برصغیر کی علمی تاریخ میں ہندستان کا شمالی شہر عظیم آباد(پٹنہ) کا نام بڑی قدر و منزلت کے ساتھ لیا جاتا ہے۔ یہ شہر ایک طویل عرصے تک علومِ دینیہ، حدیث و تفسیر، فقہ وکلام ، معقولات و منقولات اور تصوف و سلوک کے اربابِ کمال کا مرکز رہا ہے۔ اسی علمی ماحول نے متعدد ایسے رجالِ علم پیدا کیے،جنھوں نے ہندستان کے علمی افق سے نکل کر حرمین شریفین تک اپنی علمی نسبتیں قائم کیں اور اسنادِ حدیث کے اس مقدس سلسلے کو آگے بڑھایا جو امتِ محمدیہ کا ایک امتیازی علمی سرمایہ ہے۔
انھی اہلِ علم میں ایک جلیل القدر شخصیت شیخ محمد سعید حسرت بن واعظ علی بن عمر دراز جعفری طیاری عظیم آبادی کی ہے۔ بڑے بڑے محدثین نے انھیں نہایت جامع القاب سے یاد کیا ہے۔شیخ احمد عطار مکی نے آپ کے لیے : ’’الشیخ المعمر، البرکۃ، عالی الاسناد، امین اللہ علی العباد، المحدث المسند، العارف الصفی، ولی اللہ تعالیٰ‘‘۔جیسے بھاری بھرکم القاب استعمال کیے ہیں۔
شیخ محمد بن سعید بن واعظ علی عظیم آبادی۔سرزمین بہار سے تعلق رکھنے والے عظیم ترین محدث ہیں۔آپ مشائخ حدیث میں بھی بلند وبالامقام رکھتے ہیں اور مشائخ طریقت میں بھی مسلم الثبوت ہیں۔ آپ کا فیض ہندستان سے لے حجاز مقدس تک پھیلا اور عرب وعجم میں آپ کی اسانید کے ساتھ آپ کی روحانی نسبت بھی عام ہوئیں۔
آپ کے حلقۂ تلمذ میں علامہ محسن بن یحییٰ ترہتی ،علامہ عبد الستار بن عبد الوھاب مہاجر مکی، علامہ احمد عطار مکی اور علامہ ظہیر احسن شوق نیموی جیسے محدثین شامل ہیں۔علامہ محسن بن یحییٰ ترہتی مہاجر مدنی کے اساتذہ میں آپ نمایاں مقام رکھتے ہیں۔علم حدیث کی جستجو میں علامہ ترہتی سب سے پہلے علامہ سعید حسرت عظیم آبادی کی خدمت میں پہنچے۔ انھوں نے ہی آپ کو کانپور حضرت مولانا سلامت اللہ صدیقی بدایونی کی خدمت میں بھیجا۔
عظیم آباد ( پٹنہ ) بیگو سرائے کا پڑوسی ضلع اور بہار کا دارالسلطنت ہے۔ اس کی نسبت اور نگ زیب کے پوتے عظیم الشان کی طرف ہے۔ جب شہزادہ عظیم الشان ۱۷۰۳ء میں صوبہ بہار کے گورنر بنے ، تو انھوں نے اس شہر کا نام عظیم آبا درکھا۔ فی الحال یہ شہر پٹنہ کے نام سے مشہور ہے ۔ (تاریخ صو بہ بہار از علی محمد شاد عظیم آبادی)
حضرت شیخ محمد بن سعید حسرت بڑے محدث ہونے کے ساتھ عظیم صاحب نسبت بافیض بزرگ اور طریقت کے امام بھی ہیں۔وہ عظیم آباد کے سب سے زیادہ شہرت رکھنے والے علما میں سے ہیں ۔اس کے علاوہ آپ صاحب دیوان شاعر بھی تھے، حسرت تخلص تھا۔شعر وادب میں ایک زمانے میں آپ کا ڈنکا بجتا تھا۔
آپ کے شاگرد شیخ احمد عطار مکی نے اپنی کتاب “النفح المسکی” میں سات صفحات پر مشتمل ان کا مفصل اور انتہائی والہا نہ تذکرہ کیا ہے۔ افسوس کہ اب تک یہ مبارک کتاب مخطوطہ کی شکل میں ہے۔
