معارفِ مصلح الامت کا علمی، عرفانی اور اصلاحی منصوبہ

شاہ اجمل فاروق ندوی

قرآن و حدیث کا بے آمیز اور صاف ستھرا ذوق امت کی بنیادی ضرورت ہے۔ اس ذوق کے سلسلے میں ابتدا ہی سے مختلف نوعیتوں کی کتابیں لکھی جاتی رہی ہیں۔ یہ علمی ذخیرہ اب پوری لائبریری کی شکل اختیار کرچکا ہے۔ اس ذیل میں کی جانے والی تمام کوششیں بہت مبارک و مسعود ہیں۔ اس کے باوجود ہمیں اس بات کی شدید ضرورت رہی ہے کہ قرآن و حدیث کے حقیقی ذوق کو عوام میں اتارنے کی مؤثر کوشش کی جاتی رہے۔ اس بڑی ضرورت کی تکمیل کے لیے ہر دور کے ایسے علما مفید ثابت ہوئے ہیں جن کا عوام سے گہرا تعلق رہا اور وہ اپنی سادہ زبان میں قرآن و حدیث کی بے آمیز تعلیمات کو لوگوں کے دلوں میں اتارتے رہے۔ ہندستان کے ایسے ہی علما میں ایک بڑا نام مصلح الامت مولانا شاہ وصی اللہ فتح پوری الہ آبادی کا بھی رہا ہے۔
شیخ طریقت مولانا شاہ محمد قمرالزمان الہ آبادی کی نگرانی میں کئی برسوں سے مصلح الامت مولانا شاہ وصی اللہ فتح پوری الہ آبادی کے علوم و معارف کی ترتیب و تدوین اور اشاعت کا منصوبہ (Project) چل رہا ہے۔ اس منصوبے پر کام کرنے کے لیے الہ آباد میں ادارہ معارف مصلح الأمت قائم کیا گیا۔ اس ادارے کے تحت مختلف اہل علم اور ماہرین کام کرتے رہے۔ مصلح الامت کی متعدد قیمتی کتابیں، مضامین، مواعظ اور مجالس منظر عام پر آئیں۔ کچھ دنوں پہلے الہ آباد حاضری کے موقعے پر ادارہ معارف مصلح الامت کے منتظم مولانا عبداللہ قمرالزماں قاسمی الہ آبادی نے “معارفِ مصلح الامت” کی چھٹی جلد عطا کرتے ہوئے یہ مسرت آمیز خبر بھی سنائی کہ معارف مصلح الامت کی ساتویں اور آخری جلد بھی پریس میں ہے۔ ان شاء اللہ جلد منظر عام پر آجائے گی۔
یہاں یہ غلط فہمی نہ ہونی چاہیے کہ مصلح الامت مولانا شاہ وصی اللہ الہ آبادی کی تمام علمی و عرفانی چیزیں ان سات جلدوں میں سما گئی ہیں۔ یہ سات جلدیں صرف اُن کے مجلسی ارشادات کا مجموعہ ہیں۔ رسائل کا مستقل مجموعہ “تالیفاتِ مصلح الامت” پانچ ضخیم جلدوں میں پہلے شائع ہوچکا ہے۔ کچھ کتابیں الگ سے بھی شائع ہوچکی ہیں۔ ہمارے اندازے کے مطابق مصلح الامت کے تحریری اور تقریری کاموں پر مشتمل تقریباً دس ہزار صفحات ادارہ معارف مصلح الامت اور مکتبہ دارالمعارف، الہ آباد سے شائع ہوچکے ہیں۔ اس طرح علمی و عرفانی کاموں کی حفاظت کے معاملے میں بھی مصلح الامت کو اپنے مرشد و مربی حکیم الامت مولانا اشرف علی تھانوی سے بہت مشابہت و مماثلت حاصل ہوگئی ہے۔
