اللہ تعالیٰ کی طرف سے انسانوں کی صلاح و بہبود اور فلاح اخروی کی رہنمائی کے لیے نازل کی گئی آخری کتاب قرآن مجید رضائے الٰہی کے حصول کی راہ کے لیے ایسی مشعل ہدایت ہے کہ اس کی روشنی سے انسانوں کو کوئی استغنا نہیں اور جو بھی اس سے استغنا برتا ہے وہ حقیقی اور دائمی کامیابی سے محروم ہو جاتا ہے۔ مزید یہ کہ وہ کلام الٰہی ہونے کی بنا پر مقدس کلام اور آسمانی مقام اور بلند وبالا مرتبہ رکھتا ہے؛ اسی لیے اس کی صرف تلاوت بھی عبادت کا درجہ رکھتی ہے اور رضائے الٰہی کا ذریعہ بنتی ہے اور اس کے مضامین ومطالب دنیاوی زندگی میں صلاح اور آخرت میں کامیابی حاصل کرنے کا ذریعہ بنتے ہیں اور وہ اپنی اعلیٰ صفات وخصوصیات کی بنا پر حقائق و اسرار کا گنجینہ ہے، جس کے متنوع پہلو اور اسرار برابر کھلتے رہتے ہیں اور اس کے نئے نئے فوائد سامنے آتے رہتے ہیں۔ اس کی طرف اشارہ کے طور پر خود قرآن مجید میں کہیں اس کو ’’نور‘‘ یعنی اعلیٰ روشنی، کہیں اس کو ’’المبین‘‘ یعنی بات کو واضح کرنے والا، کہیں اس کو ’’حکیم‘‘ یعنی حکمت و دانائی والا کلام، کہیں اس کو ’’عربی‘‘ یعنی فصاحت و بلاغت کا کلام، کہیں پر اس کو ’’ذکری‘‘ یعنی یاد دلانے والا کلام، کہیں اس کو ’’ہدی‘‘ یعنی رہنمائی کرنے والا، کہیں اس کو ’’فرقان‘‘ یعنی اچھے اور برے کا فرق بتانے والا، کہیں اس کو ’’رحمت‘‘ یعنی اپنے ماننے والوں کے لیے خیر اور رحمت کا باعث بننے والا کلام، کہیں اس کو ’’شفاء‘‘ یعنی باطنی خرابیوں سے نکالنے والا کلام، کہیں اس کو ’’ضیاء‘‘ یعنی روشنی والا کلام، کہیں اس کو ’’مبارک‘‘ یعنی برکت عطا کرنے والاکلام، کہیں اس کو ’’عزیز‘‘ یعنی مضبوط اور غالب کلام، کہیں اس کو ’’کریم‘‘ یعنی عزت دلانے والا کلام، کہیں اس کو ’’علی‘‘ یعنی بلند مقام والا کلام، اور کہیں اس کو ’’ام الکتاب‘‘ یعنی اللہ تعالیٰ کی طرف سے پوری کائنات اور مخلوقات کے لیے طے کردہ ارادوں اور رایوں کے دفتر کا خصوصی حصہ قرار دیا گیا ہے، اس طریقے سے قرآن مجید ایسی کتاب کی حیثیت رکھتا ہے کہ جس کی متنوع صفات اور خصوصیات ہیں اور انسانی فلاح و صلاح کی ضرورت کے لیے اس سے زیادہ کارگر کوئی کتاب نہیں ہے۔
انسان کے مزاج اور خصوصیات میں جو تنوع ہے ان کی باریکیوں تک کا علم اللہ تعالیٰ کو ہے؛ اس لیے کہ اس نے سب کو پیدا کیا اور ان میں خصوصیات اور باریکیاں رکھی ہیں۔ وہ اپنی اس عظیم کتاب قرآن مجید میں جس کو انسان کو سمجھانے کے لیے اور اس کو راہ ہدایت دکھانے کے لیے اس ذات اعلیٰ وبرتر اور قادر عظیم نے نازل فرمایا۔ انسانوں کو انسان کے مزاجی تنوع اور نفسیات کو سامنے رکھتے ہوئے سمجھاتا اور رہنمائی کرتا ہے۔اس سمجھانے اور اصلاح کی طرف متوجہ کرنے کے ایسے نمونے جن میں انسان کے مزاجی اور نفسیاتی تنوع کی رعایت ہے، اس کے کلام مجید میں بہت مؤثر اسلوب میں پائے جاتے ہیں، اور وہ اس کی مختلف سورتوں میں پھیلے ہوئے ہیں، مثلاً سورہ تکاثر میں بیان ہے کہ حق سے منحرف انسان میں خود غرضی اور خواہش نفس کے لیے فکر مندی و شوق اتنا بڑھ جایا کرتا ہے اور اس سلسلے میں وہ ایک دوسرے سے مقابلہ کرنے کے لیے پوری طرح منہمک ہو جاتا ہے کہ بالآخر اس کی موت کا وقت آجاتا ہے، اور اس وقت اس کو اپنے برے انجام کا پتا چلتا ہے کہ ہائے کیا ہوا، اور پھر اپنی غفلت کا انجام جہنم کی شکل میں دیکھتا ہے، اور یہ کہ اب اپنے رب کے سامنے جواب دہی اور حساب دینا ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:
أَلْہَاکُمُ التَّکَاثُرُ۔ حَتَّی زُرْتُمُ الْمَقَابِرَ۔ کَلَّا سَوْفَ تَعْلَمُونَ۔ ثُمَّ کَلَّا سَوْفَ تَعْلَمُونَ۔ کَلَّا لَوْ تَعْلَمُونَ عِلْمَ الْیَقِیْنِ۔ لَتَرَوُنَّ الْجَحِیْمَ۔ ثُمَّ لَتَرَوُنَّہَا عَیْنَ الْیَقِیْنِ۔ ثُمَّ لَتُسْأَلُنَّ یَوْمَئِذٍ عَنِ النَّعِیْمِ۔ (سورۃ التکاثر)
تم کو (مال و دولت کی کثرت کی فکر) نے غافل کر دیا ہے؛ یہاں تک کہ تم قبروں تک پہنچ گئے، دیکھو تمھیں عنقریب معلوم ہو جائے گا، پھر دیکھو تمھیں عنقریب معلوم ہو جائے گا، دیکھو اگر تم جانتے (یعنی) علم الیقین (رکھتے تو غفلت نہ کرتے)، تم دوزخ دیکھو گے، پھر اس کو ایسا دیکھو گے کہ عین الیقین (آ جائے گا)، پھر اس روز تم سے (دنیا میں ملی ہوئی) نعمت کے بارے میں پرسش ہوگی۔
اسی طرح سورہ ماعون میں بھی اللہ نے ایسے انسان کی تصویر ظاہر کی ہے، جو خود غرضی اورمن مانی زندگی میں ڈوبا ہوا ہے، اور اپنے رب کی اطاعت اور حق بات کو قبول کرنے سے بالکل باغی ہو جاتا ہے، وہ اوّلاً اپنے رب کے احکام کا انکار کرتا ہے، اور اس کا رویہ یہ ہو جاتا ہے کہ اپنے علاوہ دوسروں کے ساتھ ہمدردی سے گریز کرتا ہے، یتیم کو دھتکارتا اور غریب کو کھانے کی مدد دینے کے لیے نہیں کہتا، اور (اپنے رب کی عبادت) نماز سے غفلت برتتا ہے، اور دکھاوے کے کام میں لگارہتا ہے، اور چھوٹی سے چھوٹی چیز بھی کسی کو دینے میں بخل کرتا ہے۔ اللہ تعالی فرماتا ہے:
أَرَأَیْتَ الَّذِیْ یُکَذِّبُ بِالدِّیْنِ۔ فَذَلِکَ الَّذِیْ یَدُعُّ الْیَتِیْمَ۔ وَلَا یَحُضُّ عَلَی طَعَامِ الْمِسْکِیْنِ۔ فَوَیْلٌ لِّلْمُصَلِّیْنَ۔ الَّذِیْنَ ہُمْ عَن صَلَاتِہِمْ سَاہُونَ۔ الَّذِیْنَ ہُمْ یُرَاؤُونَ۔ وَیَمْنَعُونَ الْمَاعُونَ۔ (سورۃ الماعون)
بھلا تم نے اس شخص کو دیکھا جو روز جزا کو جھٹلاتا ہے، یہ وہی بدبخت ہے جو یتیم کو دھکے دیتا ہے اور فقیر کو کھانا کھلانے کے لیے لوگوں کو ترغیب نہیں دیتا، تو ایسے نمازیوں کی خرابی ہے، جو نماز کی طرف سے غافل رہتے ہیں، جو ریاکاری کرتے ہیں، اور برتنے کی چیزیں عاریتہ نہیں دیتے۔
اسی طرح سورۂ والعصر دیکھیے: اس مختصر سورہ میں اللہ تعالیٰ کامیاب انسان کی کیفیت پیش فرماتا ہے، زندگی کے عظیم نقصان سے وہی انسان بچتا ہے جس نے اپنے رب کے احکامات کو تسلیم کیا ہو، اور ان کے مطابق اچھے اعمال اختیار کیے ہوں، اور ایک دوسرے کو اچھی باتوں کی طرف متوجہ کرتا رہا ہو، اور تبلیغ حق میں اس کو جو پریشانیاں لاحق ہوتی ہوں یا مخالفتیں ہوتی ہوں تو ان کو بسر وچشم برداشت کیا ہو، اور برداشت کرنے کا آپس میں مشورہ دیا ہو، اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:
وَالْعَصْرِ۔ إِنَّ الْإِنسَانَ لَفِیْ خُسْرٍ۔ إِلَّا الَّذِیْنَ آمَنُوا وَعَمِلُوا الصَّالِحَاتِ وَتَوَاصَوْا بِالْحَقِّ وَتَوَاصَوْا بِالصَّبْرِ۔ (سورۃ العصر)
زمانہ کی قسم! انسان نقصان میں ہے، مگر وہ لوگ جو ایمان لائے اور نیک عمل کرتے رہے اور آپس میں حق بات کی تلقین کرتے رہے اور صبر کی تاکید کرتے رہے۔