اسی طرح شیخ عبد الستار مہاجر مکی نے’’فیض الملک الوہاب المتعالى في ذكر انباء القرن الثالث عشر والتوالی ‘‘میں تذکرہ نمبر ۱۴۱۸ کے تحت تین صفحات میں ان کا تذکرہ کیا ہے۔اسی طرح علامہ عبد الحی حسنی نے نزھۃ الخواطر میں آپ کا مختصر تذکرہ کیا ہے،لیکن تمام تر عظمتوں کے باوجود آپ کا تعارف پردۂ خفا میں ہے، ضرورت ہے کہ ان کی عظمت کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا جائے۔
علامہ محمد سعيد عظیم آبادی کی پوری زندگی علم، اسناد، تدریس، سلوک اور صحبتِ اہلِ علم کا حسین امتزاج تھی۔ ان کی شخصیت میں محدث کی جلالت، مدرس کا وقار، مسند کی امانت، صوفی کی صفا اور ایک صاحبِ نسبت بزرگ کی روحانی کیفیت یکجا نظر آتی ہے۔
ولادت اور ابتدائی علمی زندگی
شیخ محمد سعید کی ولادت عظیم آباد میں ہفتہ کے روز 27 ؍ذی القعدہ 1232ھ کو ہوئی۔ ان کی نشوونما بھی اسی شہر میں ہوئی، جو اس زمانے میں ہندستان کا ایک معروف علمی مرکز تھا۔
انھوں نے ابتدائی تعلیم اپنے والد محترم اور دیگر اہلِ علم سے حاصل کی۔ ابتدائی درسی کتابوں کے ساتھ فارسی طرزِ تحریر اور خوش نویسی بھی اپنے والد ہی سے سیکھی۔ یوں ان کی علمی زندگی کی بنیاد گھر کے اسی علمی ماحول میں رکھی گئی جس میں تعلیم، تہذیب، کتاب اور اہلِ علم کی صحبت ایک دوسرے سے جدا نہ تھے۔
ابتدائی مراحل طے کرنے کے بعد ان کے اندر حصولِ علم کی پیاس مزید بڑھتی گئی، چنانچہ وہ اپنے وطن سے نکل کر کانپور پہنچے، جہاں اس دور کے جلیل القدر عالم شیخ علامہ سلامت اللہ صدیقی بدایونی،کانپوری کی خدمت میں حاضر ہوئے۔یہی مرحلہ ان کی علمی زندگی کا ایک فیصلہ کن موڑ ثابت ہوا۔
شیخ سلامت اللہ کانپوری کی علمی صحبت
شیخ محمد سعید نے شیخ سلامت اللہ کانپوری سے معقولات اور منقولات کی متعدد کتابیں پڑھیں۔ ان کی علمی استعداد اور طلبِ علم سے متاثر ہوکر شیخ سلامت اللہ نے انھیں ایک طویل اجازت نامہ بھی تحریر کرکے دیا تھا،جس کی تعبیر آپ کے شاگرد شیخ احمد عطار مکی نے ’’نحوَ کرّاسۃ‘‘ سے کیا ہے۔جس کا مطلب ہے کہ صرف آپ کا اجازت نامہ اور اسانید کا تذکرہ ایک مکمل کاپی یا رجسٹر کے برابر تھا۔جو افسوس کہ بعد میں ضائع ہوگیا۔ تاہم شیخ محمد سعید حسرت عظیم آبادی کی اپنی بعض تحریرات سے اندازہ ہوتا ہے کہ انھوں نے ان سے درسی نصاب کی بیشتر اہم کتابیں پڑھی تھیں۔
شیخ محمد سعید حسرت خود اپنے علمی سفر کے آغاز کا ذکر کرتے ہوئے لکھتے ہیں:
وكان ابتداء اشتغالي لديه في شرح السيد الزاهد على الرسالة القطبية من حاشية الفاضل غلام يحيى البہاري
یعنی ان کے یہاں باقاعدہ علمی اشتغال کا آغاز شرحِ سید زاہد علی بر رسالۂ قطبی سے ہوا، جس پر مولانا غلام یحییٰ بہاری کی حاشیہ بھی شامل تھی۔
اپنے علمی سلسلۂ اساتذہ کا ذکر کرتے ہوئے وہ فرماتے ہیں:
وكان أستاذي تلميذ مولانا مدن الشاهجهانفوري، وهو تلميذ مولانا باب الله الجونفوري۔(النفح المسکی مخطوطہ)
اس طرح ان کی علمی نسبت ایک ایسے سلسلے سے جا ملتی ہے جس میں ہندستان کے ممتاز اہلِ علم ایک دوسرے سے فیض حاصل کرتے چلے آئے تھے۔ شیخ باب اللہ جونپوری خود مولانا حمد اللہ صدیقی سندیلوی کے شاگرد تھے، جو درسی اور معقولات کی متعدد کتابوں پر اپنے مشہور شروح و حواشی کے سبب علمی حلقوں میں معروف تھے۔
