محترم و مکرم شاہ اجمل فاروق ندوی صاحب
( مدیر سہ ماہی کتاب و سنت ،نئی دہلی )
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
مزاج گرامی!
سہ ماہی مجلے’’کتاب و سنت ‘‘ کے اجرا پر مبارک باد قبول فرمائیں۔ اسلام کے دونوں مصادر کی طرف اشارہ کرنے والایہ مجلہ ان شاء اللہ مقبول خاص و عام ہو گا اور اردو دنیا اس سے مستفید ہو گی۔ ارسال کردہ پہلے شمارے کی سافٹ کاپی ملی۔ اس کا پرنٹ لے کر پڑھا۔ اندازہ ہوا کہ مضامین کے انتخاب میں کافی توجہ برتی گئی ہے۔ امید ہے کہ یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔
کے۔ اے۔ نظامی مرکز علوم القرآن کے اساتذہ اور طلبہ کے لیے بھی یہ رسالہ مفید ہے۔ اگر ہارڈ کاپی موجود ہو تو مرکز کی سیمینار لائبریری کو اس کی ایک کاپی ضرور بھجوائیں اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھیں۔
موضوع سے متعلق کتابوں کی تصاویر اردو کے اسلامی رسالوں میں ایک جدت ہے، جس کی ان شاء اللہ پذیرائی ہو گی۔ آپ نے میرا ایک مضمون بھی شامل اشاعت کیا ہے ۔ اس کے لیے بھی شکریہ!
والسلام
(پروفیسر) عبدالرحیم قدوائی
(اعزازی ڈائرکٹر کے۔ اے۔ نظامی مرکز علوم القرآن، مسلم یونی ورسٹی، علی گڑھ )
محترم جناب شاہ اجمل فاروق ندوی کی ادارت میں ایک نئے آن لائن مجلے کا آغاز ہوا ہے، جس کے مضامین اس کے عنوان سے ہی واضح ہیں۔ یہ سہ ماہی مجلہ ہے۔ اس کا پہلا شمارہ ہمارے سامنے ہے، جس میں خاص طور پر مولانا مناظر احسن گیلانی اور ڈاکٹر یاسین مظہر صدیقی رحمہما اللہ کے مضامین بھی شامل ہیں۔
ہمارے لیے دل چسپی کی بات یہ بھی ہے کہ ہمارے ہاں سے دو جلدوں میں شائع ہونے والی جامع اردو کتابیات سیرت پر ایک بھرپور تعارفی مضمون بھی مخدوم من جناب مولانا عبدالمتین منیری کے قلم سے اس اشاعت کا حصہ ہے۔
اس وقت جب کہ علمی مجلات کا ایک کال سا پیدا ہو گیا ہے۔ اس مجلے کا خصوصی خیر مقدم ہونا چاہیے۔ خصوصا طباعتی دشواریوں اور مہنگائی کے عالم کے ساتھ ساتھ پاک و ہند سے شائع ہونے والے لٹریچر کے باہمی تبادلے پہ ہزار ہا قدغنوں کی کیفیت میں اس مجلے کا آن لائن اجرا زیادہ مفید ثابت ہوگا۔
اس مجلے کی آن لائن طباعت میں علمی استناد کے ساتھ ساتھ خوش مذاقی بھی نظر آتی ہے۔ ہماری جانب سے مدیر مکرم کے ساتھ ساتھ ان کے تمام معاونین کو مبارک باد!اللہ اسے ہماری علمی دنیا کے لیے ہر اعتبار سے مبارک کرے اور سلامت رکھے۔ آمین!
(ڈاکٹر)سید عزیز الرحمن (نگراں ریجنل دعوہ سینٹرانٹر نیشنل اسلامک یونی ورسٹی ،اسلام آباد)
آپ نے نہایت قیمتی مضامین پر مشتمل تحقیقی رسالہ شائع کیا اور مجھے ارسال فرمایا۔اس رسالے کے سارے مضامین معیاری تحقیق کا نمونہ ہیں اور مضامین میں بڑا تنوع ہے۔ پروفیسر یاسین مظہر صدیقی کا مقالہ بہت اہم تحقیقات پر مشتمل ہے اور الاجازات الھندیہ بھی اپنی نوع کا ایک منفرد مضمون ہے۔ دیگر مضامین بھی بہت اچھے ہیں۔ میں نے پورا رسالہ ایک ہی نشست میں پڑھ لیا۔اللہ اس آغاز کو ترقی عطا فرمائے۔
ڈاکٹر مفتی محمد مشتاق تجاروی(اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ اسلامک اسٹڈیز، جامعہ ملیہ اسلامیہ)
نئے مجلے کی اشاعت سے دلی مسرت ہوئی ۔ہمارے لیے مزید خوشی کی بات ہے کہ آپ نے اس میں میری کتاب پر مختصر تبصرہ شامل اشاعت کیا۔ اس کے لیے نہایت ممنون ہوں۔ میں نے ایک نظر مشمولات پرڈالی۔ زیادہ تفصیل سے دیکھنے کے بعد اپنی رائے لکھوں گا۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ آپ لوگوں کی اس کاوش کوقبول فرمائے۔ ان شا اللہ مجلے کے ساتھ ہمارا تعاون رہے گا۔
ڈاکٹر وارث مظہری(اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ اسلامک اسٹڈیز، جامعہ ہم درد)
مختصر مگر جامع تبصرے کے لیے بہت بہت شکریہ !ابھی صرف آپ کی گراں قدر تحریر دیکھی ہے ۔مکمل شمارے کو ان شاء اللہ بعد میں پڑھوں گا ۔ویسے بھی فہرست پر طائرانہ نگاہ ڈالنے سے ہی اس کی اہمیت اور اس کے اسلوب و مذاق کا اندازہ کرنا مشکل نہیں۔ ممکن ہوا تو رائے لکھوں گالیکن سچی بات تو یہ ہےکہ میں کیا اور میرے تاثرات کیا؟اس پہلے شمارے میں آپ نے مجھ جیسے تہی مایہ کی کتاب کو ۲۰۲۴ء کی چند اہم اردوتصنیفات میں شمار کیا اور اپنی نوعیت کے پہلے سہ ماہی رسالے میں اس کو جگہ دے کراس کی عمدہ تاریخ کا حصہ بنایا۔ اس کے لیے دوبارہ شکریہ!
مولانا کلیم صفات اصلاحی(رفیق علمی دارالمصنفین، اعظم گڑھ)