اسی طرح دیکھا جائے تو قرآن مجید میں بکثرت مثالیں انسانوں کی ہدایت و رہنمائی کے سلسلے میں انسانوں کے مزاج اور ان کی طبیعتوں کے حوالے سے بڑی متنوع اور پُراثر طور پر بیان کی گئی ہیں، ان کے ذریعہ قرآن مجید ہر طرح کے انسانوں کی نفسیات کی رعایت کے ساتھ ان کی ہدایت کا سامان کرتا ہے اور اس طریقے سے انسانوں کی ہدایت کے لیے بہت کامل اور مکمل ضابطۂ حیات پیش کرتا ہے، اور انسانی فطرت کا ایسا لحاظ کرتا ہے کہ سننے والے کے دل میں بات اتر جائے اور کسی بھی قسم کا انسان ہو اس کو اس کے خیر کی بات اس میں مل جائے اور اس کو لغزش سے بچانے والی بات اس کے سامنے آجائے، اس طرح یہ انسانوں کی ہدایت اور فلاح وبہبود کے لیے ایسی کامل رہنما کتاب ہے کہ اس کی کوئی دوسری مثال نہیں۔
عربوں کی زندگی تمدن سے دور ہونے اور معاشی حالت کی کمزوری کی وجہ سے جسمانی محنت اور جفاکشی پر مجبور کرتی تھی اور خودداری اور قومی غیرت وحمیت بہت جلد جنگ پر آمادہ کرتی تھی، خشک علاقوں میں رہنے کی وجہ سے ان کی کچھ قدریں بن گئی تھیں، جس سے آپس میں لڑائیوں کی نوبت آتی تھی، اس کے ساتھ ساتھ مسافروں کی مدد اور خاطر داری خشک علاقوں میں ان کی ضرورت بن گئی تھی، جس کے سبب مسافر ومہمان کے ساتھ بہت زیادہ ہمدردی کا جذبہ عام تھا اور آپس کی لڑائیاں بعض وقت معاشی ضرورت کے لیے برسہا برس کے لیے ہوتی رہتی تھیں، اس کے لیے ان کو ہر وقت تیار رہنا پڑتا تھا، اس ضرورت کے لیے ان کو اولاد کی کثرت اور جنگی سامان رکھنے کی ضرورت تھی، جس میں لڑکوں کا کردار بہت اہم تھا، اچھے سے اچھا گھوڑا جو جنگ میں چستی وچابک دستی میں ممتاز ہو، اس کو دوسری محبوب چیزوں سے بھی زیادہ عزیز ہوتا اور گھوڑے کی خوبیوں پر فخر کرتے تھے، جنگ میں اپنی اور گھوڑے کی کارگزاری ان کی مجلسوں کو گرما دیتی تھی، اللہ تعالیٰ نے ان کو ہدایت پر آمادہ کرنے کے سلسلے میں ان کی نفسیات کا لحاظ کرتے ہوئے اپنے معجزانہ انداز میں سورہ ’’العادیات‘‘ میں بات کہی کہ تیز دوڑنے والے گھوڑوں کی قسم جن کی تیزی اور برق رفتاری ایسی کہ ان کی ٹھوکروں سے چنگاریاں اڑیں اور منہ میں تھوک بھر جائے اور وہ صبح ہوتے ہوتے دشمن پر حملہ آور ہو جاتے ہیں اور ان کے قدموں سے غبار اڑنے لگتا ہےاور دشمن کے مجموعے کے بیچ میں پہنچ جاتے ہیں۔ اسی طرح ان کے ذہنوں اور دلوں کو موہ لیتے ہوئے اور طبیعتوں میں شوق کو ابھارتے ہوئے فرمایا کہ انسان بھی کتنا ناشکرا ہے اور وہ اپنی ناشکری کو خود بھی اچھی طرح دیکھ رہا ہے اور سمجھ رہا ہے، یعنی ایسے دلچسپی اور شوق کے حالات اور سامان حسن عطا کیے اس پر بھی وہ اس کی اطاعت اور شکر گزاری کی طرف متوجہ نہیں ہوتا اور انسان فائدہ کی طلب میں بہت آگے چلا جاتا ہے کہ جب لوگ قبروں سے اٹھائے جائیں گے اور ان لوگوں کے کرتوت سامنے لائے جائیں گے اس وقت اللہ تعالیٰ سمجھ لے گا:
وَالْعَادِیَاتِ ضَبْحاً۔ فَالْمُورِیَاتِ قَدْحاً۔ فَالْمُغِیْرَاتِ صُبْحاً۔ فَأَثَرْنَ بِہِ نَقْعاً۔ فَوَسَطْنَ بِہِ جَمْعاً۔ إِنَّ الْإِنسَانَ لِرَبِّہِ لَکَنُودٌ۔ وَإِنَّہُ عَلَی ذَلِکَ لَشَہِیْدٌ۔ وَإِنَّہُ لِحُبِّ الْخَیْرِ لَشَدِیْدٌ۔ أَفَلَا یَعْلَمُ إِذَا بُعْثِرَ مَا فِیْ الْقُبُورِ۔ وَحُصِّلَ مَا فِیْ الصُّدُورِ۔ إِنَّ رَبَّہُم بِہِمْ یَوْمَئِذٍ لَّخَبِیْرٌ۔ (سورۃ العادیات: ۱-۱۱)