حدیثی سند کا حصول
شیخ محمد سعید کی شخصیت کا سب سے روشن پہلو ان کا علمِ حدیث اور اسنادِ حدیث سے گہرا تعلق ہے۔ انھوں نے حدیث محض کتابوں سے نہیں پڑھی، بلکہ محدثین کے سامنے سماع، قراءت اور اجازت کے ذریعے اس علم کی اس زندہ روایت سے وابستہ ہوئے ،جو استاد سے شاگرد تک تمام انوار وبرکات کے ساتھ منتقل ہوتی ہے۔
حضرت عظیم آبادی نے اپنے شیخ سلامت اللہ کانپوری سے أربعینِ مسلسل بالأشراف کا بیشتر حصہ سماع کیا۔ آپ کی سند کی تفصیل ذکر کرتے ہوئے علامہ احمد عطار مکی لکھتے ہیں :
وسمع المترجم من شيخه الشيخ سلامة الله المذكور الأربعين المسلسلة بالإشراف، في غالبها، برواية لها سماعاً من لفظ الشيخ عبد العزيز الدهلوي، سماعاً على أبيه الشيخ ولي الله الدهلوي، بقراءة الشيخ جار الله المكي اللاهوري، عن أبي طالب السندي، رحمه الله تعالى۔(النفح المسکی مخطوطہ)
یہ سند ہندستانی حدیثی روایت کی ایک نہایت اہم کڑی کی حیثیت رکھتی ہے۔ اس میں علامہ محمد سعید کے شیخ سلامت اللہ کانپوری، ان سے اوپر حضرت شاہ عبدالعزیز دہلوی، پھر ان کے والد شاہ ولی اللہ دہلوی، پھر شیخ جار اللہ مکی لاہوری اور بالآخر شیخ ابو طالب سندی کا ذکر آتا ہے۔
اس سند کی معنویت صرف ناموں کے ایک سلسلے میں نہیں، بلکہ اس زندہ علمی روایت میں ہر شخص اپنے وقت کا امام ہے۔اور ہزاروں علماء کا شیخ ہے ۔
قادری مجددی نسبت
علمِ ظاہر کے ساتھ شیخ محمد سعید حسرت عظیم آبادی نے علمِ باطن اور تزکیۂ نفس کی راہ بھی اختیار کی۔ انھوں نے قادری مجددی سلسلہ کی نسبت شیخ شاہ نذر محمد کانپوری سے حاصل کی۔
حضرت شاہ نذر محمد نے یہ نسبت امام المجاہدین حضرت سید احمد شہید بریلوی سے حاصل کی تھی۔ حضرت سید احمد شہید اپنے عہد کے عظیم مصلح، مجاہد اور صاحبِ نسبت بزرگ تھے۔ان کے ذریعے پورے برصغیر میں ایمان کی باد بہاری چلی اور شہداء کے اس قافلہ کے ذریعے قرون اولی کی یاد تازہ ہو گئی۔
اس طرح شیخ محمد سعید حسرت عظیم آبادی کی شخصیت میں علمِ حدیث اور سلوک و طریقت کی دو عظیم روایتیں جمع ہوگئیں۔ وہ ایک طرف اسنادِ حدیث کے حامل محدث تھے، تو دوسری طرف قادری مجددی سلسلے کے صاحبِ نسبت وصاحب سجادہ بزرگ بھی۔
تدریس و افادہ
جب شیخ محمد سعید نے اپنے اساتذہ سے علمی استفادہ مکمل کیا اور انھیں تدریس و افادہ کی اجازت حاصل ہوگئی تو وہ عظیم آباد واپس آئے اور وہیں درس و تدریس اور افادۂ عام میں مصروف ہوگئے۔
ان کے یہاں علم کے ساتھ عمل، تقویٰ، تہذیب اور تزکیہ بھی لازم تھا۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی مجلس میں کتاب اور سند کے ساتھ صحبت اور تربیت کو بھی اہم مقام حاصل تھا۔ اپنے اساتذہ ومشائخ کی ان کے دل میں بڑی عظمت اور وقعت تھی۔ اپنے مشائخ کے سامنے اپنے کو ہیچ سمجھتے تھے۔
جب علامہ محسن ترہتی حاضر خدمت ہوئے!