اردو زبان میں مشاہیر کی مجلسوں کو محفوظ کرنے کی روایت بہت پرانی ہے۔ معرفت کی دنیا میں وجود پذیر ہونے والا ملفوظاتی ادب بھی مجلسی ادب کا نہایت اہم اور بھرپور حصہ ہے۔ مجلسیں مختلف نوعیتوں کی ہوتی ہیں۔ کہیں سوالوں کے جوابات ہوتے ہیں، کہیں بہت اجمالی باتیں اور کہیں تفصیلی گفتگو۔ آخر الذکر نوعیت ہی مصلح الامت کی مجالس پر حاوی رہتی تھی۔ اُن کی مجالس سے استفادے کا شرف حاصل کرنے والا شاید ہر شخص یہ بات بیان کرتا ہے کہ مجلسوں میں مصلح الامت پر عجیب بے قراری کی سی کیفیت طاری رہتی تھی۔ وہ قرآنی آیات، احادیث نبویہ اور اقوالِ سلف کی روشنی میں لوگوں کو روحانی امراض سے دور رہنے کی تلقین کرتے تھے۔ معاشرے کے بگاڑ کو کھول کھول کر بیان کرتے تھے۔ عوام کو تنبیہ کرتے تھے اور علماء کو جھنجھوڑتے تھے۔ اندرونی تڑپ کے نتیجے میں بسا اوقات یہ جھنجھوڑنا لفظی نہیں رہ جاتا تھا، حقیقی اور جسمانی بھی بن جاتا تھا۔ وہ قریب بیٹھے ہوئے لوگوں کو پکڑ کر ہلانے لگتے تھے۔ جیسے وہ دنیوی بربادی اور اخروی تباہی کو کھلی آنکھوں دیکھ رہے ہوں اور لوگوں کے دامن پکڑ پکڑ کر آگ میں گرنے سے روک رہے ہوں۔ اُن کا علم نہایت مستحضر اور شوقِ مطالعہ حرص کی حد تک پہنچا ہوا تھا۔ اس لیے وہ اپنے رسائل، مضامین اور مواعظ میں آیات ربانی، ارشادات نبوی اور اقوال سلف کا انبار لگاتے چلے جاتے تھے۔ مقصد صرف یہ ہوتا تھا کہ لوگ کسی طرح بات سمجھ جائیں۔ کسی بھی صورت بے دار ہوجائیں۔ خود کو اور پورے معاشرے کو برباد ہونے سے بچالیں۔ اسی لیے ہم زیرِ نظر کتاب “معارف مصلح الامت” کو اصلاح و ارشاد کی عام کتاب نہیں کہہ سکتے۔
اس وقت ہمارے سامنے معارف مصلح الامت کی جلد ششم ہے۔ یہ جلد 616 صفحات پر مشتمل ہے۔ ابتدا میں فہرست کے بعد ایک صفحے کا عرض ناشر مولانا عبداللہ قمرالزمان قاسمی نے لکھا ہے اور تین صفحے کا جامع مقدمہ شیخ طریقت مولانا شاہ محمد قمرالزمان الہ آبادی کے قلم سے ہے۔ اصل کتاب صفحہ نمبر 10 سے شروع ہوتی ہے۔ کتاب میں مصلح الامت مولانا شاہ وصی اللہ الہ آبادی کی 36 مجالس کے ارشادات ہیں۔ تمام مجالس کا ایک مرکزی موضوع طے کرکے اسے عنوان بنایا گیا ہے۔ نہ جانے کیوں مجلس نمبر 12 اور 15 کو صرف مجلس کا عنوان دیا گیا ہے۔ حالاں کہ ان دونوں مجالس میں بھی یک موضوعاتی گفتگو ہے۔ مجالس کے عناوین پر نظر ڈالنے سے ہی ہمارے ذہن میں مصلح الامت کی شخصیت، فکر اور ان کے طریقۂ کار کا نقشہ واضح ہوجاتا ہے۔ جلد ششم کے عناوین یہ ہیں: قیامت کا بیان، اعتصام باللہ تعالیٰ، درجاتِ علما و صوفیہ، آدابِ مجلس، معیارِ خلافت و اجازت، دین مقصود ہے پیر مقصود نہیں، ولایت کے درجات، احکامِ خداوندی کی خلاف ورزی، صفائیِ قلب کیسے حاصل ہو؟ تبلیغِ دین کے بنیادی اصول، إن الله لا يضيع أجر المحسنين، نعمتِ عافیت کی قدر کرو، معاملات، حسنِ معاشرت، محبت کا معیار اتباع ہے، ہماری جملہ پریشانیوں کا قرآن ہی حل ہے، اللہ تعالیٰ سے تعلق کا آسان طریقہ، فرحِ بطر و فرحِ شکر، آج کسی کو نفس اور نفسانیت کا سمجھا دینا آسان نہیں اور علی گڑھ کی چودہ مجلسیں۔
ان عناوین کو دیکھ کر ہر شخص اندازہ لگا سکتا ہے کہ جس خانقاہ میں سب سے زیادہ زور رسول اللہ صل اللہ علیہ وسلم کی کامل اتباع پر ہو، جہاں ایک مرشدِ برحق دن رات تعلق مع القرآن کا درس دیتا ہو، جہاں سنت سے ہٹی ہوئی ہر وہ چیز جو بظاہر مقدس دکھائی دیتی ہو مردود و ملعون قرار دی جائے، جہاں لوگوں کو زندگی گزارنے، معاملات کرنے، حقوق ادا کرنے اور ملنے جلنے کے طور طریقے روحانی اعمال کی طرح سکھائے جاتے ہوں، ایسی خانقاہ خانقاہِ نبوی سے کتنی قریب تَر اور خانقاہ نما عمارتوں سے کتنی مختلف ہوگی۔ یہی وجہ تھی کہ خانقاہِ مصلح الامت میں عام لوگوں کے ساتھ حکیم الاسلام مولانا قاری محمد طیب، علامہ محمد ابراہیم بلیاوی، ابوالمآثر مولانا حبیب الرحمن محدث اعظمی، علامہ عبدالباری ندوی، شیخ الحدیث مولانا محمد زکریا کاندھلوی، مفکر اسلام مولانا سید ابوالحسن علی ندوی اور محی السنۃ مولانا شاہ ابرارالحق حقی جیسی عبقری شخصیات کی نیاز مندانہ حاضری ہوتی رہتی تھی۔ مولانا سید ابوالحسن علی ندوی نے مصلح الامت کی مجالس کی کیفیت چند جملوں میں اس طرح بیان کی ہے:
“مجالس میں شرکت کی سعادت حاصل ہوئی، جو اس سفر کی اصل قیمت تھی، اس وقت ذرا قریب سے اور کچھ زیادہ غور سے مولانا کو دیکھنے کا موقع ملا، ایک اضطرابی و سیمابی کیفیت تھی، ایسا معلوم ہوتا تھا کہ کسی کل چین نہیں، مسلمانوں کے حالات، اخلاق و معاملات کے بگاڑ، صدق و اخلاص کی کمی اور “نفاق” کے کھلے آنکھوں مشاہدے نے بے قرار و مضطرب بنا رکھا ہے، اصلاح حال اور دعوتِ فرار الیٰ اللہ کا جذبہ قلب و دماغ و اعصاب پر مستولی ہو گیا ہے اور وہ حال ہے جو اس شعر میں بیان کیا گیا ہے:
شعلہ ہا آخر زہر مویم دمید
رازِ من از پردۂ بیرون کشید
(آخر میرے جسم کے رویں رویں سے شعلے پھوٹنے لگے اور اس نے میرے راز کو پردے سے باہر نکال دیا۔)
(پرانے چراغ، جلد اول)
مختصر یہ کہ معارف مصلح الامت (جلد ششم) اور اس منصوبے کی ساتوں جلدیں علم و عرفان کا ذوق رکھنے والے اہل علم کو بھی مطالعے میں رکھنی چاہئیں اور دینی مزاج رکھنے والے عام مسلمان کو بھی۔ مصلح الامت کی ان مجالس کو مساجد و مدارس اور دینی مراکز میں پڑھ کر سنایا جانا چاہیے۔ اس سے دینی معلومات میں اضافہ بھی ہوگا، اسلام کا وسیع ترین نظامِ معاشرت بھی سامنے آئے گا، قرآن و حدیث کے باریک نکات بھی معلوم ہوں گے اور سب سے بڑھ کر یہ کہ حقیقی نبوی ذوق تشکیل پائے گا۔
آج قرآن و حدیث کے نام پر غیر نبوی فہمِ دین مختلف بینروں اور متعدد طریقوں سے عام کیا جارہا ہے۔ ایسے میں اس بات کی شدید ضرورت ہے کہ عوامی ذوق کی تشکیل کے لیے اُن بزرگوں کی تعلیمات کو عام کیا جائے جو قرآن و حدیث کا حقیقی اور نبوی ذوق رکھتے تھے۔

اس کیو آر کوڈ کو اسکین کرکے ادارے کا تعاون فرمائیں یا پرچہ جاری کرانے کے لیے زرِ خریداری ٹرانسفر کریں۔ رقم بھیجنے کے بعد اسکرین شاٹ ضرور ارسال کریں تاکہ آپ کو رسید بھیجی جاسکے۔ شکریہ