(نائب صدرجامعہ اسلامیہ بھٹکل)
ہمارے دینی نظام تعلیم میں ایک ماحول بن گیا ہے کہ جن سے ہمارا اختلاف ہوتا ہے یا جنھیں ہم ناپسند کرتے ہیں، اپنے وابستگان کے دلوں میں یک طرفہ نفرت بٹھا دیتے ہیں، جس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ جو چیزیں ہمیں اپنے مخالفین سے سیکھنی ہوتی ہیں اور جو سبق ان سے ہمیں لینا ہوتا ہے وہ ہم نہیں لے پاتے۔
اللہ تعالی کا ایک نظام ہے، جو محنت کرتا ہے اللہ تعالی اس کی محنت کا صلہ اسے ضرور دیتا ہے، یہ جو مسلم مخالف قوتیں دنیا بھر میں عروج پارہی ہیں، اور ترقی کر رہی ہیں، اس کا راز ان کی انتھک جدو جہد اور کوششوں اور طریقہ کار میں پنہاں ہے۔
ہمارے یہاں مستشرقین کے بارے میں عموماً دلوں میں نفرت بٹھائی جاتی ہے، یہ نفرت بٹھانے والے عموما وہ ہوتے جن کا میدان تحقیق و تصنیف مستشرقین کے میدان سے عموماً مختلف ہوتا ہے، مستشرقین کی ایک بڑی تعداد نے اپنا مشن لغت نویسی، مخطوطات کی حفاظت اور ان کی تحقیق واشاعت کو بھی بنایا تھا، ان میدانوں میں ان کی انتھک کوششوں اور قربانیوں سے ہمارے طلبہ و فارغین ناواقف ہیں۔
یہ درست ہے کہ زوال اندلس کے بعد مغربی سامراج کے دور عروج سے مغرب کو استشراق کے میدان میں کام کی ضرورت پیش آئی، اور انھوں نے اپنی سلطنتوں کو مستحکم کرنے اور غلام اقوام کی تہذیب وثقافت اور ان کی نفسیات کو سمجھنے کے لیے استشراق کے شعبے کو اپنی وزارت خارجہ کے ماتحت قائم کیا اور اس پر بے دریغ پیسہ بہایا اور یہ کہ ابتدا میں اس میدان میں کام کرنے والوں پر متعصب عیسائی مشنریز کا غلبہ رہا، لیکن مرور زمانہ کے ساتھ ساتھ اور عربی کتابوں اور مخظوطات میں رچ بس جانے کے بعد ان میں سے بہتوں کو عربی زبان و تہذیب سے جو مسلمانوں کی تہذیب تھی، بے پناہ محبت بھی پیدا ہوئی اور ان میں عربی زبان سے محبت رکھنے والے، اس کی باریکیوں کے ایسے شناور پیدا ہوئے جنہوں نے اپنی زندگیاں اس کے لیے صرف کیں۔ ان میں بہت سے فراموش شدہ قلمی کتابوں کی تحقیق کرکے انہیں نئی زندگیاں دینے والے بے شمار محققین پیدا ہوئے، جب کہ مشرق میں فن طباعت انگلیوں کے بل چل رہا تھا۔
ان میں سے بعضوں کی عربی زبان وادب وتاریخ کے میدان میں محنت اور قربانی کو جان کر ہمارے اسلاف کی قربانیوں کی یاد تازہ ہوجاتی ہےاور حسرت بھی ہوتی ہیں، کہ اگر اللہ تعالی نے انہیں ایمان کی دولت سے نوازا ہوتا تو یہ علمی میدانوں میں کیا کچھ دین اسلام کی خدمت نہ کرگزرتے۔ اسلامی معاشرے میں نہ رچنے بسنے اور علمائے دین سے علم دین اور عربی زبان پر مہارت حاصل نہ کرنے کی وجہ سے ان میں سے بہتوں نے اسلام و عربی لٹریچر کو سمجھنے میں بڑی ٹھوکریں لگیںاور انھوں نے اپنے مغربی ماحول اور معاشرت کے اثر میں غیر ارادی طور پر اسلام سے وابستہ امور کو درست طور پر سمجھنے میں جگہ جگہ غلطیاں کیں۔ لہذا ہم ان میں سے بہتوں کی غلط بیانی کو ہمیشہ نیت کے فتور پر محمول نہیں کرسکتے۔
ہم دیکھتے ہیں کہ وہ بہت سارے مستشرقین جن کی عبارتیں ہم اسلام اور حضور اکرﷺ کی تعریف میں نقل کرتے ہیں، انھی مستشرقین کی کتابوں میں دوسری جگہ اسلام اور حضور اکرمﷺ کے سلسلے میںایسی ایسی ہفوات دیکھتے ہیں کہ سر پیٹنے کو جی چاہتا ہے۔
آئیے! آج یہاں ہم مستشرقین کے اہم علمی کاموں میںایک کا تذکرہ کرتے ہیں۔ جس کے لیے ہم نےمستشرق ڈوزی کی موسوعی لغت تکملۃ المعاجم العربیۃ کو منتخب کیا ہے۔ جس کی فرمائش ہمیں چند روز قبل بزم علم وکتاب کے رکن رکین مولانا محمد عزیر فلاحی صاحب سے موصول ہوئی ہے۔
کتاب کا نام: تکملۃ المعاجم العربیۃ
مصنف: رینھاٹ دوزی
مترجم: الدکتور محمد سلیم النعیمی و جمال الخیاط
ناشر : دار الرشید للنشر، وزارۃ الثقافۃ والاعلام
ایڈیشن: 1908
جلدیں: 10
عربی زبان کی یہ لغت فرانسیسی زبان میں لکھی گئی تھی، اور اس کا اصل نام ہے
SUPPLÉMENT AUX DICTIONNAIRES ARABES
یہ کتاب آج سے ڈیڑھ سو سال قبل 1880ء میں دو جلدوں میں شائع ہوئی تھی، اس کی پہلی جلد بڑے سائز کے (907) صفحات اور دوسری جلد ( 8 82) صفحات پر مشتمل ہے۔
کتاب کے نام سے اشتباہ ہوتا ہے کہ یہ کتاب عربی زبان کی جملہ معاجم کو دیکھ کر تیار کی گئی ہے۔ اور اس میں وہ الفاظ بیان ہوئے ہیں جو دوسری عربی زبان کی معاجم میں پائے نہیں جاتے۔
شاید آپ کو تعجب ہو کہ اس لغت کا یہ موضوع نہیں ہےاور یہ مصنف کے لیے ممکن بھی نہیں تھا کیوںکہ مصنف کو لسان العرب اور تاج العروس جیسی عظیم کتب لغت مطبوعہ شکل میں دیکھنا نصیب نہیں ہوا۔
فاضل مترجم سلیم النعیمی نے کتاب کے عربی نام کے سلسلے میں لکھا ہے کہ اس کے فرانسیسی نام کےعربی میں مختلف ترجمے ہوتےہیں،جن میں:الملحق بالمعاجم العربية، ملحق بالمعاجم العربية، ملحق المعاجم العربية، ذيل المعاجم العربية، ملحق وتكملة القواميس العربية، اور تکملة المعاجم العربية وغیرہ شامل ہیں۔ لیکن ہم نے اس آخری نام کی شہرت اور مکتبہ لبنان کے ایڈیشن میں یہ نام ہونے کی وجہ سے اسے اختیار کرنا مناسب سمجھا ہے۔
آئیے !ان چند تمہیدی باتوں کے بعد مصنف کے حالات زندگی اور کتاب کے تعارف کی طرف جاتے ہیں۔
حالات زندگی