ان کی شہرت جب دور دور تک پہنچی تو طلبۂ علم مختلف علاقوں سے ان کی خدمت میں آنے لگے۔ ان کے علمی مقام اور احترام مشائخ کے جذبے کا اندازہ اس واقعے سے بھی ہوتا ہے کہ بعد میں معروف عالم دین عظیم محدث حضرت علامہ شیخ محسن بن یحییٰ بکری ترہتی(وطن خضر چک ،ضلع بیگوسرائے) بھی ان سے استفادہ کے لیے آئے۔ تاہم شیخ محمد سعید نے اپنے استاد شیخ سلامت اللہ کانپوری کی موجودگی میں ادباً انھیں باقاعدہ پڑھانے سے گریز کیا اور اپنے استاد اور شیخ حضرت مولانا سلامت اللہ کانپوری کی طرف رہنمائی کی۔ البتہ تبرکاً انھوں نے شیخ محمد سعید سے معقولات و منقولات کی کچھ کتابیں پڑھیں۔یہ واقعہ ان کے علمی مقام کے ساتھ استاذ اور شیخ کے تئیں اعلیٰ عقیدت اور احترام و ادب کا بھی روشن ثبوت ہے۔
حرمین شریفین کا علمی سفر
شیخ محمد سعید کی علمی زندگی کا ایک اہم باب ان کا سفرِ حرمین ہے۔ 1263ھ میں وہ حج کی غرض سے مکہ مکرمہ پہنچے۔ لیکن ان کا یہ سفر صرف فریضۂ حج کی ادائیگی اور زیارتِ حرمین تک محدود نہ تھا، بلکہ انھوں نے اسے علم حدیث، اسناد، فیوض مشائخ اور صحبتِ اکابر کے حصول کا بھی ذریعہ بنایا۔
مکہ مکرمہ میں ان کی ملاقات عظیم محدث اور صاحبِ نسبت بزرگ سید محمد بن علی سنوسی حسن الخطابی الادریسی المغربی سے ہوئی، جو جبلِ ابی قبیس میں مقیم تھے اور وہاں ان کی ایک خانقاہ اور زاویہ بھی تھی۔
شیخ محمد سعید نے ان سے حدیثِ مسلسل بالاولیہ سماع کی، حدیث کی ابتدائی کتابوں میں سے جزء شیخ محمد سعید سنبل ان کے سامنے پڑھا اور ان سے اجازت حاصل کی۔
یہاں علمی سند کے ساتھ روحانی نسبت کا ایک اور دروازہ بھی کھلا۔ سید سنوسی نے ان سے مصافحہ کیا، معانقہ فرمایا، خرقہ پہنایا، ذکر کی تلقین کی، تسبیح عطا کی اور بہت ساری نایاب کتبِ حدیث بھی اجازت کے ساتھ عنایت فرمائیں۔ان کتابوں کی فہرست کو شیخ احمد عطار مکی نے نام کے ساتھ ذکر کیا ہے جن کی تعداد سینکڑوں میں ہے۔
سید محمد بن علی سنوسی کی جامع اجازت
شیخ محمد سعید کی علمی عظمت کا سب سے اہم دستاویزی ثبوت عظیم محدث اور شیخ طریقت سید محمد بن علی سنوسی کی وہ جامع اجازت ہے جو انھوں نے شیخ محمد سعید کو عطا کی۔
اس کے ابتدائی الفاظ ہی میں ان کے علمی مقام کی گواہی موجود ہے:
فقد طلب مني الإجازة من تمكّن في علا الفضل وحازه الألمعي الإمام واللوذعي الهمام الولي الأديب والفهامة الأديب مولانا الشيخ محمد سعيد بن واعظ علي الهندي العظيم آبادي، بجميع ما لي وعني ما ثبت لدي روايته وتحققت عندي درايته من معقول ومنقول وفروع وأصول، سيما علم التفسير والحديث وآلاتهما المعروفة في القديم والحديث وغيرهما من سائر العلوم الإسلامية۔
شیخ محمد سعید بن واعظ علی ہندی عظیم آبادی، جو فضل و کمال کی بلندیوں پر فائز، ذکاوت و ذہانت میں ممتاز، صاحبِ ولایت، ادیب اور فاضل عالم ہیں، نے مجھ سے ان تمام علوم میں اجازت طلب کی جو میرے پاس روایتاً و درایتاً ثابت ہیں۔ خواہ وہ معقولات ہوں یا منقولات، اصول ہوں یا فروع، بالخصوص علمِ تفسیر و حدیث اور ان کے متعلقہ علوم، نیز دیگر تمام اسلامی علوم۔
پھر سید سنوسی لکھتے ہیں:
فأجبته لما اقترح، وبالامتثال والفرح، بعد أن سمع مني الحديث المسلسل بالأولية، وصافحته وشابكته، وألبسته الخرقة، ولقنته الذكر، وناولته السبحة، وناولته عدة وافرة من كتب الحديث وفهارس شيوخنا وشيوخهم، مناولة مقرونة بالإجازة۔(النفح المسکی مخطوطہ)