قسم ہے ان (گھوڑوں) کی جو دوڑتے ہیں ہانپتے ہوئے، پھر وہ چنگاریاں جھاڑتے ہیں ٹاپ مار کر، پھر وہ تاخت وتاراج کرتے ہیں صبح کے وقت، پھر وہ اڑاتے ہیں اس موقع پر گرد وغبار، پھر وہ اسی حالت میں جا گھستے ہیں کسی لشکر میں، بلا شبہ انسان بڑا ہی ناشکرا ہے اپنے رب کا، اور وہ خود اس پر گواہ بھی ہے اور یقینا یہ مال کی محبت میں بڑا سخت ہے، تو کیا اس کو معلوم نہیں (ہولناکی اس وقت کی) کہ جب نکال باہر کیا جائے گا ان (مردوں) کو جو (پڑے ہیں) قبروں میں، اور کھول کر رکھ دیا جائے گا وہ سب کچھ جو کہ (مخفی ومستور) ہوگا سینوں میں۔ بلا شبہ ان کا رب اس دن ان سے پوری طرح باخبر ہوگا۔
خود اپنے ہاتھ سے تراشے مجسموں کو خدا سمجھ کر ان کی عبادت کیے جانے کا تذکرہ ایسے نفسیاتی انداز میں اور نفسیاتی ترکیب کے ساتھ کرتے ہوئے سورۂ حج میں فرماتا ہے کہ اے لوگو! یعنی شکر نہ کرنے والو، بیشک جس کو تم اپنی حاجت کے لیے خدا سمجھ کر پکارتے ہو اللہ کو چھوڑ کر، ان کا تو حال یہ ہے کہ مکھی جیسی حقیر چیز کو بنا نہیں سکتے اور پھر اگر یہ سب مل کر بھی ایسا کرنا چاہیں تو نہیں کر سکتے، پیدا کرنا تو بڑی بات، مکھی ان کی مٹھائی کو کھانے لگے یا اٹھا لے جائے تو اس کو چھڑا بھی نہیں سکتے، ان سے مانگنے والے اور جن سے مانگ رہے ہیں کتنے کمزور ہیں اور یہ پروردگار عالم اللہ تعالیٰ کے مقام کو نہیں سمجھتے:
إِنَّ الَّذِیْنَ تَدْعُونَ مِن دُونِ اللَّہِ لَن یَخْلُقُوا ذُبَاباً وَلَوِ اجْتَمَعُوا لَہُ وَإِن یَسْلُبْہُمُ الذُّبَابُ شَیْئاً لَّا یَسْتَنقِذُوہُ مِنْہُ ضَعُفَ الطَّالِبُ وَالْمَطْلُوبُ۔ مَا قَدَرُوا اللَّہَ حَقَّ قَدْرِہِ إِنَّ اللَّہَ لَقَوِیٌّ عَزِیْزٌ۔ (سورۃ الحج: ۷۳،۷۴)
بیشک جن ہستیوں کو تم لوگ پوجتے پکارتے ہو اللہ کے سوا وہ ایک مکھی بھی نہیں بنا سکتے، اگرچہ اس کی کوشش کے لیے وہ سب اکٹھے بھی ہو جائیں اور مکھی بنانا تو دور کی بات ہے، ان کا حال تو یہ ہے کہ اگر وہ مکھی ان سے کچھ چھین لے تو یہ اس کو بھی اس سے چھڑا نہیں سکتے، کتنا کمزور ہے چاہنے والا اور کتنا کمزور ہے وہ جس سے مدد چاہی جاتی ہے، ان لوگوں نے اللہ کی قدر نہ کی جیسا کہ اس کی قدر کرنے کا حق تھا بیشک اللہ تعالیٰ بڑا ہی قوت والا نہایت ہی زبردست ہے۔
ان آیتوں میں سمجھنے کی بات یہ ہے کہ ذہن کو مطمئن کرنے میں بڑی نفسیاتی ترکیب رکھی ہے کہ انسان کی طاقت اتنی بھی نہیں کہ ایک چھوٹی سی مکھی جیسی کمزور چیز کو بنا سکے، اور ان کے رب کریم نے پوری کائنات بنائی، اور سب کو بنایا اور سب انسان مل کر چھوٹی سی بات نہیں کر سکتے، بنانا تو بڑی بات ہے، جن کو یہ پوجتے ہیں، وہ تو مکھی کو اڑا بھی نہیں سکتے۔ قرآن میں انسان کی نفسیات اور متاثر ہونے کی جو کفیات ہیں، اس کے کلام مقدس میں پائی جاتی ہیں، کہ بات دل میں اتر جائے اور انسان نے جو رسم اور جہالت میں اپنے ذہن سے افسانے بنا رکھے ہیں اس کا طلسم پاش پاش ہو جاتا ہے۔ یہ قرآن مجید کا اعجاز ہے۔ قرآن مجید میں قارئین اور سامعین کو مخاطب کرتے ہوئے ان کی حیثیتوں کا لحاظ رکھا گیا ہے، مثلاً سربلندی کے لیے الگ الگ مضمون کی طرف اختیار کرنے والا لفظ، جب نافرمانوں کے لیے استعمال کیا، جیسے فرعون تو علو کا لفظ اختیار کیا جس کا ماضی علا اور مضارع یعلو إِنَّ فِرْعَوْنَ عَلَا فِی الأرضِ، یعنی ’’فرعون نے سربلندی اختیار کی‘‘، اس میں اس کا اشارہ ہے، نافرمانی ظلم اور خود اپنی ذات اور اس کی بلندی کے لیے، اور اچھی بلندی کے لیے اللہ تعالیٰ نے اپنے لیے علا کے اشتقاق کو اختیار کیا اور اپنے لیے عالی کے بجائے علیّ اختیار کیا فرمایا: ’’علیّ کبیر‘‘، اور جیسا کہ آیت الکرسی میں ہے ’’وَہُوَ الْعَلِیُّ الْعَظِیمُ‘‘۔ اسی طرح ہوا کے لیے، جس ہوا سے لوگوں کو فائدہ پہنچے اس کے لیے جمع کا صیغہ استعمال کیا، ریاح، اور مغفرت اور آفت والی ہوا کے لیے واحد کا لفظ ریح استعمال کیا، مختلف موقعوں پر مترادف الفاظ میں سے ایسے لفظ اختیار کیے ہیں، کہ اس کی کیفیت بھی سامنے آجائے، جیسے سورہ مریم کی آخری آیتیں اس میں جو آواز بنتی ہے اس سے پوری کیفیت بھی سامنے آجاتی ہے۔اسی طرح نعمت اور انعام کے الفاظ ہیں، ان کے لفظوں کے استعمال میں نعمت بکسر النون اللہ تعالیٰ نے خود اپنی پسند کے موقع پر استعمال کیا ہے، لیکن وہ نعمت جو دنیا داری اور اللہ تعالیٰ کی نافرمانی کے لیے ہو وہ نون کے فتح کے ساتھ استعمال کیا ہے، جیسے کافروں اور خالص دنیا پسندوں کے لیے فرمایا: (ونعمۃ کانوا فیہا فاکھین) اسی طرح ’’خطا‘‘ کا لفظ ہے، دنیاوی معاملات کے لیے ثلاثی مجرد اور دینی معاملات کے لیے ثلاثی مزید فیہ کے صیغے استعمال کیے گئے ہیں، اس طرح اور بھی بہت سی مثالیں ہیں، یہاں پر چند پر اکتفا کیا گیا ہے۔
اس طرح اس کتاب مقدس میں دل ودماغ دونوں کو سامنے رکھ کر باتیں کی گئی ہیں، جس کے سننے پر آدمی بالکل مبہوت ہو جاتا ہے اور قائل ہو جاتا ہے، جیسا حضرت عمرؓ کے اسلام لانے کے واقعہ سے ظاہر ہوتا ہے اور جیسے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی لبید سے گفتگو کے موقع پر قرآن کی آیات کا اثر ہوا۔ قرآن کا یہ معجزاتی انداز دعوتی کام کرنے والوں کے سامنے بہترین نمونہ سامنے لاتا ہے۔
کلام الٰہی کی عظمت اور انسانوں کے لیے اس کی ضرورت کی طرف خود اللہ رب العزت نے ان الفاظ میں اشارہ فرمایا ہے:
لَوْ أَنْزَلْنَا ہَذَا الْقُرْآنَ عَلَی جَبَلٍ لَّرَأَیْتَہُ خَاشِعًا مُّتَصَدِّعًا مِّنْ خَشْیَۃِ اللہِ وَتِلْکَ الْأمْثَالُ نَضْرِبُہَا لِلنَّاسِ لَعَلَّہُمْ یَتَفَکَّرُونَ۔ (سورہ حشر: ۲۱)
اگر ہم یہ قرآن کسی پہاڑ پر نازل کرتے تو تم اس کو دیکھتے کہ خدا کے خوف سے دبا اور پھٹا جا رہا ہے اور ہم اس کی مثالوں کو لوگوں کے لیے بیان کرتے ہیں؛ تاکہ غور کریں اور سمجھیں۔
پھر قرآن پاک کی جو سب سے پہلی آیت نازل ہوئی، اس آیت سے انسان کی اعلیٰ ترین صلاحیت یعنی علم سے کام لینے کا حوالہ دیا گیا ہے، علم زبان کے ذریعے ہی انسانوں کو حاصل ہوتا ہے اور اس کی بدولت زمین پر موجود تمام مخلوقات میں انسان کو امتیازی شان اور فوقیت حاصل ہے اور علم رب العالمین کا وہ عطیہ ہے جس سے انسان مادی اور معنوی زندگی میں ہمہ جہت ترقی کے لیے استفادہ کرتا آیا ہے اور آئندہ بھی اس کا محتاج رہے گا۔