مصنف کا نام رینہارٹ پیٹر آن دوزی (Reinhart Pieter Anne Dozy) ہے، جو ایک ڈچ مستشرق (مشرقیات کے ماہر) تھا۔ وہ ایک فرانسیسی النسل پروٹسٹنٹ خاندان سے تعلق رکھتا تھا۔ اس کے آبا و اجداد کا فرانسیسی نام “آل ووزی” (ozy) تھا، جو سترھویں صدی کے وسط میں مذہبی جبر سے بچنے کے لیے فرانس سے ہالینڈ منتقل ہو گئے تھے۔ فرانس کی اضافی علامت “d” کو ہالینڈ میں رہائش کے بعد نام میں شامل کر کے “Dozy” بنا دیا گیا۔ اس کا خاندان مشرقی علوم سے محبت رکھنے والاتھا اور اس کا رشتہ آل شولتنز خاندان سے تھا، جس نے کئی علما پیدا کیے۔
رینہارٹ دوزی 1820ء (1235ھ) میں لائیڈن (ہالینڈ کا ایک شہر) میں پیدا ہوا۔ اس نے ابتدائی عربی گھر پر سیکھی، پھر یونیورسٹی آف لائیڈن میں باقاعدہ تعلیم حاصل کی۔ اس کے استاد “فایرس” نے اسے عربی زبان کی گہرائی میں جانے اور اس کے نادر الفاظ سیکھنے کی طرف راغب کیا، تاکہ وہ جاہلی دور کی شاعری کو بہتر طور پر سمجھ سکے۔ چنانچہ اس نے عربی ادب و تاریخ کی کئی کتب کا مطالعہ کیا اور طلبِ علم کے زمانے اور بعد میں بھی ذہانت، سنجیدگی اور محنت کے لیے مشہور رہا۔
یونیورسٹی آف لائیڈن نے عربوں کے ملبوسات پر ایک مقالہ لکھنے کے لیے مستشرقین سے درخواست کی اور اس کے لیے انعام مقرر کیا۔ دوزی نے بطور طالب علم (جب اس کی عمر بائیس سال سے زیادہ نہ تھی) اس میں حصہ لیا اور انعام حاصل کیا۔ اس کام یابی نے اسے آسیائی مجلہ (Asian Journal) میں لکھنے پر آمادہ کیا، چنانچہ اس نے عربی مصادر سے “بنو زیان ملوکِ تلمسان” کی تاریخ ترجمہ و تشریح کے ساتھ شائع کی۔
دوزی نے 1845ء میں ایک ڈچ خاتون سے شادی کی، اور جرمنی میں ہنی مون کے لیے گیا۔ مگر اس نے یہ وقت جرمن کتب خانوں میں گزارا۔ وہاں اسے ابن بسام کی “الذخيرة” کی تیسری جلد ملی، جو فہرست میں المقرّی کی طرف منسوب تھی۔ وہ اجازت لے کر اسے لائیڈن لے آیا۔ جرمنی میں اس کی ملاقات معروف مستشرق و مشرقی علوم کے پروفیسر “ہنریخ فلیشر” (1801-1888) سے ہوئی، جو بعد میں اس کا قریبی دوست رہا۔
دوزی 1845 میں انگلینڈ چلا گیا، جہاں اس نے آکسفورڈ لائبریری سے “الذخیرہ” کا دوسرا حصہ اور کئی قیمتی عربی مخطوطات نقل کیے۔ وہاں اس نے کئی مستشرقین سے ملاقاتیں کیں۔ ہالینڈ واپس آنے پر اسے لائیڈن کی اورینٹل لائبریری کے مخطوطات کی انتظامی ذمہ داری سونپی گئی، جہاں اس نے دو فہرستیں تیار کیں۔