یہ الفاظ نہایت عظیم ہیں۔کم ہی ایسا ہوتا ہے کہ کوئی شیخ اپنے شاگرد کو اتنے عالی القاب و آداب سے یاد کرے ۔ اس میں محض اجازتِ روایت کا ذکر نہیں بلکہ سماعِ حدیث، مصافحہ، معانقہ، خرقہ، تلقینِ ذکر، تسبیح اور کتبِ حدیث کی مناولت سب ایک ساتھ مذکور ہیں۔
گویا شیخ محمد سعید نے سید سنوسی سے علوم حدیث کی سند بھی پائی اور روحانی نسبت بھی حاصل کی ۔
اجازت کے اختتام پر سید سنوسی لکھتے ہیں:
قال ذلك بلسانه، ورقمه ببنانه، الفقير إلى ربه، السيد محمد بن علي بن السنوسي الحسن الخطابي الإدريسي، غفر الله ذنبه وستر عيبه بمنه وكرمه، آمين۔(النفح المسکی۔مخطوطہ)
یہ اجازت نامہ شیخ محمد سعید کی زندگی کا ایک نہایت قیمتی علمی سرمایہ ہے، کیوں کہ اس میں ان کی شخصیت کی علمی حیثیت، ان کے حاصل کردہ علوم اور ان سے قائم ہونے والی حدیثی و روحانی نسبت، تینوں کی بیک وقت شہادت موجود ہے۔
مدینہ منورہ میں استفادہ
مکہ مکرمہ کے بعد شیخ محمد سعید مدینہ منورہ حاضر ہوئے۔ وہاں انھوں نے محدث شمس محمد بن احمد العطوشی المغربی الطرابلسی المدنی سے استفادہ کیا۔
انھوں نے امام مالک کی موطأ(روایتِ یحییٰ بن یحییٰ) کتاب الزکاۃ تک ان کے سامنے پڑھی۔ محدث عطوشی نے ان کے لیے اپنے ہاتھ سے ایک نفیس اجازت نامہ تحریر کیا اور اس پر اپنی مہر بھی ثبت فرمائی۔
اسی طرح انھوں نے مدینہ منورہ کے بڑے عالم اور مدرس شیخ عبدالغنی دمیاطی سے بھی اجازت حاصل کی، جو شیخ محمد بن محمد الامیر الکبیر مصری کے تلامذہ میں سے تھے۔
مدینہ منورہ ہی میں انھوں نے دلائل الخیرات مکمل طور پر روضۂ مطہرہ میں سید محمد بن عبدالرحمن المغربی ثم المدنی کے سامنے پڑھا، جو اس کتاب کے معروف شیخ تھے۔اور شیخ الدلائل کے نام سے شہرت رکھتے تھے ۔
یوں سفرِ حرمین نے ان کی علمی شخصیت کو ہندستانی اسانید و روحانی سلاسل کی نہر سے نکال کر حجاز کے وسیع حدیثی سلسلے کے سمندر سے مربوط کردیا۔
شیخ محمد سعید کی اجازتِ عامہ
شیخ محمد سعید خود بھی سند و اجازت کی اس روایت کو آگے منتقل کرنے کے لیے نہایت حساس تھے۔ ان کے اپنے ہاتھ سے لکھا ہوا اجازت نامہ اس بات کی گواہی دیتا ہے کہ وہ علمِ حدیث کو ایک عظیم امانت سمجھتے تھے۔
وہ لکھتے ہیں:
إن علم الحديث أرفع العلوم شأناً وأعظمها إيقاناً وإتقاناً، وعلماؤها ما زالوا مكرمين بين الأنام ممتازين على سائر الفضلاء الكرام۔(النفح المسکی۔مخطوطہ)
یعنی علمِ حدیث تمام علوم میں سب سے بلند مرتبہ اور یقین و اتقان کے اعتبار سے عظیم ترین علوم میں سے ہے، اور اس کے علماہمیشہ لوگوں کے درمیان معزز اور ممتاز رہے ہیں۔
پھر وہ اہلِ حدیث کے مقام کو بیان کرتے ہوئے یہ معروف شعر نقل کرتے ہیں:
أهل الحديث هم أهل النبي وإن
لم يصحبوا نفسه أنفاسه صحبوا
اس کے بعد وہ سند کی ضرورت اور اس کے اہتمام کی طرف متوجہ کرتے ہیں اور اپنے ان مشائخ کا ذکر کرتے ہیں، جن سے انھیں اجازت حاصل ہوئی تھی، جن میں محمد سلامت اللہ کانپوری، شیخ محمد العطوشی، سید محمد سنوسی اور شیخ عبدالغنی دمیاطی خصوصیت سے قابلِ ذکر ہیں۔
پھر وہ صاحبِ اجازت علامہ احمد عطار مکی کو اپنی تمام مرویات، مقروءات، مسموعات اور مجازات کی عام، کامل اور تام اجازت عطا کرتے ہیں۔
یہاں ان کا یہ جملہ نہایت اہم ہے کہ وہ اپنے آپ کو اور صاحبِ اجازت کو تقویٰ اور اللہ تعالیٰ کی پسندیدہ چیزوں پر عمل کی وصیت کرتے ہیں۔