قرآن مجید جن عظیم خصوصیات اور بے شمار فوائد کی حامل کتاب ہے، ان میں انسان کی ہدایت اور انھیں تاریکی سے روشنی کی طرف لانے کو سرفہرست رکھا گیا ہے۔ چنانچہ ارشاد ہے:
آلر.کِتَابٌ أَنزَلْنَاہُ إِلَیْکَ لِتُخْرِجَ النَّاسَ مِنَ الظُّلُمَاتِ إِلَی النُّورِ بِإِذْنِ رَبِّہِمُ إِلَی صِرَاطِ الْعَزِیزِ الْحَمِیدِ۔ (ابراہیم:۱)
یہ ایک پُرنور کتاب ہے، اس کو ہم نے تم پر اس لیے نازل کیا ہے کہ لوگوں کو اندھیرے سے نکال کر روشنی کی طرف لے جاؤ یعنی ان کے پروردگار کے حکم سے غالب اور قابل تعریف (خدا) کے رستے کی طرف۔
غرض یہ کہ اللہ تعالیٰ نے انسانی مزاج، ضروریاتِ زندگی اور اس کے تمام ترتقاضوں کا لحاظ رکھتے ہوئے انسانوں کو مخاطب کیا ہے، چناںچہ اس نے اس کی ہدایت کے لیے اس زبان کا انتخاب فرمایا جو براہ راست مخاطب لوگوں کی جانی پہچانی زبان تھی حتی کہ ان کے اَن پڑھ کو بھی اس کے سمجھنے کی صلاحیت حاصل تھی، اس زبان کے الفاظ، اسلوب بیان ایسے جو اُن کی انسانی فہم وادراک کے عین مطابق ہیں، ان کا قرآن مجید میں لحاظ ہے، اور وہ انسان کی نفسیات اور عقل وفہم کو اپیل کرتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ قرآن پاک بیک وقت دل وعقل دونوں کے ساز کو چھیڑتا اور متاثر کرتا ہے، اس کی یہ تاثیر معجزاتی تأثیر ہے، کسی بھی انسانی کلام کے اسلوب وبیان میں یہ تاثیر نہیں پائی جاتی اور نہ آج تک تاریخ اس کی نظیر پیش کرسکی ہے۔ اس طرح قرآن پاک ایک سراپا معجزہ ہے، اگرچہ اس سے فائدہ اٹھانا انسانی عقل و فہم سے ماورا نہیں ہے، لوگ اسے پڑھتے اور سمجھتے ہیں۔ ارشاد ربانی ہے:
وَتِلْکَ الْأمْثَالُ نَضْرِبُہَا لِلنَّاسِ وَمَا یَعْقِلُہَا إِلَّا الْعَالِمُونَ۔ (العنکبوت: ۴۳)
اور یہ مثالیں ہم لوگوں کے لیے بیان کرتے ہیں اور اسے تو اہل دانش ہی سمجھتے ہیں۔
چناںچہ انسان کے لیے اللہ تعالیٰ کی قدرت وحکمت کا سمجھنا اس کی علمی صلاحیت کی بنیاد پر جو اس کے پروردگار کی طرف سے بطور خاص اس کو دی گئی ہے، آسان ہو جاتا ہے۔
قرآن پاک میں علم کے بارے میں آیا ہے:
قْرَأْ وَرَبُّکَ الأکْرَمُ الَّذِی عَلَّمَ بِالْقَلَمِ عَلَّمَ الإِنْسَانَ مَا لَمْ یَعْلَمُ۔ (العلق:۳،۵)
پڑھو اور تمہارا پروردگار بڑا کریم ہے، جس نے قلم کے ذریعے سے علم سکھایا، اور انسان کو وہ باتیں سکھائیں جن کا اس کو علم نہ تھا۔
اور پھر فرمایا گیا:
قُلْ ہَلْ یَسْتَوِی الَّذِینَ یَعْلَمُونَ وَالَّذِینَ لَا یَعْلَمُونَ۔ (الزمر:۹)
کہو بھلا جو لوگ علم رکھتے ہیں اور جو نہیں رکھتے دونوں برابر ہو سکتے ہیں۔
پھر کہا گیا:
إِنَّمَا یَخْشَی اللَّہَ مِنْ عِبَادِہِ الْعُلَمَائُ۔ (الفاطر: ۲۸)
خدا سے تو ان کے بندوں میں سے وہی ڈرتے ہیں جو صاحب علم ہیں۔
اللہ تعالیٰ نے ان کو علم ایک ایسی کلید کے طور پر دیا ہے کہ جس کے ذریعے انسان مختلف حالات وکوائف جان سکتا ہے اور مختلف شعبہ حیات میں نئے نئے امکانات تلاش کر سکتا ہے۔
علم کے متعلق قرآن کی توجہ دہانی ہے کہ یہ امت عربی جو امّی تھی، علم کا اہتمام کیا کرے، تاکہ وہ اس کے لیے گنجینۂ حیات ثابت ہو اور زندگی کی فلاح وبہبود اور ان تمام امکانات تک رسائی کا ذریعہ ثابت ہو، جو اُن کے لیے معاون وممد ثابت ہوں۔
