہ راست طلب کرے تو اس کا تقاضا تھا کہ راہ یابوں کا بھی تذکرہ کر دے، تاکہ نیک و بد راہ میں امتیاز کر سکے اور ہر مذہب کے لوگ اس کے مدعی ہیں کہ ہم راہ راست پر ہیں…… چنانچہ راہ راست کی تفصیل صراط الذین انعمت علیم کے ذریعہ بیان کی یعنی ان لوگوں کی راہ جن پر انعام و اکرام ہوا، اوراس کی تفسیر سورہ نساء کی اس آیت سے ہوتی ہے۔ ومن یطع اللہ والرسول فاولئک مع الذین انعم اللہ علیہم من النبیین والصدیقین والشہداء والصالحین وحسن اولئک رفیقا۔ (سوری نساء،آیت ۶۹) معلوم ہوا کہ راہ راست انہی چار ملتوں انبیاء، صدیقین، شہداء اور صالحین کی راہ ہے اور بندہ کو خدا سے التجا کے وقت انہی کو نظر میں رکھنا چاہیے اور انھی کی محبت طلب کرنی چاہیے۔ اس تفصیل کا حاصل یہ ہے کہ اھدنا الصراط مستقیم راہ حق کی مہربانی ہے اور صراط الذین انعمت علیم طلب رفیق کے موضوع پر مشتمل ہے(۱۹)
ربط آیات
تفسیر عزیزی میں جس طرح سورتوں کا ربط بہت اہتمام اور گہرائی کے ساتھ بیان کیا ہے اسی طرح مختلف آیات کو باہم مربوط کیا ہے۔ ہر آیت کے بارے میں بتاتے ہیں کہ اس کا پچھلی آیت سے کیا رابطہ ہے۔بعض اوقات وہ یہ بھی بتاتے ہیں کہ پچھلی سورت کی فلاں آیت اس سورت کی اس آیت سے مربوط ہے۔یہ بات پہلے بھی کہی جا چکی ہے کہ حضرت کی نظرمیں ربط کا مطلب مناسبت ہوتاہے۔
نکات
تفسیر عزیزی میں اس کا بھی خیال رکھا جاتا ہے کہ اگرمختلف آیات کی تفسیر کے ضمن میں اگر بحث طلب امور ہوں، یا عصری اہمیت کے مسائل ہوں تو ان کو بھی مفصل بیان کرتے ہیں۔اگر بنظر غائر دیکھا جائے تو ان کی تفسیرکا اصل حصہ یہی ہے۔ اس حصے میں آیات سے مستفاددقیق معانی اور حکمتوں کو تفصیل سے بیان کرتے ہیں۔الفاظ کی خاص طور پر تحقیق کرتے ہیں۔اگر سوالات پیدا ہو رہے ہوں تو ان کو بیان کرکے ان کے جوابات دیتے ہیں۔ مثلاً :
’’سورہ ملک کی تفسیر میں سب سے پہلے برکت کے معنی بیان کیے ہیں کہ برکت کا مطلب ہے کسی چیز میں خیر کا ظاہر ہونا اور اس خیر کا ہمیشہ رہنا، پھر ملکوت کے معنی کی وضاحت کی ہے۔ سورہ یٰسین کے حوالے سے اس کے معنی کی مزید وضاحت کی ہے۔ اسی طرح آگے ہے کہ اللہ تعالیٰ نے موت اور حیات کو پیدا کیا۔ یہاں دو سوال وارد ہوتے ہیں۔ ایک یہ ہے کہ حیات موت پر مقدم ہے تو اس آیت میں موت کو مقدم کیوں کیا گیا۔ دوسرا سوال یہ ہے کہ حیات کو پیدا کرنا تو معروف ہے، لیکن موت تو حیات کے زوال کا نام ہے، پھر اس کی تخلیق کا کیا مطلب ہے۔ اس کے بعد انھوں نے ان دونوں سوالوں کا جواب دیا ہے اور پوری تفسیر میں یہی طریقہ رائج ہے۔‘‘(۲۰)
حروف مقطعات
تفسیر عزیزی کے دستیاب حصوں میں حروف مقطعات کم ہیں اس لیے یہ تو پتہ نہیں چلتا کہ حروف مقطعات کی تشریح میں ان کا پورا ذوق کیا تھا۔ تاہم بعض جگہ انھوں نے معنی بیان کیے ہیں۔ حالاں کہ تفسیر فتح العزیز کا یہ پہلو بہت مستند نہیں معلوم ہوتاہے۔ مثلاً انھوں نے سورہ ن میں لفظ نون کی تشریح کرتے ہوئے لکھا ہے:
’’ اس سورۃ کی وجہ تسمیہ یہ ہے کہ نون ابجد کے حساب سے پچاس کے عدد پر دلالت کرتا ہے اور اس سورۃ کی آیات جن پر اتفاق ہے پچاس ہیں۔ نیز حضورﷺ کی نبوت کا زمانہ پچاس سال تھا۔ ۲۳سال خود بنفس نفیس حیات ظاہری کی حالت میں و سادہ نبوت پر جلوہ افروز رہے اور اس کے بعد آپ سرکار کے خلفاء ۷۲ سال تک اسی طرز اور قانون پر عمل کر کے تشریف لے گئے جب حضور ﷺ کے وصال شریف کے ستائیسویں سال خلیفہ وقت کو حکم بنانے کے واقعہ میں اُتارا اور معزول کیا گیا تو دور نبوت منقطع ہو گیا ۔۔۔ن کا حرف سر نبوت ہے۔ نیز حرف ن کو اس سورۃ کے مطالب سے ہر عمدہ مطلب میں دخل ہے اس لیے کہ پہلے اس سورت میں حضور علیہ السلام پر اپنی نعمت بیان کر کے جنون کی نفی فرمائی ہے پھر آپ کو نہ ختم ہونے والے اجر کا وعدہ دیا گیا اور آپ کے دشمنوں کو مفتون فرمایا اس کے بعد کافروں کے بارے میں سستی کرنے سے منع فرمایا خصوصاوہ کا فرجس سے اللہ تعالی کی تو ہیں ظاہر ہوئی ہو۔ ۔۔ ‘‘(۲۱)
خلاصہ یہ ہے کہ تفسیر فتح العزیز اپنے وقت کی بہترین تفسیر ہے۔ اس تفسیر کا مقصد قرآن مجید کو عام لوگوں میں رائج کرنا تھا، بلکہ قرآن مجید کا جو حصہ لوگوں میں رائج اس حصے کو ہی عوام الناس کے لیے قابل فہم بنانا تھا۔ اس لیے اس میں نہایت آسان زبان ہے اور دقیق مسائل کی جگہ عملی قسم کے بیان کیے گئے ہیں تاکہ ذہنی مشق سے زیادہ اعضا و جوارح کی مشق ہو اور قرآن مجید کا عملی پہلو ابھر کر سامنے آئے۔
حواشی
۱۔مولانا نسیم احمد فریدی:تذکرہ حضرت شاہ عبدالعزیز،الفرقان بک ڈپو لکھنو،۱۹۹۲،ص:۶۲
۲۔ایضا،ص:۲۵
۳۔ابوالفرید امام الدین:تفسیر عزیزی المعروف بہ وعظ عزیزی،مطبع انصاری،دہلی،بدون سنہ،ص:۴
۴۔مولانا عبدالحئی لکھنوی:نزہۃ الخواطر،دار ابن حزم،بیروت،۱۹۹۹،جلد ۷ ص:۱۰۱۴
۵۔تفسیر فتح العزیز چند حقائق کی روشنی میں،از پروفیسر عضدالدین خاں صاحب،مشمولہ ماہنامہ معارف،جلد۱۰۰ شمارہ ۳،ستمبر ۱۹۶۷
۶۔تذکرہ حضرت شاہ عبدالعزیز،ص:۲۴
۷۔ایضا،ص:۲۳
۸۔ابوالفرید امام الدین اپنے وقت کے معروف عالم ہیں خاندان ولی اللہی کے شاگرد تھے اس لیے ان کو لوگ حجۃ اللہی کہا کرتے تھے۔لکھنؤ میں آباد ہو گئے تھے دینی علوم کے علاوہ فلکیات وغیرہ کا بھی اچھا علم تھا۔نزہۃ الخواطر،جلد ۷،ص:۹۲۴
۹۔ تفسیر فتح العزیز چند حقائق کی روشنی میں،از پروفیسر عضدالدین خاں صاحب،مشمولہ ماہنامہ معارف،جلد۱۰۰ شمارہ ۳،ستمبر ۱۹۶۷
۱۰۔تفسیر عزیزی المعروف بہ وعظ عزیزی،مطبع انصاری،دہلی،بدون سنہ
۱۱۔ماہنامہ معارف،جلد۱۰۰ شمارہ ۳،ستمبر ۱۹۶۷
۱۲۔نزھۃ الخواطر، جلد ۷، ص ۲۷۳
۱۳۔فتاویٰ عزیزیہ
۱۴۔معارف،ستمبر ۱۹۶۷
۱۵۔تکملہ تفسیر فتح العزیز از مولانا برہان الدین سنبھلی،مشمولہ معارف،مئی ۱۹۸۹
۱۶۔رحمان علی:تذکرہ علمائے ہند،تحقیق و ترجمہ،ایوب قادری،کراچی ۱۹۶۱،ص:۳۰۲
۱۷۔تفسیر عزیزی(فارسی)، ص۳
۱۸۔تفسیر فتح العزیز،اردو ترجمہ محمد محفو ظ الحق،لاہور ۲۰۰۸،جلد ۴،ص:۳۸۲
۱۹۔ایضا،جلد اول،ص:۸۵
۲۰۔ایضا،جلد۳،ص:۱۵
۲۱۔ایضا،ص:۴۸۔۴۹

اس کیو آر کوڈ کو اسکین کرکے ادارے کا تعاون فرمائیں یا پرچہ جاری کرانے کے لیے زرِ خریداری ٹرانسفر کریں۔ رقم بھیجنے کے بعد اسکرین شاٹ ضرور ارسال کریں تاکہ آپ کو رسید بھیجی جاسکے۔ شکریہ