اس سے معلوم ہوتا ہے کہ ان کے نزدیک سند کا مقصد صرف روایت کے سلسلے کو محفوظ رکھنا نہیں تھا، بلکہ علم کو عمل، تقویٰ اور خشیت کے ساتھ آگے منتقل کرنا اس کا اصل مقصد تھا۔
آخری ملاقات: علم سے روحانیت تک
شیخ محمد سعید کی زندگی کے آخری ایام کا ایک واقعہ نہایت اثر انگیز ہے۔النفح المسکی کے مصنف علامہ احمد عطار مکی ان کی خدمت میں آخری مرتبہ ان کی وفات سے چند ماہ قبل حاضر ہوئے۔ شیخ نے ان سے مصافحہ و معانقہ کیا، مبارک تسبیح عطا فرمائی اور اپنی سفید عمامہ، جسے وہ خرقۂ شریفہ کے طور پر عطا کرتے تھے، اپنے دستِ مبارک سے ان کے سر پر باندھی۔
شیخ احمد عطار مکی نے عرض کیا کہ جس طرح آپ نے اپنے شیخ سید سنوسی سے ذکر کی تلقین حاصل کی تھی، اسی طرح مجھے بھی ذکر کی تلقین فرما دیں۔
شیخ نے اپنی علالت طبع کی وجہ سے اس درخواست کو مؤخر کردیا۔ لیکن نمازِ جمعہ کے بعد جب مصنف دوبارہ حاضر ہوئے تو بیماری شدت اختیار کرچکی تھی۔ شیخ نے فرمایا:
’’اگر اللہ تعالیٰ مجھے عافیت دے اور مہلت عطا فرمائے تو تمہیں ذکر کی تلقین کروں گا، لیکن اس وقت میری حالت ایسی نہیں، میں تمہیں اللہ کے سپرد کرتا ہوں۔‘‘
چند روز بعد پھر حاضری ہوئی تو مرض مزید بڑھ چکا تھا۔ شیخ نے معذرت کی اور فرمایا کہ اب وہ تلقین کی قدرت نہیں رکھتے۔
یوں شیخ احمد عطار مکی علامہ محمد سعید سے اس روحانی تلقین کے حصول سے محروم رہ گئے۔ لیکن یہ محرومی بھی تقدیر کے ایک دوسرے دروازے کا پیش خیمہ تھی، کیوں کہ بعد میں انھیں مکہ مکرمہ میں ایسے شخص سے ملاقات نصیب ہوئی جو سید سنوسی کی صحبت میں رہ چکا تھا اور ان سے ذکر کی تلقین حاصل کرچکا تھا۔
وفات
شیخ محمد سعید حسرت عظیم آبادی 4 ؍شعبان 1304ھ کو اس دارِ فانی سے رخصت ہوگئے۔ان کی وفات محض ایک بڑا سانحہ تھی، ان کا وصال درحقیقت ہندستانی حدیثی روایت کی ایک اہم کڑی کا انقطاع تھا۔ ان کے سینے میں ہندستان کے مدارس کی علمی روایت، حرمین کے محدثین کی اسناد، قادری مجددی نسبت اور اکابر کی صحبت کا ایک عظیم سرمایہ جمع تھا۔آپ پٹنہ سیٹی کے محلہ مغلپورہ میں دفن ہیں۔
حافظ سید شاہ نذر الرحمن عرف حفیظ عظیم آبادی آپ کے جانشین ہوئے ۔اولّا محمد سعید حسرت عظیم آبادی نے اپنے چھوٹے بھائی جناب حمید صاحب کے صاحبزادے کو اپنا جانشین قرار دیا تھا مگر وہ رحلت فرما گئے۔نذر الرحمن صاحب انھیں حمید صاحب کے نواسہ تھے۔ سعید صاحب کے شاگردوں کی ایک لمبی فہرست ہے ۔حضرت یحییٰ ابو العلائی قاضی محمد اسماعیل قدیمی (قاضی عبد الودود کے دادا کے دادا)ممتاز شاگردوں میں ہیں۔انھوں نے ایک مدرسہ بھی قائم کیا تھا ۔غالب شکن یاس یگانہ چنگیزی نے اسی مدرسے میں تعلیم حاصل کی تھی ۔
خوابِ نبوی اور خلافت
جیساکہ ذکر کیا گیا کہ شیخ محمد سعید حسرت عظیم آبادی نے اپنے بھانجے کے پوتے سید نذرالرحمن بن منجل حسین رضوی کو خانقاہ میں سجادہ نشین بنایا اور انھیں خلافت سے سرفراز فرمایا تھا۔
ان کی وفات کے بعد سید نذرالرحمن حج کے لیے مکہ مکرمہ آئے۔ انھوں نے شیخ احمد عطار مکی کو بتایا کہ شیخ محمد سعید نے نبی کریم ﷺ کی مدح میں فارسی زبان میں ایک قصیدہ کہا تھا، جس میں ایرانی شاعر کاشانی کے قصیدے پر رد کیا گیا تھا ۔قصیدہ مکمل کرنے کے بعد انھیں خواب میں نبی کریم ﷺ کی زیارت ہوئی۔ آپ ﷺ نہایت خوش اور مسرور تھے اور آپ ﷺ نے ان سے محبت کے ساتھ مصافحہ فرمایا۔صبح ہونے پر انھوں نے یہ خواب اپنے خلیفہ کو سنایا۔ خلیفہ نے عقیدت سے ان کا ہاتھ چوما۔
مصنف نے جب یہ واقعہ مسجد حرام میں سید نذرالرحمن سے سنا تو سلسلۂ نسبت کے احترام اور اس کے تسلسل کی حفاظت کے لیے ان سے بھی مصافحہ کیا۔
علامہ عبد الستار مہاجر مکی اپنے شیخ محمد سعید حسرت عظیم آبادی کے تعلق سے لکھتے ہیں :
شیخ محمد سعید بن واعظ علی بن عمر در از ایک ممتاز بزرگ، با فیض ، بلند سند کے حامل محدث اور اپنے زمانے کے جلیل القدر عالم تھے۔ آپ معروف عالم شیخ فقیر اللہ جعفری کے صاحبزادے تھے۔ نسب کے اعتبار سے والد کی طرف سے طیاری تھے یعنی حضرت جعفر طیار بن ابی طالب رضی اللہ عنہ کی طرف نسبت رکھتے تھے اور والدہ کی طرف سے عباسی تھے یعنی حضرت سیدنا عباس بن عبد المطلب کی طرف نسبت رکھتے تھے۔ آپ کا تعلق عظیم آباد ( پٹنہ ) سے تھا اور فقہی طور پر حنفی تھے۔
آپ کی پیدائش ۲۷ ؍ذی القعدہ ۱۲۳۲ھ بروز ہفتہ عظیم آباد میں ہوئی اور وہیں آپ نے نشو نما پائی۔ ابتدائی تعلیم اپنے والد اور شہر کے دیگر علماسے حاصل کی اور فارسی خوش خطی بھی اپنے والد ہی سے سیکھی۔ اعلیٰ تعلیم کے لیے آپ کانپور تشریف لے گئے، جہاں شیخ سلامت اللہ صدیقی بدایونی کانپوری سے معقولات اور بعض منقولات کی کتابیں پڑھیں۔ انھوں نے آپ کو باقاعدہ اور مفصل اجازت بھی عطا کی ۔ اس طرح آپ کا علمی سلسلہ بڑے اکابر علماء تک جا پہنچتا ہے۔
1263 ھ میں آپ نے حج وعمرہ کی نیت سے مقامات مقدسہ حرمین شریفین کا سفر کیا۔مکہ مکرمہ میں آپ کو تمام تر ان احادیث کی اجازت شیخ محمد بن علی سنوسی قیسی خطابی حسنی ادریسی نزیل مکہ مکرمہ سے حاصل ہوئیں جو مسلسل بالاولیۃ ہیں۔
ان سے آپ نے اوائل سنبل پڑھی اور اجازت حاصل کی۔نیز انھوں نے شیخ عبد الرحمن محض اور شیخ عبد الرحمن کزبری کے واسطے سے شیخ سعید واعظ کو تمام معقولات و منقولات کی اجازت عطا کی۔
آپ نے حدیث کی اہم روایات بھی مستند اساتذہ سے حاصل کیں، خصوصاً “اربعین مسلسل بالأشراف جیسی احادیث شیخ عبدالعزیز دہلوی کے واسطے سے روایت کیں، جن کا سلسلہ شاہ ولی اللہ دہلوی تک پہنچتا ہے۔
سن ۱۲۶۳ھ میں آپ حج کے لیے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ تشریف لے گئے ۔ مکہ میں سید محمد بن علی سنوی سے حدیث کی ابتدائی کتابیں پڑھیں، ان سے بھی آپ کو حدیث کی اجازت حاصل ہے ، حدیث کی اجازت کے ساتھ انھوں نے آپ کو روحانی فیوض سے بھی بھرپور انداز میں مستفید کیا ، انھیں ذکر کی تلقین کی اور تحفہ کے طور پر متعدد کتابیں بھی عطا کیں ۔ اس طرح شیخ یعقوب دہلوی مکی سے بھی آپ کو اجازت حدیث بھی حاصل ہے اور شیخ یعقوب مکی نے طریقت کے متعدد سلاسل میں آپ کو اجازت سے بھی نوازا۔
مدینہ منورہ میں آپ نے مؤطا امام مالک بروایت یحییٰ بن یحییٰ شیخ محمد بن احمد عطوشی سے پڑھی اور شیخ سے آپ نے اس مبارک ومسعود کتاب کی اجازت حاصل کی ، نیز دیگر جلیل القدر علما جیسے شیخ عبدالغنی دمیاطی سے بھی آپ نے استفادہ کیا۔ روضہ نبوی کے قریب تر آپ نے دلائل الخیرات سید محمد بن عبد الرحمن مغربی فلانی مکمل پڑھی اور اس کی بھی سند حاصل کی۔
بعد ازاں آپ نے مختلف بزرگوں سے ملاقاتیں کیں، ان سے اذکار و وظائف سیکھے اور علمی وروحانی اجاز تیں حاصل کیں، جس سے آپ کی علمی اور روحانی شان مزید بلند ہوئی۔
ان بزرگوں میں ایک نمایاں نام شیخ علامہ مسند عبد الرحمن مظہر نابلسی مدنی قاضی بصرہ و کربلا کا ہے۔ان سے آپ کی ایک ملاقات عظیم آباد میں بھی ہوئی۔انھوں نے آپ کو ذکر اللہ کی تلقین کی، روحانی سلاسل میں آپ کو اجازت دی اور کتب احادیث کی بھی اجازت عطا کی۔
آپ نے پوری زندگی علم کی خدمت ، تدریس اور فیض رسانی میں گزاری۔ بے شمار طلبہ نے آپ سے استفادہ کیا۔ آپ کی تصانیف میں آپ کا شعری دیوان ’’قسطاس البلاغۃ ‘‘ خاص طور پر معروف ہے، اس کے علاوہ بھی کئی علمی کام آپ کی یادگار ہیں ۔ آپ کا انتقال ۴ ؍شعبان ۱۳۰۴ھ کو ہوا۔ (اردو خلاصہ از عربی۔فيض الملك الوهاب المتعالي ملخصا۱۶۸۶ )
ایک علمی و روحانی شخصیت کا جامع نقش
شیخ محمد سعید عظیم آبادی کی زندگی کو سامنے رکھا جائے تو ان کی شخصیت کے کئی پہلو ایک دوسرے میں پیوست دکھائی دیتے ہیں۔وہ عظیم آباد کے فرزند تھے، مگر ان کا علمی سفر انھیں کانپور، دہلی، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ تک لے گیا۔وہ حنفی فقیہ تھے، مگر ان کا علمی افق صرف فقہ تک محدود نہ تھا۔بلکہ فقیہ ہونے کے ساتھ وہ محدث و مسند تھے، حدیث ان کے نزدیک محض روایت نہ تھی بلکہ ایک امانت تھی۔وہ صاحبِ طریقت تھے، لیکن اعلی درجہ کے متبع سنت تھے۔طریقت ان کے ہاں شریعت و علم سے الگ کوئی مستقل راستہ نہ تھی۔
ان کی اسنادی زندگی کا ایک سرا ہندستان کے جلیل القدر محدثین سے ملتا ہے اور دوسرا حجاز کے عظیم محدثین سے۔ شیخ سلامت اللہ کانپوری سے حاصل کردہ اربعینِ مسلسل بالاشراف کی سند میں شاہ ولی اللہ دہلوی جیسے امامِ حدیث کی نسبت آتی ہے، جبکہ سید محمد بن علی سنوسی کی اجازت انھیں مکہ مکرمہ کی علمی و روحانی روایت سے جوڑتی ہے۔
یہ دونوں نسبتیں مل کر شیخ محمد سعید کی شخصیت کا وہ علمی نقشہ سامنے لاتی ہیں جس میں ہند کی علمی روایت اور حجاز کی حدیثی روایت باہم پیوست نظر آتی ہیں۔
اسی طرح ہندستان میں انھوں نے قادری مجددی سلسلہ کی نسبت شیخ شاہ نذر محمد کانپوری سے حاصل کی اور حرم شریف میں طریقت کی اجازت وخلافت شیخ سنوسی سے حاصل کی۔ اس طرح آپ مجمع البحرین بن گئے۔
شیخ محمد سعید عظیم آبادی کی حیات دراصل ایک ایسے دور کی علمی داستان ہے جب علم ابھی محض مطبوعہ کتابوں کا نام نہیں تھا۔ سند زندہ تھی، استاد زندہ تھا، سماع زندہ تھا، اجازت زندہ تھی اور علم کے ساتھ صحبت و تربیت کا ایک مکمل نظام زندہ تھا۔
انھوں نے علم کو اپنے اساتذہ سے حاصل کیا، اسناد کو سینے میں محفوظ کیا، حرمین کے اکابر سے نسبت قائم کی، طریقت کی راہ میں مشائخ سے فیض پایا، پھر اسی علمی و روحانی امانت کو اپنے تلامذہ تک منتقل کیا۔
شیخ محمد سعید عظیم آبادی اسی مقدس زنجیر کی ایک معتبر اور روشن کڑی تھے۔ آپ عظیم آباد کے افق پر طلوع ہونے والے وہ ستارہ تھے، جن کی تابانی عجم سے عرب تک پہنچی۔آپ کی شخصیت میں علم کی جلالت، حدیث کی امانت، سند کی پاس داری، طریقت کی نسبت اور عمل و تقویٰ کی روح یکجا ہوگئی تھی۔
اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند فرمائے۔ان کے علمی و روحانی فیوض کو باقی رکھے اور ان کے ذریعے ہم تک پہنچنے والی اس علمی امانت کو آئندہ نسلوں کے لیے بھی نافع اور بابرکت بنائے۔ آمین۔
عظیم محدث علامہ شیخ محمد سعید حسرت عظیم آبادی
مفتی محمد خالد حسین نیموی قاسمی