اللہ رب العزت نے قلم کی قسم کھائی ہے اور قلم وہ شئے گراں مایہ ہے جو انسان کے لیے علوم وفنون کے نئے نئے دریچے کھولتا ہے، چنانچہ ارشاد ہے:
نٓ وَالْقَلَمِ وَمَا یَسْطُرُونَ (القلم:۱)
ن۔ قلم کی اور جو (اہل قلم) لکھتے ہیں اس کی قسم۔
اللہ تعالیٰ نے اپنے کلام مجید کو اپنے خزانۂ علم وارادہ سے جس کو ’’الکتاب‘‘ کے لفظ سے تعبیر کیا ہے، اسی کا ایک حصہ بنایا ہے، اس کا یہ خزانۂ علم وارادہ وہ علم ہے جو کائنات کے پیدا کرنے اور بنانے والے کے ساتھ مخصوص ہے، قدرت الٰہی وصفات الٰہی کا علم ایسا بحر بیکراں ہے جس کی نہ تو کوئی ابتداء کا اندازہ کر سکتا ہے اور نہ انتہاء کا۔ اللہ رب العزت نے اپنی اسی کتاب علم وعرفاں کا ایک چھوٹا سا حصہ قرآن پاک کی شکل میں دنیائے انسانی کو عطا کیا۔ ارشاد باری ہے:
آلٓم ذَلِکَ الْکِتَابُ لَا رَیْبَ فِیہِ ہُدًی لِلْمُتَّقِینَ۔ (البقرۃ: ۱،۲)
یہ کتاب (قرآن مجید) اس میں کچھ شک نہیں کہ کلام خدا ہے، خدا سے ڈرنے والوں کی رہنما ہے۔
یہی وہ علم ہے جس کا ایک حصہ اللہ کی اس کتاب قرآن مجید میں ہے، یہ حق وباطل کے درمیان تفریق کرنے والا پاکیزہ کلام ہے، اللہ تعالیٰ نے اس کتاب کو اپنے بندوں کے لیے نازل فرمایا؛ تاکہ ان کی دنیوی واخروی سعادت کا ذریعہ بنے۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن پاک میں نصیحت کی ہے کہ انسان کو چاہیے کہ وہ بارگاہِ ایزدی میں دنیا وآخرت کی کامیابی کا طلب گار ہو اور اپنے رب سے ان الفاظ میں دست بدعا ہو:
رَبَّنَا آتِنَا فِی الدُّنْیَا حَسَنَۃً وَفِی الآخِرَۃِ حَسَنَۃً وَقِنَا عَذَابَ النَّار۔ (البقرۃ: ۲۰۱)
پروردگار ہم کو دنیا میں بھی نعمت عطا فرما اور آخرت میں بھی نعمت سے نواز اور دوزخ کے عذاب سے محفوظ رکھ۔
اور پھر کہیے کہ:
رَبَّنَا وَآتِنَا مَا وَعَدَتْنَا عَلَی رُسُلِکَ وَلَا تُخْزِنَا یَوْمَ الْقِیَامَۃِ إِنَّکَ لَا تُخْلِفُ الْمِیعَادِ۔ (آل عمران: ۱۹۴)
اے پروردگار! تو نے جن جن چیزوں کے ہم سے اپنے پیغمبروں کے ذریعے سے وعدے کیے ہیں، وہ ہمیں عطا فرما اور قیامت کے دن ہمیں رسوا نہ کر، کچھ شک نہیں کہ تو خلاف وعدہ نہیں کرتا۔
یہ آیات انسان کے اصل مقاصد زندگی کی طرف اشارہ کرتی ہیں۔
اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:
لَقَدْ أَنزَلْنَا إِلَیْکُمْ آیَاتٍ مُّبَیِّنَاتٍ وَمَثَلَا مِّنَ الَّذِینَ خَلَوُا مِنْ قَبْلِکُمْ وَمَوْعِظَۃٌ لِلْمُتَّقِینَ۔ (النور: ۳۴)
اور ہم نے تمہاری طرف روشن آیتیں نازل کی ہیں اور جو لوگ تم سے پہلے گزر چکے ہیں ان کی خبریں اور پرہیزگاروں کے لیے نصیحت۔
اس کے ذریعہ قرآن میں مذکور تین قسم کے مضامین کا اشارہ ملتا ہے:
اول: قرآن پاک کی وہ آیات جو بالکل واضح ہیں، جن سے ہر کوئی استفادہ کر سکتا ہے، جو پڑھتا اور سمجھتا ہے۔ یہی وہ آیات ہیں جو زندگی کے بالکل سیدھے اور مثالی طریق زندگی کی طرف رہنمائی کرتی ہیں۔ یہ آیات مظاہر کا ئنات اور متنوع علوم وفنون سے پُر ہیں، نیز یہ آیات ایسے کائناتی حقائق پر دلالت کرتی ہیں جو مسلم اور تحقیق شدہ ہیں اور انسان کو صحیح عقیدہ اور دنیوی واخروی راہ نجات کا پتہ دیتی ہیں۔