1850 میں اسے لائیڈن یونیورسٹی میں عربی زبان کا پروفیسر مقرر کیا گیا اور یہ عہدہ اس نے 1878 تک سنبھالا، جس کے دوران اس نے یونیورسٹی کی بڑی تشہیر کی۔ 1878 کی انقلاب کے بعد اسے عمومی تاریخ پڑھانے کا کام سونپا گیا، جس پر مستشرقین کو افسوس ہوا۔ دوزی سامی زبانوں کا ماہر تھا، یونانی جانتا تھا، اور لاطینی، ڈچ، فرانسیسی، جرمن زبانوں میں لکھتا تھا، نیز پرتگالی اور ہسپانوی سے واقف تھا۔ وہ عربی میں “رنجرت دوزی” کے نام سے دستخط کرتا تھا۔ وہ 1883 (1300 ہجری) میں فوت ہوا۔ دوزی کو وسیع شہرت ملی اور اسے متعدد اعزازات سے نوازا گیا، جیسے ایمسٹرڈم کی رائل اکیڈمی آف سائنسز، کوپن ہیگن اکیڈمی، اور پیرس کی ایشیائی سوسائٹی کا رکن بنایا گیا۔ مستشرقین کے نزدیک وہ اندلس کے مطالعات کا بانی تھا، اور اس کی تصانیف اندلس کی تاریخ، تہذیب، اور ثقافت کے لیے مرجع سمجھی جاتی ہیں، اگرچہ بعد کے محققین نے اس کی تحقیقات میں کچھ کمیاں نکالیں۔
دوزی کو یہ معجم لکھنے کی ضرورت کیوں پیش آئی اور اس کا منہج کیا ہے اس پر مصنف نے اپنے مقدمہ میں تفصیل سے روشنی ڈالی ہے۔ یہ کالم ان تفصیلات کا متحمل نہیں ہوسکتا، جسے پڑھ کر محسوس ہوتا ہے کہ اس معجم کو جمع کرنے میں اس نے بے انتہاء محنت کی ہے، اس میں اس نے اندلس کے دور سے شمالی افریقہ کے عرب ممالک میں رائج زبان کے ان الفاظ کو اپنی لغت میں جمع کرنے کی کوشش کی ہے، جنھیں مصنف کے زمانے تک کے عرب مصنفین اور مغربی لغت نویسوں نے در خور اعتنا نہیں سمجھا، اس سے خاص طور پر اندلسی ادب سمجھنے میں مصنف کی بے پناہ دلچسپی کا احساس ہوتا ہے۔
دوزی نے اپنی لغت میں عربی زبان کو دوسری مغربی زبانوں اور معاشروں کے مطابق دیکھنے کی کوشش کی ہے، جس میں اسے غلطیاں بھی سرزد ہوئی ہیں، ا س کا اندازہ آپ اس کی اس عبارت سے لگا سکتے ہیں ۔
’’فصیح عربی زبان، جو قدیم شاعری، قرآن اور حدیث کی زبان ہے، صرف تقریباً دو سو سال تک زندہ رہی۔ پہلی صدی ہجری کے اختتام پر، اس سے پہلے کہ عربوں کے ہاں نیا ادب پیدا ہو، زبان میں بہت سے تغیرات رونما ہوئے، جو وقت کے ساتھ بڑھتے گئے۔ یہ تبدیلی تیز رفتار فتوحات کا نتیجہ تھی، وہ فتوحات جو معجزوں جیسی تھیں، جنھیں رسول کے پیروکار مسلمانوں نے سر کیا۔ عربی زبان صرف عربوں تک محدود نہ رہی بلکہ مفتوحہ علاقوں کی زبان بن گئی۔ شکست خوردہ اقوام، جو عربی بولنے لگیں اور اس میں غلطیاں کرنے لگیں، ان کا اثر خود عربوں پر بھی پڑا۔ عربوں نے عربی زبان کے اِعراب کو نظرانداز کرنا شروع کر دیا، اور الفاظ کو ان کے اصل معانی سے ہٹا کر استعمال کیا، نیز اہلِ شام، ایرانیوں، قبطیوں، بربروں، ہسپانویوں اور ترکوں سے کئی الفاظ اور تعبیرات مستعار لیں‘‘۔۔۔۔
لیکن یہ تبدیلی سخت مزاحمت کے بغیر نہ ہوئی۔ ان لوگوں کی طرف سے جنھیں زبان کی صحت اور پاکیزگی سے گہری دلچسپی تھی، یعنی نحویوں، لغویوں، متکلمین اور فقہاء کی طرف سے۔ یہ لوگ فصیح عربی کے علاوہ کسی اور زبان کو پڑھنے کے قائل نہ تھے۔ انھوں نے حقیقتِ حال کا انکار کیا، اور نہ خود سمجھنا چاہا اور نہ ہی دوسروں کو سمجھنے دیا کہ دنیا کی ہر چیز تبدیلی کے تابع ہے، زبانیں بھی ویسے ہی بدلتی ہیں جیسے خیالات بدلتے ہیں، اور زبانیں اس معاشرے کے تابع ہوتی ہیں جو انہیں بولتا ہے، اور ان اہل قلم کے اثر میں رہتی ہیں جو انہیں برتتے ہیں۔
انھوں نے یہ چاہا کہ عربی زبان جیسی ہے ویسی ہی قائم رہے، اور قرآن کی زبان ہمیشہ کے لیے زندہ رہے۔ اس کے علاوہ ان کے پاس نئے الفاظ کو کمتر دکھانے اور ان کی توہین کے سوا کچھ نہ تھا، جنھیں ان کے ہم عصر گھڑتے تھے۔ زبان کے فساد اور اس کی پاکیزگی کے مٹنے سے بچنے کے لیے، کیونکہ ان کے نزدیک زبان ایک مقدس چیز تھی، انھوں نے زبان کے لیے بے شمار قواعد وضع کیے، لغات مرتب کیں، تند و تیز مضامین لکھے جن میں عام رائج غلطیوں پر سخت تنقید کی، اور ان غلطیوں کو جو عوام ہی نہیں خواص بھی کرتے تھے، طنز و تمسخر کا نشانہ بنایا، اور یہ رہنمائی دی کہ کیا کہنا درست ہے اور کیا نہیں۔
اور ہمیں اعتراف کرنا چاہیے کہ ان کی کوششیں بے سود نہیں گئیں۔ اگرچہ وہ زبان کی تبدیلی کو مکمل طور پر روکنے میں کامیاب نہ ہو سکے، مگر وہ کسی حد تک اس تبدیلی کو موخر کرنے اور محدود دائرے میں رکھنے میں ضرور کامیاب ہوئے۔ انہی کی بدولت، اور قرآن کے مطالعے کی بدولت، جو اسلامی ثقافت کی بنیاد تھا، عربوں میں نئی زبانیں جنم نہ لے سکیں جیسا کہ لاطینی زبان سے رومی زبانیں وجود میں آئیں۔ آج بھی عربی تحریر کی زبان قدیم زبان کے بہت قریب ہے، کم از کم قواعد کی پابندی کے لحاظ سے، اگرچہ بول چال کی زبان میں بہت تبدیلی آ چکی ہے۔
تاہم وہ فطری عمل کو روک نہ سکے، کیونکہ کئی ادیب بغیر کسی جھجک کے عوامی زبان اختیار کرتے تھے اور اس کا اظہار بھی کرتے تھے۔ مثال کے طور پر، مقدسی جو دسویں صدی عیسوی کے ایک سیاح تھے، کہتے ہیں کہ وہ عمومی طور پر اہل شام کی زبان میں، یعنی اپنے علاقے کی زبان میں، لکھتے ہیں، اور اپنے وطن کی اور ہر علاقے کی توصیف میں ایسے الفاظ استعمال کرتے ہیں جو زیادہ قابل فہم ہوں۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ وہ لوگ جو زبان کی پاکیزگی اور خلوص کے پابند تھے، وہ بھی غیر شعوری طور پر نئے بنائے گئے الفاظ استعمال کرتے تھے، بلکہ اکثر وہ اپنی لغات میں فصیح الفاظ کی تشریح بھی انہی نو ایجاد الفاظ سے کرتے تھے۔ اندلس کے بعض مشہور نحوی حضرات تو عوامی زبان کے ذریعے فصیح عربی سکھاتے تھے۔ پس یہ سچ کہا گیا ہے کہ عملی دنیا نظریاتی اصولوں کی ہمیشہ پیروی نہیں کرتی۔
اس نے عربی معاجم میں سے بطرس البستانی کی محیط المحیط سے استفاد کیا ہے، اس کے بارے میں وہ کہتا ہے کہ ’’ایک اور معجم جس کی نوعیت مختلف ہے، میں نے اس سے بھی فائدہ اٹھایا، وہ ہے بطرس البستانی کا “محيط المحيط” جو بیروت میں 1870ء میں شائع ہوا۔ یہ ایک عمدہ مجموعہ ہے، جس میں قدیم معاجم سے بھی مواد ہے، نیز متعدد مولد الفاظ اور نئے معانی بھی شامل کیے گئے ہیں۔ اس میں شامی عوامی زبان (عامیۃ) سے بھی الفاظ شامل کیے گئے ہیں، جنھیں میں نے اپنے معجم میں شامل کیا۔‘‘
یہاں اس نے جو بات کہی ہے وہ اس کی علمی دیانت اور نیک نیتی اور انکساری کا مظاہرہ کرتی ہے، وہ کہتا ہے:’’مگر جہاں تک اسلامی علوم سے متعلق اصطلاحات کا تعلق ہےجو بستانی نے بڑی تعداد میں درج کی ہیں، میں نے اکثر کو مسترد کیا۔اس کی دو وجوہات تھیں:
- ان اصطلاحات کی تعریفیں اکثر مبہم ہیں، اور بغیر کسی دیگر عربی کتاب کے انہیں سمجھنا مشکل ہوتا ہے؛
2 . ان اصطلاحات کو سمجھنے کے لیے متعلقہ علم میں مہارت درکار ہے، جو میرے پاس نہیں۔
میں بالآخر یہ تسلیم کرتا ہوں، جیسا کہ فریتاگ نے بھی کیا، کہ ان علوم کی میری واقفیت بہت کم ہے۔ اور فریتاگ کی طرح میں بھی سمجھتا ہوں کہ انسانی عمر اتنی نہیں کہ کوئی ایک شخص ایک ساتھ زبان عربی اور تمام اسلامی علوم کو بخوبی سمجھ سکے۔ اور چونکہ میرا رجحان تاریخ کی طرف ہے، اس لیے مجھ جیسے شخص سے یہ توقع نہیں کی جا سکتی۔ میں یہاں اعتراف کرتا ہوں کہ اگر میں صوفیانہ اصطلاحات کی گہرائی میں گیا ہوتا تو شاید میرا ذہنی توازن متاثر ہو جاتا۔ لہٰذا میں یہ کام خوشی سے دوسروں کے لیے چھوڑتا ہوں۔
اس نے کتاب کے منہج کو واضح کرنے کے لیے مزید وضاحت کی ہے کہ ’’اور شاید میرا یہ اندیشہ کہ میرا معجم کہیں جدید عربی زبان کا معجم نہ سمجھا جائے، یہی وجہ بنی کہ میں نے معجم بوسيير سے اتنا زیادہ اقتباس نہیں کیا جتنا کر سکتا تھا، چاہے میں بروقت اس سے واقف ہو بھی جاتا۔ پھر بھی، یہ معجم جیسا کہ اب ہے، کسی حد تک جدید عربی کا رنگ رکھتا ہے، حالانکہ میں نے اسے قرونِ وسطی کی زبان کے لیے مرتب کیا تھا۔‘‘
وہ مزید کہتا ہے کہ میں نے بھی کوشش کی کہ میرا معجم بلاوجہ طویل نہ ہو، اس لیے میں نے ان اشیاء کے نام چھوڑ دیے جو امریکہ کی دریافت کے بعد سامنے آئیں، نیز آتشیں اسلحہ، جدید کرنسیوں کے نام، اور وہ ہسپانوی الفاظ جو مراکشی عوامی زبان میں شائع ہو چکے تھے (جن کی طرف سیمونیہ نے دی لاتور اور ليرشنی کی مراسلات کی بنیاد پر اشارہ کیا ہے)۔
وہ مزید کہتا ہے کہ مجھے اس بات کا اعتراف ہے کہ میں ان تمام الفاظ کی ذمہ داری قبول نہیں کرتا جنھیں میں نے جدید معاجم سے لیا۔ میں صرف انہی الفاظ کو حرکت دے کر لکھتا ہوں جن کے بارے میں مجھے پوری تحقیق ہو کہ میری حرکات درست ہوں گی۔
یورپی سیاحوں کی ایشیا اور افریقہ کی سیاحت کے دوران مرتب کردہ معلومات سے مجھے بہت فائدہ پہنچا۔ میں نے ان کی بہت سی کتابیں پڑھی ہیں، جیسا کہ اس مقدمے کے بعد دیے گئے فہرست المؤلفين میں ذکر کیا گیا ہے۔ تاہم ان مصنفین نے اکثر الفاظ کو اپنی مرضی کے مطابق لکھا، جس سے مجھے الجھن ہوئی، اور میں نے ان میں سے بہت سے الفاظ کو نظر انداز کر دیا، البتہ ان کو ایک علاحدہ نوٹ بک میں درج کیا ہے جو لائبریری میں محفوظ ہے تاکہ دوسروں کے کام آ سکے۔ کچھ الفاظ غالباً دیگر زبانوں سے تعلق رکھتے ہیں۔
وہ کہتا ہے کہ میری بنیادی مآخذ وہ تصانیف تھیں جو عربوں نے قرون وسطیٰ میں لکھی تھیںاور میں نے انہیں یا تو چھپی ہوئی حالت میں یا یورپی کتب خانوں میں موجود مخطوطات کی شکل میں پڑھا۔ ان کا موضوعات مختلف تھے۔ میں نے درج ذیل مصادر سے لغات جمع کیں، پھر اس نے ان عربی کتابوں کی تفصیل دی ہے جس سےا س نے استفادہ کیا۔
بنیادی طور پر یہ لغت مفردات کی اصل تک پہنچنے کے علم اشتقاق etymology سے تعلق رکھتی ہے۔ وہ اس سلسلے میں کہتا ہے کہ میں نے ان الفاظ کی اصلیت (etymology) کی طرف اشارہ کیا ہے جہاں تک میری رسائی تھی، لیکن اس مطالعے پر میں اس گہرائی سے توجہ نہ دے سکا جیسی میں دینا چاہتا تھا۔ میرے اس افسوس کو اس بات سے کچھ تسلی ملتی ہے کہ بہت سے فصیح عربی لغات بھی عجمی الاصل الفاظ کے مصادر کا تعین نہیں کرتیں۔میں یہ دعویٰ کر سکتا ہوں کہ میرا معجم نباتاتی ناموں کے لحاظ سے بہت مفید ہے۔
’’میں اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ اس نے مجھے یہ کام مکمل کرنے کی توفیق دی۔ یہ کام مجھ سے طویل وقت کا متقاضی تھا۔‘‘
’’مجھے تمام حوالہ جات اور متون دوبارہ دیکھنے اور ان کی تصحیح کرنی پڑی، جن میں سے بعض چالیس سال پہلے نقل کیے گئے تھے۔ اگر میں پہلے سے جان لیتا کہ کتابت اور ترتیبِ معجم کا کام آٹھ سال مسلسل محنت کا تقاضا کرے گا تو شاید میں اس میں قدم رکھنے سے ہچکچاتا۔‘‘