دوم: قرآن پاک میں ان پچھلی امتوں کے واقعات کا ذکر ملتا ہے جنھوں نے اپنی جانب بھیجے گئے انبیاء ورسل کی نصیحت کو بالائے طاق رکھ دیا اور ان کی ایک نہ سنی، انھوں نے نہ ہی کا ئناتی دلائل وبرہان سے بھی سبق سیکھا، چناںچہ تباہی و بربادی ان کا مقدر بن گئی۔
سوم: قرآن پاک میں نصیحت اور موعظت کے ایسے اسلوب ملتے ہیں، جو پرہیزگاروں کے دلوں کو وا کر دیتا ہے، انھیں اعمال خیر و فلاح پر ابھارتا ہے، قرآن پاک کی یہ آیات اسی جانب اشارہ کرتی ہیں:
وَلَقَدْ ضَرَبْنَا لِلنَّاسِ فِی ہَذَا الْقُرْآنِ مِن کُلِّ مَثَلٍ لَّعَلَّہُمْ یَتَذَکَّرُونَ۔ (الزمر: ۲۷)
اور ہم نے لوگوں کے سمجھانے کے لیے اس قرآن میں ہر طرح کی مثالیں بیان کی ہیں؛ تا کہ وہ نصیحت پکڑیں۔
اسی طرح دوسری آیت:
قُلْ أَنزَلَہُ الَّذِی یَعْلَمُ السِّرَّ فِی السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ إِنَّہُ کَانَ غَفُورًا رَّحِیمًا۔ (الفرقان: ۶)
کہہ دو کہ اس نے اس کو اتارا ہے جو آسمانوں اور زمین کی پوشیدہ باتوں کو جانتا ہے، بے شک وہ بخشنے والا مہربان ہے۔
اللہ رب العزت نے اپنے کلام کے جاہ و جلال کے اور اعجاز اسلوب کا بھی ذکر فرمایا اور اس بات کا بھی ذکر فرمایا کہ قرآن مجید آیات مغیبات پر مشتمل ہے، جس کا انسانی حواس ادراک کرنے سے عاجز و قاصر ہیں۔ چنانچہ ارشاد ہے:
تِلْکَ مِنْ أَنبَائِ الْغَیْبِ نُوحِیہَا إِلَیْکَ مَا کُنتَ تَعْلَمُہَا أَنتَ وَلَا قَوْمُکَ مِن قَبْلِ ہَذَا فَاصْبِرُ إِنَّ الْعَاقِبَۃَ لِلْمُتَّقِینَ۔ (ہود: ۴۹)
یہ (حالات) منجملہ غیب کی خبروں کے ہیں جو ہم تمہاری طرف بھیجتے ہیں اور اس سے پہلے نہ تم ہی ان کو جانتے تھے اور نہ تمہاری قوم (ہی ان سے واقف تھی) تو صبر کرو کہ انجام پرہیزگاروں کا ہی (بھلا) ہے۔
قرآن مجید میں معنوی اور لفظی دونوں لحاظ سے انسانی ہدایت اور رہنمائی کے لیے اعلیٰ انداز کلام اور انسانی نفسیات کی رعایت اختیار کی گئی ہے اور اس کی آیات پر غور وتدبر سے ایسے نکتے سامنے آتے ہیں کہ غور کرنے والے کو حیرانی ہو جاتی ہے اور قرآن مجید کے معجزہ ہونے کا ثبوت ملتا ہے۔ اسی لیے قرآن مجید کو جو بھی کھلے دل سے پڑھتا ہے وہ متاثر ہوئے بغیر نہیں رہتا اور اس پر ایمان لے آتا ہے اور آمنا وصدقنا کہتا ہے، یہ انسان کی زندگی کو راہ راست پر لانے کے سلسلے میں سب سے بڑار ہبر اور تابناک مشعل راہ ہے۔
کلام الٰہی ایمانی زندگی کا رہنمائے کامل اور پوری انسانیت کے لیے نجات دہندہ اور کتاب ہدایت ہے کہ ایک طرف وہ ایمان اور تقویٰ کی زندگی گزار نے والوں کو اعلیٰ زندگی عطا کرتا ہے اور عام انسانوں کو جو ہدایت سے بالکل دور ہیں ہدایت کا راستہ بتاتا ہے؛ اس لیے اس کو ایک طرف ہُدًی لِّلْمُتَّقِینَ کہا گیا اور دوسری طرف ہُدًی لِلنَّاسِ سے تعبیر کیا گیا ہے؛ اس لیے ایمانی زندگی رکھنے والوں کی یہ بڑی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اس کو تمام انسانوں تک پہنچانے کی کی طرف بھی متوجہ ہوں؛ تا کہ دوسرے اس آسمانی فیض سے محروم نہ ہوں اور ٹھوکر کھانے سے بچیں۔
کلام الٰہی ایمانی زندگی کا ر ہ نمائے کامل
مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی

